• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

غزہ کشیدگی: او آئی سی ممالک کا اسرائیلی کارروائیوں کی تحقیقات کا مطالبہ

شائع May 26, 2021
حالیہ کشیدگی پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا خصوصی اجلاس جمعرات کو منعقد ہوگا — فائل فوٹو / اے ایف پی
حالیہ کشیدگی پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا خصوصی اجلاس جمعرات کو منعقد ہوگا — فائل فوٹو / اے ایف پی

مسلم ممالک نے اقوام متحدہ سے اسرائیل اور حماس کے درمیان 11 روزہ کشیدگی کے دوران ممکنہ جرائم کی ذمہ داری عائد کرنے کے لیے تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق پاکستان کی جانب سے اسلامی تعاون کونسل (او آئی سی) کے بطور کوآرڈینیٹر اور ریاست فلسطین کی درخواست پر حالیہ کشیدگی پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا خصوصی اجلاس جمعرات کو منعقد ہوگا۔

ان ممالک نے مشرقی مقبوضہ بیت المقدس سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقوں اور اسرائیل میں 13 اپریل سے ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے آزاد بین الاقوامی کمیشن تشکیل دینے کے لیے قرارداد کا مسودہ جمع کرا دیا۔

قرارداد کے مسودے میں کہا گیا کہ کمیشن قومیت، نسلی یا مذہبی شناخت کی بنیاد پر منظم امتیاز اور جبر سمیت عدم استحکام اور کشیدگی کی تمام وجوہات کا جائزہ لے۔

یہ بھی پڑھیں: القدس کی مکمل آزادی تک سلامتی و استحکام ممکن نہیں، او آئی سی

آزاد ٹیم کشیدگی کے دوران فرانزک مواد سمیت جرائم کے ثبوت اکٹھے کرے گی اور ان کا جائزہ لے گی تاکہ قانونی کارروائی میں اس کو تسلیم کرنے کے امکان کو زیادہ سے زیادہ کیا جاسکے۔

جون 2022 میں دوبارہ رپورٹ کرکے ٹیم، کوشش کرنے اور اس جارحیت کے خاتمے کے ذمہ داران کا تعین کرے گی اور قانونی احتساب کو یقینی بنائے گی۔

جنیوا میں اقوام متحدہ کے لیے اسرائیل کی سفیر میرو ایلون شاہر نے گزشتہ ہفتے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ اجلاس میں اسرائیل کو ہدف بنانا اس بات کی گواہی ہے کہ ادارہ اسرائیل مخالف ایجنڈا رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ اجلاس کے اسپانسرز، دہشت گرد تنظیم حماس کی کارروائیوں کو جائز قرار دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: او آئی سی کی بھی فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت

واضح رہے کہ 2006 میں قیام کے بعد سے اقوام متحدہ کی 47 رکنی انسانی حقوق کونسل ایسے 8 خصوصی اجلاس منعقد کر چکی ہے جن میں اسرائیلی اقدامات کی مذمت کی گئی اور اس کے مبینہ جنگی جرائم کے حوالے سے متعدد تحقیقات ہوئیں۔

امریکا نے صدر جو بائیڈن کے تحت فورم میں دوبارہ شمولیت اختیار کی تھی، قبل ازیں ٹرمپ انتظامیہ نے کونسل پر اسرائیل مخالف جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے اس سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔


یہ خبر 26 مئی 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024