• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

30 جون تک ویکسین کی ایک کروڑ خوراکیں خریدنے کیلئے 13 کروڑ ڈالر مختص

ویکسین کا انتظام کرنے کی ذمہ داری وزارت قومی صحت اور صحت کے صوبائی محکموں کی ہوگی — فائل فوٹو: اے ایف پی
ویکسین کا انتظام کرنے کی ذمہ داری وزارت قومی صحت اور صحت کے صوبائی محکموں کی ہوگی — فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جمعرات سے 18 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن شروع کرنے کے فیصلے کے بعد حکومت نے 30 جون سے قبل ویکسین کی ایک کروڑ خوراکیں خریدنے کے لیے 13 کروڑ ڈالر (تقریباً 20 ارب روپے) کی منظوری دے دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 7 کروڑ 20 لاکھ شہریوں کو ویکسین لگانے کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالر درکار ہیں۔

اس حوالے سے جاری بیان کے مطابق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کو خصوصی طور پر نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ فنڈ کے لیے 20 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ فراہم کرنے کا کہا گیا تھا تاکہ کورونا سے بچاؤ کی ویکسینز بروقت خریدی جاسکیں۔

یہ بھی پڑھیں: زیادہ ویکسینیشن کی صورت میں عید الفطر کی طرح بندشیں نہیں لگانی پڑیں گی، اسد عمر

مذکورہ فنڈز کو جون کے مہینے میں کووڈ ویکسین کی ایک کروڑ خوراکیں خریدنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

یہ فیصلہ ای سی سی کے جلدی میں بلائے گئے ایک نکاتی اجلاس میں کیا گیا جس کی سربراہی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کی اور 14 دیگر اراکین میں سے صرف 3 نے شرکت کی۔

اجلاس میں نئے مالی سال کے دوران اضافی فنڈز کی ضرورت کا جائزہ لینے اور ضرورت پڑنے پر بجٹ میں مزید رقوم مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ویکسین کا انتظام کرنے کی ذمہ داری وزارت قومی صحت اور صحت کے صوبائی محکموں کی ہوگی۔

مزید پڑھیں: تدریسی عملے کیلئے کووڈ ویکسین لازمی قرار

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان اس وقت کووڈ 19 کی تیسری لہر کا سامنا کر رہا ہے جو گزشتہ لہروں سے زیادہ چیلنجنگ تھی جبکہ ہمسایہ ممالک بالخصوص بھارت میں صورتحال خطرناک ہے اور یومیہ شرح اموات ساڑھے 3 ہزار سے بڑھ گئی ہیں۔

ساتھ ہی ویکیسن کے آجانے کے بعد سے زیادہ تر حکومتیں وبا کے خلاف اپنی حکمت عملی میں عوام کی ویکسی نیشن پر توجہ دے رہی ہیں۔

ابتدائی طور پر وزارت صحت کو ویکسین کی خریداری کی ذمہ داری دی گئی تھی جس کے لیے اس نے 15 کروڑ ڈالر مختص کیے تھے۔

وزیر اعظم کی سربراہی میں قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) برائے کووِڈ 19 نے 23 اپریل 2021 کو ویکسین کی خریداری کی ذمہ داری نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو دی تھی اور اسے دسمبر 2021 تک 7 کروڑ آبادی کے لیے ویکیسن کا انتظام کرنے کا ہدف دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ناک کے ذریعے ایک خوراک والی کورونا ویکسین کے ٹرائل کیلئے پروٹوکول پر کام شروع

ای سی سی کو بتایا گیا کہ این ڈی ایم اے نے بین الاقوامی مارکیٹ اور حکومتوں سے ویکسین کی خریداری کے لیے ایک سیل قائم کیا ہے۔

اتھارٹی ویکسین خریدے گی اور اسے سنبھالنے، محفوظ کرنے، منتقل کرنے کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں پہنچانے کے لیے ایئرپورٹ یا بندرگاہوں پر ہی وزارت صحت کے حوالے کردے گی۔

اجلاس میں این ڈی ایم اے کو ہدایت کی گئی کہ اقتصادی امور ڈویژن کے ذریعے بیرونی مالی وسائل سے ویکسین کی خریداری کے امکان کو دیکھا جائے۔

دوسری جانب وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ 'این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 3 جون سے 18 سال سے زائد عمر کے رجسٹرڈ افراد کی ویکسی نشین کی شیڈولنگ شروع کردی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے تمام اہل افراد کی ویکسی نیشن کا آغاز ہوجائے گا، ساتھ ہی اپیل بھی کی کہ جتنی جلد ممکن ہو خود کو رجسٹر کروائیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024