• KHI: Maghrib 5:58pm Isha 7:19pm
  • LHR: Maghrib 5:14pm Isha 6:41pm
  • ISB: Maghrib 5:15pm Isha 6:43pm
  • KHI: Maghrib 5:58pm Isha 7:19pm
  • LHR: Maghrib 5:14pm Isha 6:41pm
  • ISB: Maghrib 5:15pm Isha 6:43pm

خیبرپختونخوا: حلف اٹھانے کے ایک ماہ بعد وزرا کو قلمدان تفویض

شائع May 21, 2021
وزیراعلیٰ نے ایک مشیر اور 2 معاونینِ خصوصی کے قلمدانوں میں تبدیلی بھی کی—فائل فوٹو: ڈان نیوز
وزیراعلیٰ نے ایک مشیر اور 2 معاونینِ خصوصی کے قلمدانوں میں تبدیلی بھی کی—فائل فوٹو: ڈان نیوز

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے 3 وزرا کو حلف اٹھانے کے ایک ماہ سے زائد عرصے کے بعد قلمدان سونپ دیے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے ایک مشیر اور 2 معاونینِ خصوصی کے قلمدانوں میں تبدیلی بھی کی۔

محمد عاطف خان، فضلِ شکور خان اور شکیل احمد خان سے 14 اپریل کو گورنر خیبرپختونخوا نے وزارتوں کا حلف لیا تھا۔

ایک نوٹیفکیشن کے مطابق عاطف خان کو تین وزارتوں کے قلمدان دیے گئے ہیں جس میں خوراک، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی اور دو مشیر مستعفی

فضلِ شکور خان کو وزارت قانون، پارلیمانی امور اور انسانی حقوق کے قلمدان سونپے گئے جبکہ شکیل احمد خان کو پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی وزارت دی گئی ہے۔

تاہم وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور کے چھوٹے بھائی فیصل امین گنڈا پور، جنہیں بعد میں کابینہ میں شامل کیا گیا تھا، انہیں ابھی پورٹ فولیو دیا جانا باقی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات نے ڈان کو بتایا کہ فیصل گنڈا پور کو ممکنہ طور پر اگلے مرحلے میں وزارت دی جائے گی۔

خیال رہے کہ سابق صوبائی وزیر سیاحت محمد عاطف خان کو جنوری 2020 میں شہرام خان اور شکیل احمد کے ساتھ وزیراعلیٰ کے خلاف سازش کرنے پر ان کے عہدوں سے برطرف کردیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کی وزیراعلیٰ کے پی کو صوبائی وزیر قانون سے استعفیٰ لینے کی ہدایت

اس کے علاوہ تاج ترند کا قلمدان بھی تبدیل کیا گیا وہ معاون خصوصی برائے جیل کی حیثیت سے کام کررہے تھے اور اب معاون خصوصی برائے توانائی اور ٹیکسینشن کا منصب سنبھالیں گے۔

دوسری جانب رکن صوبائی اسمبلی سیف اللہ خان جو صوبائی معاون خصوصی برائے بدعنوانی، شکایتی سیل اور صوبائی انسپیکشن ٹیم کا منصب سنبھالے ہوئے تھے انہیں جیل خانہ جات کا قلمدان دے دیا گیا۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ کے 3 معاون خصوصی سمیت مشیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ضیااللہ بنگش، مشیر توانائی اور پاور حمایت اللہ خان اور معان خصوصی برائے ایکسائیز اینڈ ٹیکسینشن غازی غزن جمال نے اپنے عہدوں سے گزشتہ ماہ استعفیٰ دے دیا گیا تھا۔


یہ خبر 21 مئی 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 7 جنوری 2025
کارٹون : 6 جنوری 2025