• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

احمد شاہ کے ساتھ پرانی ویڈیو شیئر کرنے پر اعجاز اسلم کو تنقید کا سامنا

شائع May 31, 2021
اداکار نے پرانی ویڈیو کو دوبارہ شیئر کیا تھا—اسکرین شاٹ
اداکار نے پرانی ویڈیو کو دوبارہ شیئر کیا تھا—اسکرین شاٹ

سینئر اداکار اعجاز اسلم کو سوشل میڈیا پر 'پیچھے تو دیکھو' جیسے ڈائیلاگ سے شہرت حاصل کرنے والے کم عمر بچے احمد شاہ کے ساتھ پرانی ویڈیو شیئر کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔

اعجاز اسلم نے چند دن قبل انسٹاگرام پر نجی ٹی وی اے آر وائی کے رمضان المبارک میں نشر ہونے والے ’جیتو پاکستان لیگ‘ (جے پی ایل) پروگرام کی ایک کلپ شیئر کی تھی، جس پر ان کو تنقید کا سامنا ہے۔

اعجاز اسلم نے پروگرام کے دوران بنائی گئی مختصر ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں انہیں موبائل سے سیلفی کے انداز میں ویڈیو بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

مختصر ویڈیو میں اعجاز اسلم اور پروگرام کے میزبان وسیم بادامی سمیت ایک مہمان کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

اس ویڈیو میں وسیم بادامی کو ننھے بچے احمد شاہ سے پروگرام میں کھیلی جانے والی کرکٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: احمد شاہ کی سالگرہ پر بھارتی کامیڈین کا ویڈیو پیغام

ویڈیو میں وسیم بادامی بچے کو کہتے سنائی دیتے ہیں کہ وہ گیم نہیں کھیلیں گے لیکن اعجاز بھائی، شعیب بھائی اور جے جے سر بھی کھیلیں گے، جس پر ویڈیو میں دکھائی دینے دوسرے شخص بولتے سنائی دیتے ہیں کہ وسیم بھائی کو تو وہ آؤٹ کریں گے؟

ویڈیو میں بچے احمد شاہ کو خوشی سے وسیم بادامی سے بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور اس دوران اعجاز اسلم دور سے ویڈیو بناتے ہوئے مسکراتے دکھائی دیئے۔

اعجاز اسلم کی جانب سے ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد جہاں بہت سارے لوگوں نے ان کی ویڈیو کو پسند کیا اور اس بات پر افسوس کا اظہار بھی کیا کہ انہوں نے مذکورہ قسط نہیں دیکھی تھی۔

وہیں کچھ افراد نے اعجاز اسلم کو بچے کے ساتھ ویڈیو بنانے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا لیکن بعد ازاں اداکار نے اپنی پوسٹ سے تنقیدی کمنٹس ڈیلیٹ کردیے۔

اعجاز اسلم نے تنقیدی کمنٹس ہٹادیے—اسکرین شاٹ
اعجاز اسلم نے تنقیدی کمنٹس ہٹادیے—اسکرین شاٹ

اعجاز اسلم کی جانب سے ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد محمد وقار شاہد نامی ایک شخص نے کمنٹ کیا کہ ویڈیو میں سب اچھے دکھائی دے رہے تھے مگر جب ان کی نظر کم عمر بچے (احمد شاہ) پر پڑی تو وہ کمنٹ سیکشن میں ڈس لائک کا بٹن ڈھونڈنے لگ گئے۔

مذکورہ صارف کی تنقید کے بعد اعجاز اسلم نے انہیں فوری جواب دیا اور سوالیہ کمنٹ کیا کہ پانچ سالہ بچے نے ان کا کیا قصور کیا ہے؟ کیا بچے نے انہیں کوئی نقصان پہنچایا ہے؟

مزید پڑھیں: 'پیچھے تو دیکھو' سے شہرت حاصل کرنے والا بچہ پاکستان کا کم عمر یوٹیوب اسٹار

ساتھ ہی اداکار نے تنقید کرنے والے کو مشورہ دیا کہ وہ دوسروں سے متعلق اچھا خیال رکھیں تو ان کی زندگی بھی اچھی گزرے گی۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کم عمر بچے کے ساتھ ویڈیو بنانے پر کسی اداکار کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا، پہلے بھی سوشل میڈیا پر لوگ ٹی وی چینلز، پروگرامات کے میزبانوں اور شوبز شخصیات کو پانچ سالہ بچے کو ٹی وی پر ہر وقت دکھائے جانے پر تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔

زیادہ تر لوگوں کا کہنا تھا کہ احمد شاہ ابھی بہت کم عمر ہیں، ان کے پڑھنے اور والدہ سمیت اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے کے دن ہیں مگر ٹی وی چینلز مالکان اور میزبان اپنے پروگرامات کی ریٹنگ بڑھانے کے لیے انہیں مسلسل پروگرامات میں دکھاتے رہتے ہیں۔

احمد شاہ نے 2019 کے آغاز میں سوشل میڈیا پر اس وقت شہرت حاصل کی تھی جب انہیں کچھ مزاحیہ ویڈیوز میں 'پیچھے تو دیکھو' جیسے ڈائیلاگ بولتے ہوئے دیکھا گیا۔

مذکورہ ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد احمد شاہ کو متعدد مارننگ شوز اور گیم شوز میں بلایا گیا اور انتہائی کم عمری میں انہیں کئی کئی گھنٹے ٹی وی سیٹ پر بٹھایا گیا اور ان کے ساتھ مذاق کیا جاتا رہا، جس پر لوگوں نے مارننگ شوز اور گیم شوز کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

مارننگ شوز میں شہرت حاصل کرنے کے بعد احمد شاہ نے اپنا یوٹیوب چینل کھولا، جس پر انہوں نے درجنوں ویڈیوز اپ لوڈ کر رکھی ہیں اور انہیں لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024