• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وزیراعظم کی مصری صدر سے ٹیلی فونک گفتگو، اسرائیل کی مقبوضہ علاقوں سے واپسی پرزور

شائع May 27, 2021
وزیر اعظم نے فلسطینیوں کو ان کا حق خودارادیت دینے سمیت ان کو بنیادی حقوق کی فراہمی پر زور دیا — فوٹو: رائٹرز
وزیر اعظم نے فلسطینیوں کو ان کا حق خودارادیت دینے سمیت ان کو بنیادی حقوق کی فراہمی پر زور دیا — فوٹو: رائٹرز

وزیر اعظم عمران خان نے مصر کے صدر عبدالفتح السیسی سے ٹیلی فونک گفتگو کی اور فلسطین کے مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی فورسز کی مکمل واپسی پر زور دیا۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق 'عمران خان نے بیت المقدس سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی افواج کی مکمل واپسی، فلسطینیوں کو ان کا حق خودارادیت دینے سمیت ان کو بنیادی حقوق کی فراہمی اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق دو ریاستی حل کے طور پر ایک آزاد، فعال اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت پر زور دیا، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو'۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا فلسطینی صدر سے ٹیلی فونک رابطہ، فلسطینیوں کی حمایت کے عزم کا اعادہ

عمران خان نے فلسطین میں اسرائیل کی جارحیت بند کرانے کے لیے مصر اور اس کی قیادت کے اہم کردار کو سراہا۔

وزیر اعظم نے بے گناہ فلسطینیوں بالخصوص خواتین اور بچوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت اور رمضان المبارک کے دوران مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین کے فوری اور منصفانہ حل کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے غزہ کی موجودہ صورتحال کو فلسطینیوں کے لیے کھلی جیل قرار دیا۔

عمران خان نے مسلم امہ کے درمیان یکجہتی، مسلمانوں اور بالخصوص غیر ملکی قبضے کے شکار مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے پلیٹ فارم کے ذریعے اجتماعی سوچ اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ہم غزہ اور فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیراعظم

فلسطینی عوام کی آواز اٹھانے کے لیے پاکستان کی حالیہ کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔


یہ خبر 27 مئی 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024