علی ظفر کا چینی گلوکارہ کے ساتھ گانا مقبول
مقبول گلوکار علی ظفر نے نوجوان چینی گلوکارہ ژیانگ منکی (Xiang Minqi) کے ساتھ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کو 70 سال مکمل ہونے پر خصوصی گانا جاری کردیا۔
علی ظفر نے 21 مئی کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور یوٹیوب پر گانا جاری کیا، جب کہ چینی گلوکارہ نے بھی گانے کی ویڈیو یوٹیوب پر جاری کی۔
علی ظفر نے گانے کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کو 70 سال ہوجانے کے موقع پر خصوصی گانا ریلیز کرنے کے لیے تھوڑی بہت چینی زبان بھی سیکھی۔
تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں کس نے چینی زبان سکھائی؟ اور انہیں سیکھنے میں کتنا وقت لگا۔
گانے کی ویڈیو میں علی ظفر اور گلوکارہ ژیانگ منکی (Xiang Minqi) کو دکھائے جانے سمیت دونوں ممالک کے معروف سیاحتی مقامات کو بھی دکھایا گیا ہے۔
’دل چرایا تم نے‘ کے عنوان سے جاری کیے گئے گانے میں دونوں ممالک کے عوام کی رہن سہن کو بھی دکھایا گیا ہے۔
سادہ شاعری پر مبنی گانے میں دونوں ممالک کی سمندر سے گہری دوستی کو بیان کیا گیا ہے۔
اگرچہ زیادہ تر لوگوں نے علی ظفر کے گانے کی تعریف کی، تاہم بعض افراد نے ان کی سوشل میڈیا پوسٹس پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ چین میں اویغور مسلمانوں کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے۔
تاہم گلوکارہ نے کسی بھی تنقیدی کمنٹس پر کوئی جواب نہیں دیا۔
علی ظفر کے علاوہ چینی گلوکارہ ژیانگ منکی (Xiang Minqi) نے بھی مذکورہ ویڈیو اپنے یوٹیوب چینل پر جاری کی، تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کے یوٹیوب چینل پر مذکورہ گانےکے علاوہ کوئی ویڈیوز موجود نہیں۔
گلوکارہ ژیانگ منکی (Xiang Minqi) کا یوٹیوب چینل ستمبر 2020 میں بنایا گیا اور انہوں نے چینل پر واضح لکھ رکھا ہے کہ ان کے گانے چینی سرزمین کے علاوہ دوسری جگہ پر کسی پلیٹ فارم پر ریلیز نہیں کیے جاتے۔
انہوں نے یوٹیوب چینل پر گزشتہ روز ہی علی ظفر کے ساتھ ریلیز کیا گیا گانا ریلیز کیا اور وہ ان کی پہلی ویڈٖیو بھی بنی۔