اداکارہ امر خان طوفان میں رپورٹنگ کرنے والی صحافی کی معترف
گزشتہ ہفتے بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان تاؤتے اگرچہ خوش قسمتی سے پاکستان نہیں آیا لیکن مذکورہ طوفان کی وجہ سے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مٹی کا تیز طوفان، شدید گرمی اور اچانک بارش ہوئی تھی۔
تین دن قبل اچانک ہونے والی بارش سے قبل کراچی میں تین دن تک انتہائی تیز گرم ہوائیں چلتی رہی تھیں اور پھر اچانک موسم تبدیل ہوگیا تھا اور شہر بھر میں مٹی کے طوفان کے بعد بارش ہوگئی تھی۔
مذکورہ مٹی کے طوفان اور بارش کے دوران جہاں مرد رپورٹر فیلڈ میں کام کرتے دکھائی دیے، وہیں نجی ٹی وی سما کی خاتون رپورٹر بھی فیلڈ میں دکھائی دیں۔
سما ٹی وی کی رپورٹر زم زم خان نے 19 مئی کو کراچی کے فیریئر ہال پارک سے مٹی کے طوفان کے دوران رپورٹنگ کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: طوفان 'تاؤتے' سے پاکستان کو کوئی سنگین خطرہ نہیں، محکمہ موسمیات
مذکورہ خاتون رپورٹر کی ویڈیو نشر ہونے کے بعد جہاں صحافیوں نے ان کی تعریف کی، وہیں اداکارہ امر خان نے بھی انہیں ’بہادر‘ اور ’شیرنی‘ قرار دیا۔
اداکارہ امر خان نے زم زم خان کی ویڈیو کا اسکرین شاٹ اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے انہیں شیرنی قرار دیتے ہوئے ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
اداکارہ نے خاتون رپورٹر کے لیے مزید لکھا کہ ’ٓآندھیوں، طوفانوں سے لڑتے ہوئے کام کرنا‘۔
زم زم خان کی مذکورہ ویڈیو میں انہیں فیریئر ہال پارک میں کیمرے کے سامنے رپورٹنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دوران رپورٹنگ مٹی کے تیز طوفان کی لہر زم زم خان سے ٹکراتی ہے اور وہ خود کو بچانے کے لیے اپنی آنکھیں بند کرنے سمیت چہرے کو دوسری طرف موڑ لیتی ہیں۔
ویڈیو میں مٹی کے تیز طوفان کے باوجود زم زم خان کو اپنی بات مکمل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔