ہواوے کے نئے فلیگ شپ فونز آئندہ ہفتے متعارف کرائے جانے کا امکان
ہواوے کی جانب سے ہارمونی او ایس ایونٹ کا انعقاد 2 جون کو ہورہا ہے جس میں کئی نئی ڈیوائسز بھی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
ان ڈیوائسز میں ہواوے واچ 3، میٹ پیڈ پرو ٹیبلیٹ کے لیے ایک نئی ایم پینسل اور ہواوے کے نئے فلیگ شپ فون پی 50 سیریز پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
ہواوے کی جانب سے ہارمونی او ایس ایونٹ کے لیے نئی تصاویر جاری کی گئی ہیں جن میں 2 سرکولر کیمرا بمپس دیکھے جاسکتے ہیں۔
اس طرح کا کیمرا سیٹ اپ پی 50 سیریز کے لیک خاکوں اور ہینڈ آن فوٹوز میں بھی نظر آیا ہے۔
ایسا مانا جارہا تھا کہ اس سیٹ اپ میں سونی کا ایم آئی ایکس 800 کا ایک انچ سنسر موجود ہوگا مگر تجارتی پابندیوں اور تاخیر کے باعث ہواوے کا دنیا کا سب سے پہلا ایسا اسمارٹ فون متعارف کرانے کا منصوبہ متاثر ہوا ہے۔
جاپانی کمپنی شارپ کی جانب سے ایک انچ سنسر والا فون متعارف کراکے ہواوے کو پیچھے چھوڑ دیا گیا ہے۔
شارپ کا کیمرا بھی لائیسا کی شراکت داری سے تیار کیا گیا ہے جو کہ طویل عرصے سے ہواوے کے ساتھ بھی مل کر کام کررہی ہے۔
تاہم ہواوے کی جانب سے ابھی واضح نہیں کیا گیا کہ 2 جون کو شیڈول اس ایونٹ میں پی 50 سیریز کو متعارف کرایا جائے گا یا نہیں۔
ہوسکتا ہے کہ ایونٹ میں پی 50 فونز کو ہارمونی او ایس کو دکھانے کے لیے بطور پلیٹ فارم استعمال کیا جائے یا یہ بھی ہوسکتا ہے کہ انہیں باقاعدہ طور پر متعارف کرا دیا جائے۔
تاہم یہ واضح ہے کہ اس ایونٹ میں کمپنی کی جانب سے نئے فلیگ شپ فونز کو کسی شکل میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
کچھ عرصے پہلے ہواوے کے کنزیومر بزنس گروپ کے صدر ڈاکٹر وانگ چینگ لو نے تصدیق کی تھی کہ جون 2021 سے متعدد ڈیوائسز ہارمونی او ایس 2.0 پر منتقل ہوجائیں گی۔
چین میں ایک ایونٹ کے دوران انہوں نے توقع ظاہر کی کہ 2021 کے آخر تک 30 کروڑ اسمارٹ فونز، ٹیبلیٹس اور دیگر انٹرنیٹ آف تھنگز ڈیوائسز میں ہارمونی او ایس موجود ہوگا۔
ایسا مانا جارہا ہے کہ پی 50 سیریز کے فلیگ شپ ہواوے کے اولین فونز ہوسکتے ہیں جن میں اینڈرائیڈ کی جگہ ہارمونی او ایس پری انسٹال ہوگا۔