• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پی ایس ایل 6 کا دوبارہ آغاز، تمام ٹیموں کے کپتان بہترین کھیل کیلئے پرعزم

شائع May 21, 2021
پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز کا آغاز ممکنہ طور پر 5جون سے ہو گا— فائل فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز کا آغاز ممکنہ طور پر 5جون سے ہو گا— فائل فوٹو بشکریہ پی ایس ایل

پاکستان کرکٹ بورڈ کو پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز ابوظبی میں منعقد کرانے کی منظوری مل گئی ہے جس سے ناصرف شائقین بلکہ تمام ٹیموں میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

چند مسائل کے سبب ایونٹ کے ایک مرتبہ التوا کا خطرہ منڈلانے لگا تھا لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششوں سے اب ایونٹ متحدہ عرب امارات میں مکمل کیا جائے گا اور ابوظبی میں ٹورنامنٹ کے انعقاد کی منظوری مل گئی ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل سیزن 6: کہانی ایک پھٹے ہوئے بلبلے کی

کورونا وائرس کے باعث ملتوی ہونے والی پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ20 میچز ابوظبی میں کھیلے جائیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا 2016 میں منعقد ہونے والا افتتاحی ایڈیشن مکمل طور پر متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوا تھا جس میں 24 میچز کھیلے گئے تھے۔

اس کے بعد لیگ کے پہلے ایڈیشن کے دوسرے ایڈیشن کے 23، 2018 کے ایڈیشن کے 31 اور 2019 میں پی ایس ایل کے 26 میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے اور ابوظبی کا شیخ زید اسٹیڈیم اس سے قبل بھی پاکستان سپر لیگ کے 4 میچز کی میزبانی کرچکا ہے۔

لیگ کا پانچواں ایڈیشن مکمل طور پر پاکستان میں کھیلا گیا جبکہ ایڈیشن 2021 کے ابتدائی 14 میچز کے بعد کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث 4 مارچ کو لیگ کو ملتوی کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: فرنچائزز کا پی ایس ایل 2021 کے بقیہ میچز متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کا مطالبہ

اب لیگ کے دوبارہ انعقاد کی خبر سے جہاں شائقین کے چہرے کھل اٹھے ہیں وہیں تمام تمام ٹیموں میں جوش و جذبے کی نئی لہر دوڑ گئی ہے اور انہوں نے مکمل جوش و خروش سے ایونٹ کی تیاری شروع کردی ہے۔

ٹورنامنٹ 5 جون سے ابوظہبی میں شروع ہونے کا امکان ہے اور ایونٹ کا فائنل ممکنہ طور پر 20 جون کو ہو گا تاہم حتمی شیڈول کا پی سی بی کی جانب سے جلد اعلان متوقع ہے۔

لیگ میں شامل تمام چھ ٹیموں کے کپتان بھی اب متحدہ عرب امارات کے صحراؤں میں ٹرافی کے حصول کی جنگ لڑنے کے منتظر ہیں۔

اس وقت دفاعی چیمپئن کراچی کنگز پانچ میں سے تین میچز میں فتح کی بدولت 6 پوائنٹس کے ساتھ الحال پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ کراچی کنگز کے علاوہ مزید تین ٹیموں پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے بھی چھ پوائنٹس ہیں بہتر رن ریٹ کی وجہ سے کراچی کنگز کو پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل ہے۔

ملتان سلطانز کی ٹیم ایونٹ کے پانچ میچز میں صرف ایک جیت کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر موجود ہےجبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 2021: متبادل کھلاڑیوں کے ڈرافٹ میں رسل، شکیب اور گپٹل کا انتخاب

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کا دوبارہ آغاز کھلاڑیوں اور لیگ کے مداحوں کے لیے بہت خوش آئند خبر ہے، ہم نے کراچی میں پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ کیا اور اب متحدہ عرب امارات پر بھی اسی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مارٹن گپٹل اور تھسارا پریرا جیسے تجربہ کار ٹی20 اسپیشلسٹ کی رپلیسمنٹ ڈرافٹ کے ذریعے اسکواڈ میں شمولیت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے جبکہ شرجیل خان بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرچکے ہیں اور محمد عامر ہمارے باؤلنگ اٹیک کا اہم ترین ہتھیار ہوں گے۔

کراچی کنگز کے کپتان نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں کھیلنا ہمیشہ اچھا تجربہ رہا ہے اور ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرنے کی کوشش کریں گے۔

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے لیگ کے دوبارہ آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں زلمی کا ریکارڈ شاندار رہا ہے اور وہاں کی کنڈیشنز ہمیشہ زلمی کے لیے موزوں رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دیگر ٹیموں کی طرح ہم نے بھی متبادل غیرملکی کھلاڑیوں کو پک کرلیا ہے، فیبیئن ایلن، روومین پاول اور فیڈل ایڈورڈز ٹی20 اسپیشلسٹ ہیں اور ان تینوں کھلاڑیوں کی موجودگی کا فائدہ اٹھا کر متحدہ عرب امارات میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کے انعقاد کیلئے پی سی بی کا ایمریٹس کرکٹ بورڈ سے رابطہ

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باوجود پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز کا انعقاد بہت بڑا اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات سے کرکٹ سے کئی حسین یادیں وابستہ ہیں، یونائیٹڈ نے یہاں کھیلا گیا افتتاحی ایڈیشن جیتا تھا جبکہ 2017 میں ایونٹ کے دوران عمدہ کارکردگی کی بدولت مجھے قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک با رپھر متحدہ عرب امارات میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرامید ہیں اور عثمان خواجہ جیسے غیرملکی کھلاڑیوں کی موجودگی سے ہماری بیٹنگ لائن اپ مزید مضبوط ہوگئی ہے۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا ہے کہ لیگ کے کراچی میں کھیلے گئے میچز بہت سنسنی خیز رہے، گوکہ قلندرز کی ٹیم فی الحال چوتھی پوزیشن پر موجودہے تاہم پوائنٹس ٹیبل پر براجمان ابتدائی تینوں پوزیشنز کی ٹیموں کے پوائنٹس بھی قلندرز کے برابر ہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایڈیشن کے بقیہ میچز متحدہ عرب امارات میں ہونے سے ہمیں عرب سرزمین پر اپنا پرانا ریکارڈ بہتر کرنے نادر موقع میسر آیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ کالم فرگیوسن اور جیمز فالکنر کے علاوہ ہمارے مقامی کھلاڑی بھی ایونٹ کے بقیہ میچز میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے بھی بہترین کھیل کا اعزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ کراچی میں کھیلے گئے لیگ کے ابتدائی میچز میں ہماری کارکردگی متاثرکن نہیں رہی تاہم ریپلیسمنٹ ڈرافٹ میں بہترین غیرملکی کھلاڑیوں کو پک کرنے کے بعد اب ہمیں متحدہ عرب امارات میں بہتر کھیل کی امید ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز ابوظبی میں کرانے کی منظوری مل گئی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہمارے لیے کراچی میں کھیلے گئے میچز چیلنجنگ رہے تاہم لیگ کے التوا سے قبل آخری میچ میں ہدف کا کامیابی سے دفاع کرنے سے ہمارے اعتماد میں اضافہ ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اسی اعتماد کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے میدانوں کا رخ کریں گے اور وہاں کی پچز اور کنڈیشنز ہمیشہ ہمارے لیے سازگار رہتی ہیں۔

سرفراز نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے ٹی20 اسپیشلسٹ آندرے رسل کی آمد سے ہمارا اسکواڈ مزید مضبوط ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024