• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

مشہورِ زمانہ ویڈیو 'چارلی بِٹ مائے فنگر' 11 کروڑ روپے میں نیلام

شائع May 24, 2021
55 سیکنڈ کے دورانیے پر مشتمل یہ ویڈیو کلپ 2007 میں یوٹیوب پر شیئر کیا گیا تھا— اسکرین شاٹ
55 سیکنڈ کے دورانیے پر مشتمل یہ ویڈیو کلپ 2007 میں یوٹیوب پر شیئر کیا گیا تھا— اسکرین شاٹ

دنیا کے مقبول ترین آن لائن پلیٹ فارم یوٹیوب پر 14 برس قبل مشہور ہونے والی ویڈیو کو 7 لاکھ 60 ہزار ڈالر (11 کروڑ 70 لاکھ پاکستانی روپے) میں نیلام کردیا گیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق ’چارلی بِٹ مائے فنگر‘ (چارلی نے میری انگلی کاٹ لی) کے نام سے مشہور ہونے والی اس ویڈیو کو 14ویں سالگرہ پر نیلامی کے لیے پیش کیا گیا۔

گزشتہ روز ڈیجیٹل طریقے سے ہونے والی نیلامی یعنی این ایف ٹی کے ذریعے یہ ویڈیو 7 لاکھ 61 ہزار ڈالر میں فروخت ہوئی۔

55 سیکنڈ کے دورانیے پر مشتمل یہ ویڈیو کلپ 2007 میں یوٹیوب پر شیئر کیا گیا تھا جس نے اس ویڈیو میں موجود بچوں اور ان کے خاندان کو مقبولیت کے ساتویں آسمان پر پہنچا دیا تھا۔

مزید پڑھیں: یہ مشہور زمانہ ویڈیو نیلامی کے بعد ہمیشہ کیلئے ڈیلیٹ ہوجائے گی

ویڈیو میں ہیری نامی برطانوی بچہ اپنے چھوٹے بھائی چارلی کو گود لیے بیٹھا ہے لیکن جب ہیری، چارلی کے منہ میں اپنی انگلی ڈالتا ہے تو ہیری اس پر کاٹ لیتا ہے اور اپنے بھائی کی انگلی نہیں چھوڑتا۔

اس دوارن ہیری 'آوچ، چارلی' اور 'چارلی، واقعی درد ہورہا ہے' کے الفاظ کہتے نظر آتا ہے۔

یوٹیوب پر مقبول ہونے والی اس ویڈیو میں موجود بچوں کی معصومیت اور شرارت نے سب کو متاثر کیا۔

اس ویڈیو کو 88 کروڑ 30 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے اور یہ یوٹیوب کی مقبول ترین ویڈیوز میں سے ایک ہے۔

تاہم خیال کیا جارہا ہے کہ نیلامی کے بعد اس ویڈیو کو پلیٹ فارم سے ڈیلیٹ کردیا جائے گا۔

اس ضمن میں ڈیویز کار فیملی نے اعلان کیا تھا کہ وہ اتوار کو ہونے والی نیلامی کے بعد اس دلچسپ ترین ویڈیو کو ڈیلیٹ کردیں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ سب سے زیادہ بولی لگانے والا شخص 'انٹرنیٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ پسند کی جانے والی اس ویڈیو کا واحد مالک' بن جائے گا۔

تاہم اس ویڈیو کو کاپی و شیئر بھی کیا گیا ہے جبکہ ویب پر متعدد مرتبہ ری پوسٹ بھی کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’بے بی شارک‘ یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھا جانے والا گیت

نیلامی میں 11 لوگوں نے حصہ لیا تھا تاہم 'میم ماسٹر' اور '3 ایف میوزک' کے مابین بولی کی جنگ شروع ہوگئی تھی اور بالآخر '3 ایف میوزک' نے 7 لاکھ 60 ہزار 999 ڈالر میں اس ویڈیو کو حاصل کرلیا تھا۔

—فوٹو: لیڈیبل
—فوٹو: لیڈیبل

خیال رہے کہ ویڈیو مقبول ہونے کے بعد کئی ٹیلی ویژن شوز میں ان دونوں بچوں کے والدین کو مدعو کیا گیا، جہاں انہوں نے اچانک بنائی گئی اس ویڈیو پر بات بھی کی۔

مگر اب یہ بچے کیسے نظر آتے ہیں وہ آپ اوپر تصویر میں دیکھ سکتے ہیں جو گزشتہ سال کی ہے۔

ہیری اب 17 سال جبکہ چارلی 15 سال کا ہوچکا ہے، ان کے والد کی جانب سے شیئر کی گئی یہ ویڈیو یوٹیوب کی اب سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیوز میں 90ویں نمبر پر موجود ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024