• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

میانمار: فوجی بغاوت کی مخالفت کرنے پر سوا لاکھ سے زائد اساتذہ معطل

شائع May 23, 2021
میانمار کے سرکاری اخبار نے اساتذہ اور طلبہ سے اسکولوں میں واپس آنے کے لیے زور دیا ہے—تصویر: رائٹرز
میانمار کے سرکاری اخبار نے اساتذہ اور طلبہ سے اسکولوں میں واپس آنے کے لیے زور دیا ہے—تصویر: رائٹرز

میانمار میں فوجی بغاوت کی مخالفت کرنے کے جرم میں اب تک سوا لاکھ سے زائد اساتذہ کو معطل کیا جاچکا ہے۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق میانمار ٹیچرز فیڈریشن سے تعلق رکھنے والے ایک عہدیدار نے اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہفتے کے روز تک ایک لاکھ 25 ہزار 900 اساتذہ معطل کیے جاچکے ہیں۔

اساتذہ کی معطلی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے کہ جب نیا تعلیمی سال شروع ہونے میں چند روز باقی ہیں تاہم ملک میں فوجی بغاوت کے بعد شروع ہونے والی مہم کے طور پر اساتذہ اور طلبہ کے والدین کی بڑی تعداد نے نئے تعلیمی سال کا بائیکاٹ کررکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میانمار: فوجی بغاوت کیخلاف مظاہروں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 800 سے زائد ہوگئی

میانمار میں اساتذہ کے تازہ ترین دستیاب اعداد و شمار 2 سال پرانے جن کے مطابق اسکول ٹیچرز کی تعداد 4 لاکھ 30 ہزار ہے۔

اس ضمن میں ایک عہدیدار جو خود بھی استاد ہیں، انہوں نے کہا کہ 'یہ صرف لوگوں کو کام پر واپس آنے کے لیے ڈرانے کے بیانات ہیں، اگر وہ حقیقتاً اتنی بڑی تعداد کو ملازمتوں سے نکالیں گے تو نظام رک جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ واپس کام پر جائیں گے تو ان کے خلاف لگائے گئے الزامات واپس لے لیے جائیں گے۔

رائٹرز اس سلسلے میں میانمار جنتا (فوج) کے ترجمان یا وزارت تعلیم سے مؤقف نہیں حاصل کرسکا۔

دوسری جانب میانمار کے سرکاری اخبار نے اساتذہ اور طلبہ سے اسکولوں میں واپس آنے کے لیے زور دیا ہے تا کہ تعلیمی نظام دوبارہ شروع ہوسکے۔

مزید پڑھیں: میانمار میں فوج کے اقتدار کے 100 روز، ملک پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ

اساتذہ کی تنظیم کے مطابق جامعات کے عملے کے 19 ہزار 500 ملازمین کو بھی ان کے عہدوں سے معطل کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ میانمار میں جون میں اسکولوں کے لیے رجسٹریشن کا آغاز ہوگا تاہم کچھ والدین کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بچوں کو اسکول میں داخل نہیں کروائیں گے۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ایک 14 سالہ لڑکی کے والد کا کہنا تھا کہ 'میں اپنی بیٹی کا داخلہ اسکول میں نہیں کرواؤں گا کیوں کہ میں اسے فوجی آمریت سے تعلیم نہیں دلوانا چاہتا'۔

میانمار میں فوجی بغاوت کے بعد بڑے پیمانے پر شروع ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں طلبہ سب سے آگے رہے ہیں جنہوں نے تعلیمی عمل کے بائیکاٹ کا بھی اعلان کیا ہے۔

ایک 18 سالہ طالبعلم کا کہنا تھا کہ 'اگر ہمیں دوبارہ جمہوریت ملے گی تو ہی میں اسکول جاؤں گا'۔

یہ بھی پڑھیں: میانمار: باغی گروپ کا فوجی ہیلی کاپٹر مار گرانے کا دعویٰ

واضح رہے کہ میانمار کا تعلیمی نظام خطے میں سب سے خستہ حال نظاموں میں سے ایک ہے جس نے گزشتہ برس عالمی سروے میں 93 ممالک میں سے 92ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔

حتیٰ کہ جمہوریت کی چیمپیئن سمجھی جانے والی آنگ سان سوچی کے دورِحکومت میں بھی مجموعی ملکی پیداوار کا 2 فیصد سے کم حصہ تعلیم پر خرچ کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ یکم فروری کو میانمار کی فوج نے ملک میں منتخب سیاسی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا اور دیگر سیاست دانوں سمیت آنگ سان سوچی کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مختلف الزامات کے تحت مقدمات چلائے جارہے ہیں۔

فوج کے اس عمل کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا تھا جو تاحال جاری ہے، جس میں اب تک فورسز کی جانب سے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا گیا، جس کے باعث سیکڑوں مظاہرین ہلاک اور زخمی ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024