• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

تمباکو نوشی کا وہ نقصان جس کا علم بیشتر افراد کو نہیں

شائع May 31, 2021
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

بیشتر افراد جانتے ہیں کہ تمباکو نوشی سے پھیپھڑوں کے کینسر، دل کی شریانوں کے امراض اور نظام تنفس کے امراض کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔

مگر تمباکو نوشی کے منفی اثرات کا نتیجہ صرف پھیپھڑوں تک محدود نہیں بلکہ پورے جسم اس سے متاثر ہوسکتا ہے۔

دیا بھر میں ہر سال 31 مئی کو تمباکو نوشی کی روک تھام کا عالمی دن منایا جاتا ہے تاکہ ہر سال اس عادت کے نتیجے میں ہونے والی لاکھوں اموات کی روک تھام کی جاسکے۔

2018 کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ تمباکو میں 7 ہزار سے زیادہ کیمیکلز ہوتے ہیں، جن میں سے کم از کم 69 کینسر کا باعث بن سکتے ہیں۔

جب ان کیمیکلز میں سانس لیا جاتا ہے تو یہ پھیپھڑوں سے دوران خون تک پہنچ جاتے ہیں اور وہاں سے جسم کے دیگر حصوں تک پھیل کر صحت کو متاثر کرتے ہیں۔

تمباکو نوشی کے متعدد نقصانات تو آپ واقف ہی ہوں گے مگر اس کا ایک اثر ایسا ہے جس کا علم بہت کم افراد کو ہے اور وہ ہے بالوں سے محرومی۔

جی ہاں واقعی یہ تو مکمل واضح نہیں کہ تمباکو نوشی کا بالوں سے محرومی سے کیا تعلق ہے، مگر اس حوالے سے متعدد عناصر ہوسکتے ہیں۔

تمباکو نوشی بالوں سے محرومی کا باعث کیسے بنتی ہے؟

تمباکو نوشی سے ممکنہ طور پر بالوں کی جڑوں کو نقصان پہنچتا ہے جس سے گنج پن کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

2020 کی ایک تحقیق میں 20 سے 35 سال کی عمر کے مردوں کو شامل کیا گیا تھا جن میں سے کچھ تمباکو نوشی کے عادی تھے کچھ اس سے گریز کرتے تھے۔

ان دونوں گروپس میں بالوں سے محرومی کے مسئلے کا موازنہ کیا گیا تھا۔

محققین نے دریافت کیا کہ 500 میں سے 425 تمباکو نوش افراد کو کسی حد تک بالوں سے محرومی کا سامنا ہوچکا تھا جبکہ اس لت سے دور 500 میں سے صرف 200 میں اس طرح کے مسائل سامنے آئے۔

محققین نے بتایا کہ تمباکو میں موجود نکوٹین اور اس سے متعلق کیمیکلز ممکنہ طور پر بالوں سے محرومی کی شرح تیز کردیتے ہیں، تاہم اس حوالے سے تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اس عادت سے بالوں سے محروم کرنے کے کچھ دیگر عناصر درج ذیل ہیں۔

تکسیدی تناؤ

تمباکو نوشی سے جسم میں نقصان دہ مالیکیولز بننے کا عمل تیز ہوجاتا ہے اور اس سے خلیات کے ڈی این اے کو نقصان پہنچتا ہے۔

تکسیدی تناؤ اس وقت ہوتا ہے جب جسم میں ان نقصان دہ مالیکیولز کی مقدار بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے۔

تکسیدی تناؤ کی اہم وجوہات میں تمباکو نوشی، آلودگی، ریڈی ایشن اور الٹرا وائلٹ شعاعیں قابل ذکر ہیں۔

بالوں کی جڑوں تک دوران خون میں کمی

تمباکو میں موجود کیمیکلز صحت کو متاثر کرتے ہیں اور شریاوں میں مادہ جمع ہونے لگتا ہے جس سے بلڈ کلاٹس، ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ بڑھتا ہے۔

خون کی شریانوں کے متاثر ہونے سے بالوں کی جڑوں تک خون کی فراہمی بھی متاثر ہوتی ہے جس سے بھی بالوں سے محرومی یا نقصان کا خطرہ پہنچتا ہے۔

دیگر وجوہات

تمباکو نوشی سے جسم میں متعدد تبدیلیاں آتی ہیں جیسے ورم کی سطح بڑھانے والے پروٹینز کی سگطح بڑھتی ہے، ،بالوں کی جڑوں کو ان پروٹینز کی مقدار بڑھنے سے نقصان پہنچتا ہے۔

بالوں کی نشوونما کو کنٹرول کرنے والے انزائمے کی سطح میں تبدیلیاں آتی ہیں۔

تمباکو نوشی سے بالوں پر مرتب ہونے والے دیگر اثرات

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ تمباکو نوشی کی عادت اور 30 سال کی عمر سے قبل بالوں میں سفیدی کے درمیان تعلق موجود ہے۔

بالوں کی جڑوں کو خون کی فراہمی میں کمی ایک ہارمون کولیگن بننے کا عمل متاثر ہوتا ہے اور بال بھربھرے ہوجاتے ہیں۔

تمباکو نوشی سے ہونے والے تکسیدی تناؤ سے بالوں کی عمر کی رفتار بڑھ جاتی ہے اور نوجوانی میں بال اس طرح خشک ہوجاتے ہیں جیسے درمیانی عمر یا بڑھاپے میں ہوتے ہیں۔

کیا بالوں کے اس نقصان کی تلافی ممکن ہے

اگر کوئی فرد تمباکو نوشی کی عادت سے چھٹکارا پالے تو ایسا ممکن ہے کہ جسم کو ہونے والے نقصانات میں سے کچھ کا اثر ریورس کردیا جائے۔

تاہم یہ واضح ہیں کہ تمباکو نوشی سے بالوں کو ہونے والے نقصان کو ریورس کیا جاسکتا ہے یا نہیں، تاہم اگر بال بہت زیادہ گر چکے ہوں تو زیادہ امکان یہی ہے کہ دوبارہ ان کی نشوونما نہیں ہوسکے گی۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024