• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پی ایس ایل 2021 کیلئے متبادل کھلاڑیوں کا ایک اور ڈرافٹ، شکیب باہر

شائع May 22, 2021 اپ ڈیٹ May 24, 2021
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز 5 جون سے شروع ہونے کا امکان ہے— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز 5 جون سے شروع ہونے کا امکان ہے— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز متبادل کھلاڑیوں کے ایک اور ڈرافٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں ابوظبی میں کھیلے جانے والے میچز کے لیے ٹیموں نے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز کی ابوظبی منتقلی اور شیڈول میں تبدیلی کی وجہ سے مزید چند کرکٹرز لیگ سے دستبردار ہو گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 2021: متبادل کھلاڑیوں کے ڈرافٹ میں رسل، شکیب اور گپٹل کا انتخاب

اسی صورتحال کے پیش نظر متبادل کھلاڑیوں کے ڈرافٹ کا آج انعقاد کیا گیا جس میں ٹیموں نے کھلاڑیوں کا انتخاب کر کے اپنے اپنے اسکواڈ کو مکمل کرنے کی کوشش کی۔

تمام ٹیموں کے پاس دو اضافی کھلاڑیوں کے انتخاب کا آپشن موجود تھا تاکہ وہ لیگ کے بقیہ میچز کے لیے اپنے اسکواڈ میں موجود کھلاڑیوں کی تعداد 20 تک پہنچا سکیں۔

کھلاڑیوں کی اسکواڈ میں شمولیت اور دستیابی، سفری اور قرنطینہ کی شرائط کے مطابق رکھی گئی ہیں۔

آج دستیاب دو کھلاڑیوں کے انتخاب کے دوران ٹیموں کے پاس ایک اضافی غیرملکی کھلاڑی کے انتخاب کا آپشن بھی موجود تھا۔

لیگ کی تمام چھ فرنچائززنے ہفتے کے روز اپنے اسکواڈز کو حتمی شکل دینے کے لیے بذریعہ آن لائن سیشن اپنی ریپلیسمنٹ اور اضافی کھلاڑیوں کی پک جمع کروائیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 6 کا دوبارہ آغاز، تمام ٹیموں کے کپتان بہترین کھیل کیلئے پرعزم

ملتان سلطانز نے سب سے پہلے انتخاب کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز شیمرون پٹمائر کو ٹیم کا حصہ بنایا جس کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے افغانستان کرکٹر ظاہر خان کو منتخب کیا۔

ملتان سلطانز کو دوبارہ کھلاڑی کے انتخاب کا موقع میسر آیا اور انہوں نے ایک اور ویسٹ انڈین اسٹار جانسن چارلس کو اسکواڈ کا حصہ بنایا۔

لاہور قلندرز نے سنگاپور نژاد آسٹریلین کرکٹر ٹم ڈیوڈ کا انتخاب کیا جو اس سال آسٹریلین لیگ بگ بیش میں ہوبارٹ ہریکینز کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے آسٹریلین جیک ولڈرمُتھ کو منتخب کیا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے فرسٹ کلاس کرکٹر محمد اخلاق کو منتخب کیا۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز ابوظبی میں کرانے کی منظوری مل گئی

گلیڈی ایٹرز نے ڈومیسٹک کرکٹر خرم شہزاد، پشاور زلمی نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے بسم اللہ خان اور کراچی کنگز نے خیبر پختونخوا کے نوجوان بلے باز محمد حارث کو اسکواڈ میں شامل کیا۔

لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز نے بلاترتیب متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز سلطان احمد اور وسیم محمد کا انتخاب کیا جبکہ ملتان سلطانز کی جانب سے حماد اعظم کے انتخاب کے ساتھ ہی متبادل کھلاڑیوں کے ڈرافٹ کا عمل اختتام پذیر ہوا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایک متبادل کھلاڑیوں کے ڈرافٹ کا عمل ہوا تھا جس میں شکیب الحسن اور جو برنز کو منتخب کیا گیا تھا لیکن اب یہ دونوں ہی کھلاڑی بقیہ ایڈیشن کے لیے عدم دستیابی ظاہر کر چکے ہیں۔

پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو مکمل اسکواڈ دستیاب ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم بھی اہم کھلاڑیوں سے لیس ہے لیکن لاہور قلندرز، ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں اہم غیرملکی کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم ہو چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل سیزن 6: کہانی ایک پھٹے ہوئے بلبلے کی

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہوا تھا اور ایونٹ کے میچز اس مرتبہ ملک کے دو شہروں کراچی اور لاہور میں کھیلے جانے تھے تاہم 4 مارچ کو پاکستان سپر لیگ کو 7 کھلاڑیوں اور دیگر میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

تاہم اپریل میں پی سی بی نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے یکم جون سے ایونٹ کے دوبارہ کراچی میں انعقاد کا فیصلہ کیا تھا اور کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر لاہور میں میچز کے انعقاد کے منصوبے کو منسوخ کردیا گیا تھا۔

جون میں ایونٹ کے بقیہ میچز کے انعقاد کے لیے علیحدہ سے ڈرافٹ بھی کیا گیا جس میں غیرملکی کھلاڑیوں سے محروم فرنچائزوں نے ان کے متبادل کا انتخاب کیا لیکن بین الاقوامی مصروفیات کے سبب چند اہم اور مشہور کھلاڑی لیگ کے لیے دستیاب نہ ہو سکے تھے۔

بعدازاں پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت اور سابقہ تجربات کے پیش نظر تمام فرنچائزوں نے پی سی بی سے لیگ کو متحدہ منتقل کرنے کی درخواست کی جسے منظور کر لیا گیا تھا اور اب میچز کے ابوظبی میں انعقاد کی منظوری بھی مل چکی ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا کیسز کے باعث 'پاکستان سپر لیگ 6' ملتوی

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز کے لیے تمام ٹیموں کے اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ

شاداب خان(کپتان)، احمد صفی عبد اللہ، علی خان، عاکف جاوید، آصف علی، کولن منرو، فواد احمد، فہیم اشرف، حسن علی، حسین طلعت، افتخار احمد، محمد وسیم جونیئر، محمد اخلاق، موسیٰ خان، روحیل نذیر، عثمان خواجہ، ظفر گوہر اور ذیشان ضمیر

کراچی کنگز:

عماد وسیم (کپتان)، عباس آفریدی، عامر یامین، ارشد اقبال، بابر اعظم، چیڈوک والٹن، دانش عزیز، مارٹن گپٹل، محمد عامر، محمد الیاس، محمد حارث، تھسارا پریرا، نجیب اللہ زردان، نور احمد، قاسم اکرم، شرجیل خان، وقاص مقصود اور ذیشان ملک

لاہور قلندرز

سہیل اختر (کپتان)، احمد دانیال، بین ڈنک، کلم فرگیوسن، دلبر حسین، فخر زمان، حارث رؤف، جیمز فالکنر، معاذ خان، محمد فیضان، محمد حفیظ، شکیب الحسن (متبادل کا فیصلہ جلد کرلیا جائے گا)، سلمان علی آغا، سیکوگے پرسنا، شاہین شاہ آفریدی، سلطان احمد، ٹم ڈیوڈ، زید عالم اور ذیشان اشرف۔

ملتان سلطانز

محمد رضوان (کپتان)، حماد اعظم، عمران طاہر، عمران خان سینئر، جانسن چارلس، خوشدل شاہ، محمد عمر، اوبیڈ مکائے، رحمن اللہ گورباز، رائیلی روسو، شاہد آفریدی، شاہنواز دھانی، شان مسعود، شیمرون ہٹمائر، صہیب مقصود، صہیب اللہ، سہیل خان، سہیل تنویر، عثمان قادر اور وسیم محمد۔

پشاور زلمی

وہاب ریاض (کپتان)، ابرار احمد، عماد بٹ، بسم اللہ خان، ڈیوڈ ملر، فیبیئن ایلن، فیڈل ایڈورڈز، حیدر علی، امام الحق، کامران اکمل، محمد عامر خان، محمد عرفان سینئر، محمد عمران، محمد عمران رندھاوا، روومین پاول، وقار سلام خیل، شرفین ردرفورڈ، شعیب ملک اور عمید آصف۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

سرفراز احمد (کپتان)، عبد الناصر، آندرے رسل، انور علی، آرش علی خان، اعظم خان، کیمرون ڈیلپورٹ، فاف ڈیو پلیسی، حسن خان، جیک ولڈر متھ، خرم شہزاد، محمد حسنین، محمد نواز، نسیم شاہ، صائم ایوب، عثمان خان، عثمان شنواری، زاہد محمود اور ظاہر خان۔

ٹورنامنٹ 5 جون سے ابوظبی میں شروع ہونے کا امکان ہے اور ایونٹ کا فائنل ممکنہ طور پر 20 جون کو ہو گا تاہم حتمی شیڈول کا پی سی بی کی جانب سے جلد اعلان متوقع ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024