• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

شاہد آفریدی اور نسیم شاہ پی ایس ایل 2021 کے بقیہ میچز سے باہر

شائع May 24, 2021
شاہد آفریدی کمر میں تکلیف کے سبب ایونٹ سے باہر ہو گئے— فائل فوٹو: اے ایف پی
شاہد آفریدی کمر میں تکلیف کے سبب ایونٹ سے باہر ہو گئے— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز سے مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی اور فاسٹ باؤلر نسیم شاہ باہر ہو گئے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز کا آغاز 5 جون سے متوقع ہے لیکن اس سے قبل ہی سلطانز شاہد آفریدی کی خدمات سے محروم ہو گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 2021 کیلئے متبادل کھلاڑیوں کا ایک اور ڈرافٹ، شکیب باہر

ملتان سلطانز نے اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ بتاتے ہوئے انتہائی افسوس محسوس کررہے ہیں کہ کمر کی انجری کے سبب سپر اسٹار اور فرنچائز کے اہم رکن شاہد آفریدی پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز نہیں کھیل سکیں گے۔

فرنچائز نے کہا کہ ملتان سلطانز کو مایہ ناز آل راؤنڈر کی کمی محسوس ہو گی اور ہم ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز کے لیے ٹریننگ کے دوران کمر کے نچلے حصے میں درد اٹھنے پر ڈاکٹر سے رجوع کیا اور بدقسمتی سے ڈاکٹرز نے مجھے آرام کا مشورہ دیا ہے لہٰذا میں ابوظبی لیگ میں ملتان سلطانز کو جوائن نہیں کرسکوں گا۔

شاہد آفریدی کی جگہ ملتان سلطانز نے اپنے اسکواڈ میں آصف آفریدی کو شامل کر لیا ہے۔

دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو پاکستان سے روانگی کے لیے مقررہ پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے پر لاہور کے مقامی ہوٹل میں قائم آئسولیشن سے ریلیز کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل: 10 سری لنکن کھلاڑیوں کو پاکستان آنے کی خصوصی اجازت

ناقابل قبول پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کروانے کی وجہ سےنسیم شاہ اب 26 مئی کو ابوظبی روانہ نہیں ہوں سکیں گے لہٰذا وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز کے لیے بنائے گئے کووڈأ19 پروٹوکولز کے تحت کراچی اور لاہور سے چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے ابوظبی روانہ ہونے والے تمام مسافروں کو24 مئی کو لاہور اور کراچی کے ٹیم ہوٹلز میں داخل ہوتے وقت زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹے قبل دیے گئے اپنے کووڈ۔19ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کروانا تھی۔

تاہم نسیم شاہ نے اس موقع پر اپنے 18 مئی کو کیے گئے کووڈ۔19 ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کروائی اور پرانی رپورٹ جمع کروانے پر انہیں ہوٹل کی علیحدہ منزل پر آئسولیشن میں رکھا گیا۔

بعدازاں پی ایس ایل کے تین رکنی انڈیپنڈنٹ میڈیکل ایڈوائزری پینل کی سفارشات پر فاسٹ باؤلر کو ریلیز کرنے کافیصلہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز ابوظبی میں کرانے کی منظوری مل گئی

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہوا تھا اور ایونٹ کے میچز اس مرتبہ ملک کے دو شہروں کراچی اور لاہور میں کھیلے جانے تھے تاہم 4 مارچ کو پاکستان سپر لیگ کو 7 کھلاڑیوں اور دیگر میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

لیگ کو دوبارہ کراچی میں شروع کرنے کی تیاری کیگئ لیکن فرنچائز مالکان کے اصرار اور کووڈ۔19 کی صورتحال کے سبب اب ایونٹ کے بقیہ میچز ابوظبی میں ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024