• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

واپڈا نے 50 کروڑ ڈالر کیلئے پہلے گرین یوروبانڈ کا اجرا کردیا

شائع May 28, 2021
بانڈز 10 سال کے عرصے کے لیے جاری کیے گئے ہیں — فائل فوٹو / اے ایف پی
بانڈز 10 سال کے عرصے کے لیے جاری کیے گئے ہیں — فائل فوٹو / اے ایف پی

واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے اہم پیشرفت کرتے ہوئے اپنے پہلے گرین یوروبانڈ 'انڈس بانڈ' کا اجرا کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ بانڈ 7.5 فیصد شرح سود کی مسابقتی قیمت پر 50 کروڑ ڈالر اکٹھا کرنے کے لیے 10 سال کے عرصے کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔

بانڈ کے اجرا نے کئی بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو اپنی طرف راغب کیا جنہوں نے واپڈا کو انڈس بانڈ کے ذریعے اس کی ضرورت سے 6 گنا زیادہ 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔

بانڈ کا باضابطہ اجرا وزیر اعظم عمران خان 31 مئی کو اسلام آباد میں ایک تقریب میں کریں گے۔

اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین نے ڈان کو بتایا کہ 'اس قسم کی آمادگی پاکستان بالخصوص واپڈا پر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے یقین اور اعتماد کو ظاہر کرتی ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'یہ غیر معمولی ہے کیونکہ میں نے کبھی واپڈا کے لیے ایسا سازگار اور بہترین ردعمل نہیں دیکھا'۔

یہ بھی پڑھیں: واپڈا، ڈیمز کے لیے 50 کروڑ ڈالر کے قرض حاصل کرے گا

واپڈا کو پانچ سال میں لگ بھگ 2.2 ارب ڈالر (پہلے دو سال میں 1.1 ارب ڈالر) درکار ہیں جن میں سے وہ ابتدائی طور پر انڈس بانڈ کے ذریعے 50 کروڑ ڈالر اکٹھا کر رہا ہے۔

بانڈز کی تعداد دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز منصوبوں کے لیے مالی ضرورت کی بنیاد پر آہستہ آہستہ بڑھائی جائے گی۔

واپڈا کے مطابق 27 مئی ملک کی تاریخ کا اہم دن ہے کیونکہ اس روز بین الاقوامی کیپیٹل مارکیٹ میں ملک کے پہلے گرین یوروبانڈ کا اجرا کیا گیا اور اس نے انڈس بانڈ کو پیر کے روز لندن اسٹاک ایکسچینج میں لسٹ کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ '10 سال کی مدت کے لیے یہ گرین بانڈ 7.5 فیصد کی انتہائی مسابقتی قیمت پر جاری کیے گئے ہیں جو غیر معمولی بات ہے کیونکہ 2031 میں میچور ہونے والے پاکستان کے خود مختار بانڈ پر شرح منافع 7.37 فیصد ہے جبکہ یہ بانڈ حکومت کی کسی مالی معاونت کے بغیر جاری کیے گئے ہیں'۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ 'بانڈ کے حصول کے لیے زبردست رجحان دیکھا گیا اور چھ گنا زیادہ یعنی 3 ارب ڈالر کے آرڈرز بُک کیے گئے جن میں کئی بڑی کمپنیاں بھی شامل ہیں'۔

اتھارٹی کے بیان میں کہا گیا کہ 'یہ کئی بین الاقوامی بانڈز میں پہلا بانڈ ہوگا جو مستقبل کے لیے بنایا گیا ہے اور جس کے ذریعے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا پاکستان کی معیشت اور واپڈا کے بزنس ماڈل پر اعتماد ظاہر ہوا ہے'۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے واپڈا کے رکن فنانس نوید اصغر نے کہا کہ اضافی پیشکش ملنے کے باوجود واپڈا فوری طور پر 3 ارب ڈالر حاصل نہیں کرے گا لیکن اسے تقریباً 9 ماہ بعد مزید 50 کروڑ ڈالر کی ضرورت ہوگی اور اس وقت ہم ایک اور بانڈ جاری کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024