• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

جہانگیر ترین کے خلاف تحقیقات کی پیشرفت سے مطمئن ہیں، نعمان لنگڑیال

شائع May 21, 2021
پنجاب کے وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال  وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز
پنجاب کے وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز

پنجاب کے وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ جہانگیر خان ترین گروپ پی ٹی آئی رہنما کے خلاف جاری تحقیقات کی پیشرفت کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم کے اس وعدے سے بھی مطمئن ہے کہ جہانگیر ترین کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہوگی۔

ملک نعمان لنگڑیال نے جہانگیر ترین گروپ کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کے بعد لاہور میں میڈیا سے گفتگو کی۔

مزید پڑھیں: جہانگیر ترین کا معاملہ، پی ٹی آئی رہنماؤں کی وزیراعظم سے ملاقات کی درخواست

وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں ملاقات کرنے والے 6 رکنی وفد میں نعمان لنگڑیال کے علاوہ رکن صوبائی اسمبلی نذیر چوہان، سعید اکبر نیوانی، عبدالحئی دستی، اجمل چیمہ اور عمر آفتاب شامل تھے۔

جہانگیر ترین کے خلاف مختلف مقدمات کے اندراج اور بینکنگ اور سیشن عدالتوں کی جانب سے طلب کیے جانے کے بعد پنجاب اور قومی اسمبلی میں ان کے وفادار ساتھیوں کا گروپ سامنے آیا، اس گروپ نے مطالبہ کیا تھا کہ وزیر اعظم انہیں وقت دیں تاکہ وہ انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کر سکیں کیونکہ انہیں یقین ہے کہ جہانگیر ترین کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

اس گروپ نے حال ہی میں قومی اور پنجاب اسمبلیوں میں پارلیمانی لیڈرز کا اعلان کیا تھا لیکن بعد میں جہانگیر ترین نے فارورڈ بلاک کی تشکیل کی خبروں کو مسترد کردیا تھا، البتہ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے اراکین صوبائی اسمبلی پنجاب حکومت کی 'انتقامی کارروائیوں' کے خلاف پنجاب اسمبلی میں آواز اٹھائیں گے۔

ملک نعمان لینگڑیال نے کہا کہ ہم جہانگیر ترین کے خلاف جاری تحقیقات کی کارروائی سے مطمئن ہیں اور وزیر اعظم کی جانب سے کیے گئے وعدے سے بھی مطمئن ہیں کہ جہانگیر ترین سے کوئی ناانصافی نہیں کی جائے گی، گروپ کو بیرسٹر علی ظفر کی جانب سے کی جا رہی کارروائی پر مکمل اعتماد ہے جنہیں وزیر اعظم عمران خان نے چینی اسکینڈل کی تحقیقات کی ذمے داری سونپی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: جہانگیر ترین نے 'الگ گروپ' بنانے سے متعلق میڈیا رپورٹس مسترد کردی

وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ہمیں ان کی طرف سے بہت ہی 'مثبت ردعمل' ملا ہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہمارے تحفظات کو انتہائی صبر و تحمل سے سنا اور ان کے حل کے لیے ہدایات جاری کیں۔

نعمان لنگڑیال نے کہا کہ آج کی ملاقات میں اچھی گفتگو ہوئی اور ہم یہ بتانا ضروری سمجھتے ہیں کہ تحریک انصاف میں موجود مسائل آج حل ہو گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اُمید ہے کہ جس طرح وزیر اعلیٰ نے ہمیں مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے تو ہم ان پر عملدرآمد کے منتظر رہیں گے اور آپ کو یہ باور کرانا چاہیں گے کہ ہم پی ٹی آئی کا حصہ تھے، پی ٹی آئی میں ہیں اور پی ٹی آئی میں رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے انہیں بجٹ اور پنجاب کے عوام کے حوالے سے بھی مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے اور کچھ ہی دنوں میں مختلف اضلاع کے بارے میں ایک رپورٹ دستیاب ہوگی، تب ہم ایک ایسا بجٹ لائیں گے جس سے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔

مزید پڑھیں: جہانگیر ترین کو کوئی شکایت ہے تو وزیر اعظم سے بات کر سکتے ہیں، شاہ محمود قریشی

اس موقع پر سعید اکبر نیوانی نے کہا کہ جہانگیر ترین گروپ ایک حقیقت ہے اور اسے میڈیا نے قبول کیا ہے، سیاسی جماعتوں میں دوستوں کے گروپ بننا ایک روایت ہے تاکہ کسی مقامی علاقے یا لوگوں کی پریشانیوں کو حل کیا جا سکے۔

سعید نیوانی نے بتایا کہ اس گروپ کے دو مسئلے تھے، ان میں سے ایک جہانگیر ترین کے خلاف انکوائری تھی، انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہم سے کبھی بھی رعایت برتنے کا وعدہ نہیں کیا تھا بلکہ یہ کہا تھا کہ ناانصافی نہیں ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جہانگیر ترین گروپ نے کبھی بھی وزیر اعظم سے رعایت طلب نہیں کی بلکہ صرف اتنا مطالبہ کیا تھا کہ کسی سے ناانصافی نہیں ہونی چاہیے، اگر تحقیقاتی رپورٹ کا فیصلہ ہمارے مؤقف کے خلاف آتا ہے تو بھی عدالت کا جو بھی فیصلہ ہو گا ہم اسے قبول کریں گے، ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہو گا، ہم صرف چاہتے تھے کہ انکوائری منصفانہ ہو۔

وزیراعلیٰ بزدار سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے ہماری شکایات دور کرنے کے لیے ہمیں بلایا تھا، کمیٹی نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور انتخابی حلقوں میں درپیش مسائل کے ساتھ ساتھ ترقیاتی کاموں میں حائل رکاوٹوں اور اشیا کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بارے میں بہت کھل کر بات کی۔

یہ بھی پڑھیں: جہانگیر ترین کے حامیوں نے قومی اور پنجاب اسمبلی میں گروپ بنا لیا

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے وزیر اعلیٰ سے کہا کہ یہ آخری بجٹ ہے لہٰذا ہمیں لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا چاہیے۔

سعید نیوانی نے کہا انہوں نے ہمیں بجٹ کے لیے منصوبوں اور اس کی تقسیم کے بارے میں بھی بتایا، گروپ نے اپنے اعتماد کا اظہار کیا اور اس کے بدلے میں یہ وعدہ کیا گیا کہ ان کے انتخابی حلقوں میں ترقیاتی کاموں کی راہ میں حائل مسائل اور لوگوں کی مشکلات کو حل کیا جائے گا۔

ترقیاتی کاموں اور مسائل کے حل کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے نذیر چوہان نے کہا کہ اراکین صوبائی اسمبلی کو ووٹ کے لیے اپنے اضلاع میں واپس جانا ہے اور اگلا انتخاب پی ٹی آئی کے تلے لڑنا ہے لہٰذا لوگوں کے اعتماد کے حصول کے لیے ان مسائل کا حل ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ان کے وزیر اعظم تھے، ہیں اور رہیں گے لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے اپنے انتخابی حلقوں میں عوام کے مسائل حل کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024