• KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:23am
  • LHR: Fajr 4:34am Sunrise 5:55am
  • ISB: Fajr 4:38am Sunrise 6:01am
  • KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:23am
  • LHR: Fajr 4:34am Sunrise 5:55am
  • ISB: Fajr 4:38am Sunrise 6:01am

پیپلزپارٹی کی آزاد کشمیر کے انتخابات ملتوی کرنے کی مخالفت

شائع May 31, 2021
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت آئین کے تحت 29 جولائی سے قبل ہر حال میں انتخابات کروانے کی پابند ہے—تصویر: ڈان نیوز
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت آئین کے تحت 29 جولائی سے قبل ہر حال میں انتخابات کروانے کی پابند ہے—تصویر: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی نے کورونا وائرس کے سبب آزاد کشمیر کے انتخابات ملتوی کرنے کی تجویز کی مخالفت کردی ساتھ ہی حکومت پر وفاداریاں تبدیل کرنے اور ووٹر لسٹوں میں 'گڑ بڑ' کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا کہ نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے حکومت کو ایک خط لکھا ہے جس میں ایک جانب اپنی تعریف کی ہے کہ ہم بہت اچھی طرح وبا کو قابو کررہے ہیں اور ساتھ ہی کہا ہے آزاد کشمیر کے انتخابات کی وجہ سے کورونا وائرس پھیلنے کا اندیشہ ہے اس لیے اسے ملتوی کردیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس تو صرف بہانہ ہے اصل میں آزاد کشمیر کا الیکشن نشانہ ہے، اس کی کوئی منطق نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت-بلتستان میں فتح کے بعد پی ٹی آئی نے آزاد جموں و کشمیر انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ان سے پوچھا جائے کہ جب گلگت بلتستان کے انتخابات ہوئے تھے تو کیا کووِڈ نہیں تھا، جب 2005 میں زلزلہ آیا تھا اور آزاد کمشیر کی نصف سے زائد آبادی بے سروسامان تھی اس وقت بھی 2006 میں انتخابات ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ آزاد کشمیر کا آئین واضح الفاظ میں یہ کہتا ہے کہ 'جنرل اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے پہلے 60 روز میں انتخابات کروائے جائیں اور حالیہ اسمبلی کی مدت 29 جولائی کو اختتام پذیر ہورہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آئین کے تحت 29 جولائی سے قبل ہر حال میں انتخابات کروانے کی پابند ہے اس میں کسی قسم کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جن غیر معمولی حالات میں انتخابات ملتوی ہونے کی بات ہوتی ہے اس کا مطلب جنگ ہے کیوں کہ تباہ کن زلزلے کے باوجود بھی آئین کے تحت الیکشن ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کا گلگت بلتستان کے انتخابات 'اتحاد' کے بغیر لڑنے کا فیصلہ

ان کا مزید کہنا تھا پوری دنیا بشمول امریکا میں بھی کووِڈ کے حالات کی وجہ سے انتخابات ملتوی نہیں ہوئے۔

راجا پرویز اشرف نے کہا کہ وقت پر انتخابات آئینی ذمہ داری ہے جو حکومت آزاد کشمیر کو پوری کرنی ہے۔

ان کا کہنا تھا حکومت پاکستان حربے، بہانے استعمال کرکے انتخابات چوری کرنے کی کوشش کررہی ہے، اس طرح کے حربے جمہوریت کو کمزور اور ناکام کرتے ہیں اور اگر کوئی لوٹا سازی کے ذریعے حکومت بنا بھی لے اس سے نظام مضبوط نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ جب آپ ایک جماعت سے دوسری جماعت میں لوٹے بنا کر امیدوار کھڑے کرتے ہیں تو ان کی اکثریت ہار جاتی ہے، عوام میں آگاہ ہے وہ اسے تسلیم نہیں کرتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس تجویز کو مسترد کرتے ہیں یہ کوئی جواز نہیں ہے اور آپ جو بہانے تراش کر انتخابات چوری کرنے کی کوشش کررہے ہیں اس سے ہم آگاہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کی سیاسی فوائد کیلئے آرمی چیف کی تصاویر استعمال کرنے پر تنبیہ

ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں اور ہر سروے کے مطابق ہمارے امیدواران جیتنے کی پوزیشن میں ہیں۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ اس حربے کے علاوہ مہاجرین کے حلقوں کی ووٹر لسٹ میں جعل سازی کی جارہی ہے جو افسوس کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہر بات میرٹ انصاف اور اصولوں کی بات کرتے تھے اور ہر تقریر میں قانون کی پاسداری کرنے کا عزم کرتے تھے، آپ کی حکومت ووٹر لسٹوں میں گڑ بڑ کررہی ہے کیا یہ آپ کے اصولوں کے عین مطابق ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کووڈ کے بہانے سے انتخابات ملتوی کرنے کی کوشش، لوگوں پر دباؤ ڈال کر انہیں لوٹا بننے پر مجبور کرنا کیا آپ کے اصولوں کے مطابق ہے؟

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آپ کہتے کیا تھے اور کر کیا رہے ہیں اس پر غور کریں، آپ نے جو کچھ کہا آپ کی حکومت اس کا الٹ کررہی ہے، کوئی حکومت انتخابات سے متعلق ایسا اقدام نہیں کرسکتی جو الیکشن کی بنیادی روح کے خلاف ہو۔

مزید پڑھیں: بڑی سیاسی جماعتیں 5 فروری کو آزاد کشمیر میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کریں گی

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت موجودہ حکومت ہارس ٹریڈنگ، لوگوں کی وفادیاں تبدیل کرنے، لالچ دینے، جھوٹے مقدمات بنانے اور ووٹر لسٹوں میں دھاندلی کرنے کی بھرپور کوشش کررہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم صاحب آپ تو بنیاد ہی غلط رکھ رہے ہیں، یہ چیزیں تو جمہوریت کی نفی ہے اور اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرنے مطلب یہ ہے کہ آپ اپنی ساکھ کھو چکے ہیں اور الیکشن کے سلسلے میں تمام جماعتوں کے لیے برابر کا میدان ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سب جماعتوں کے لیے برابری کا میدان ہو اور جسے عوام منتخب کرے اسے ہی قانون ساز اسمبلی بنانے کا حق حاصل ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ یہ دھاندلی قبل از انتخابات نہیں بلکہ بڑی تکنیکی دھاندلی ہورہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 28 ستمبر 2024
کارٹون : 27 ستمبر 2024