• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

کورونا سے متاثر ہونے کے بعد ملائیکا اروڑا پر کیا گزری؟

شائع June 1, 2021
5 ستمبر کو ملائیکا اروڑا کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا—فوٹو: انسٹاگرام
5 ستمبر کو ملائیکا اروڑا کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا—فوٹو: انسٹاگرام

عالمی وبا کی وجہ بننے والے کورونا وائرس نے جہاں دنیا بھر کے کروڑوں افراد کو متاثر کیا اور لاکھوں اموات کی وجہ بنا وہیں یہ وائرس، اس سے متاثر ہونے والے لوگوں کے لیے ایک تلخ تجربہ بھی بنا۔

کچھ ایسی ہی صورتحال بھارتی اداکارہ و ماڈل ملائیکا اروڑا کے ساتھ بھی پیش آئی جو گزشتہ برس ستمبر میں کورونا وائرس سے متاثر ہوئی تھیں۔

اداکارہ نے فیس بک کی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک طویل پوسٹ میں 3 ہفتوں تک کورونا کا مقابلہ کرنے اور اس سے نمٹنے کی روداد سنائی۔

ملائیکا اروڑا نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ میں اکثر سنتی ہوں کہ 'آپ بہت خوش قسمت ہیں، یہ بہت آسان ہوگا'، ہاں میں اپنی زندگی میں بہت سی چیزوں پر مشکور ہوں لیکن قسمت میں اس نے بہت کم کردار ادا کیا ہے، یہ آسان نہیں تھا۔

مزید پڑھیں: ملائیکا اروڑا کورونا وائرس سے صحتیاب

انہوں نے لکھا کہ '5 ستمبر کو میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور یہ حقیقتاً ایک برا تجربہ تھا، کوئی بھی جو یہ کہتا ہے کہ کورونا سے صحتیابی آسان ہے، تو اس کی قوت مدافعت بہت زیادہ ہے یا وہ کورونا وائرس کی مشکلات سے لاعلم ہے۔

ملائیکا اروڑا نے مزید لکھا کہ میں اس سے گزری ہوں اور اس کے لیے 'آسان' لفظ کا انتخاب نہیں کروں گی۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ کورونا وائرس نے انہیں جسمانی طور پر شدید متاثر کیا تھا، ان کے لیے بستر سے اترنا ور پھر کھڑکی تک جانا بھی اپنے طور پر ایک سفر تھا۔

کورونا کے اثرات بتاتے ہوئے ملائیکا نے مزید بتایا کہ آئسولیشن کے دوران ان کا وزن بڑھ گیا، انہیں کمزوری محسوس ہوئی، ان کا اسٹیمنا کم ہوگیا اور وہ اس دوران گھر والوں اور عزیزوں سے بھی دور رہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آنے کے باوجود ان کے جسم پر اس کے مرتب ہونے والے اثرات کچھ عرصہ رہے۔

ملائیکا اروڑا نے لکھا کہ 'آخر کار 26 ستمبر کو میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تھا اور میں بہت خوش تھی لیکن کمزوری برقرار تھی'۔

یہ بھی پڑھیں: ارجن کپور کے بعد ملائیکا اروڑا بھی کورونا کا شکار

انہوں نے لکھا کہ مجھے مایوسی ہوئی کہ جس طرح میرا ذہن محسوس کررہا تھا میرا جسم اسے سپورٹ نہیں کررہا تھا، میں خوفزدہ تھی کہ شاید میں اپنی طاقت کبھی واپس حاصل نہیں کرسکوں گی، میں حیران تھی کہ میں 24 گھنٹے میں ایک کام مکمل بھی کرپاؤں گی یا نہیں۔

—فائل فوٹو: ہر زندگی ڈاٹ کام
—فائل فوٹو: ہر زندگی ڈاٹ کام

ملائیکا اروڑا نے بتایا کہ ان کا پہلا ورک آؤٹ بہت برا تھا، وہ کچھ نہیں کرپارہی تھیں، دوسرے دن انہوں نے کمر کس لی اور خود کو باور کروایا کہ وہ کرسکتی ہیں اور دن میں ایک بار ورک آؤٹ کرنا شروع کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'کورونا کا ٹیسٹ منفی آئے 32 ہفتے ہوگئے ہیں اور میں نے خود کو پہلے جیسا محسوس کرنا شروع کیا ہے، میں اب ویسے ہی ورک آؤٹ کرسکتی ہوں جیسے وائرس سے متاثر ہونے سے پہلے کرتی تھی، میں بہتر طریقے سے سانس لے سکتی ہوں اور خود کو جسمانی اور ذہنی طور پر مضبوط محسوس کرتی ہوں'۔

بھارتی اداکارہ نے اس ریکوری کا کریڈٹ اُمید کو قرار دیا اور کہا کہ اچھا ہونے کی اُمید کی جائے بھلے آپ کو محسوس ہورہا ہو کہ کچھ ٹھیک نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: ملائیکا اروڑا کا خود سے 11 سال چھوٹے ارجن کپور سے تعلق کا اعلان

ملائیکا اروڑا نے آئسولیشن کے دوران پیغامات ارسال کرنے والوں، متاثرکن مواد بھیجنے اور ان کی صحتیابی کے لیے دعا کرنے والے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا کہ ان کی وجہ سے ایسا ممکن ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں دعا کرتی ہوں کہ دنیا بھی اس سے صحتیاب ہوجائے اور ہم سب اس وبا سے نکل آئیں۔

خیال رہے کہ بولی وڈ کے کئی اداکار کورونا کا شکار ہوئے جن میں رنبیر کپور، نیتو کپور، ورون دھون، راکول پریت سنگھ، امیتابھ بچن، ایشوریا رائے، ابھیشیک بچن، ارجن کپور، عامر خان، پریش راول، کارتک آیان، اکشے کمار اور دیگر شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024