• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

2 یا 3 ہفتے میں حدیبیہ پیپر ملز کیس دائر کردیں گے، شیخ رشید

شائع May 20, 2021
وزیر داخلہ شیخ رشید لاہور میں پریس کانفرنس کر رہے ہیں - فوٹو:ڈان نیوز
وزیر داخلہ شیخ رشید لاہور میں پریس کانفرنس کر رہے ہیں - فوٹو:ڈان نیوز

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ شریف خاندان کے خلاف حدیبیہ پیپر ملز کیس 2 سے 3 ہفتے میں دائر کردیں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 'یہ بہت بزدل لوگ ہیں، ہر کوئی وطن واپس آنا چاہتا ہے اور یہ ملک سے بھاگ رہے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'جس دن شہباز شریف کی ضمانت ہوئی اسی دن انہوں نے ٹکٹ کرایا، یہ بھاگنا چاہتے تھے'۔

انہوں نے کہا کہ 'ملک کے آدھے مسئلے حل ہوجائیں اگر ہم صحیح کیس تیار کریں اور ہماری تحقیقات ایسی ہوں کہ ہم عدالتوں سے اپنے کیس کی منظوری کراسکیں'۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات ہوئی ہے اور اس میں سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: حدیبیہ کیس میں شہباز شریف کا ٹرائل کیا جاسکتا ہے، بابر اعوان

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 'وزیر اعلیٰ نے مجھ سے خاص طور پر کہا ہے کہ اگر جہانگیر ترین کے لوگوں کو گلہ ہے تو وہ ہمیں بتائیں، وہ کسی قسم کی انتقامی کروائی نہ کر رہے ہیں اور نہ کرنے کی خواہش رکھتے ہیں'۔

شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالے جانے کے حوالے سے سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 'یہ بزدل لوگ ہیں، دنیا میں تمام اپوزیشن لیڈر وطن واپس آنا چاہتے ہیں اور یہ بھاگنا چاہتے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'بہادر آدمی بہادر ہوتا ہے، میں ملک سے بھاگنے کے بجائے اڈیالا جیل میں پھانسی پر لٹکنا پسند کروں گا'۔

انہوں نے بتایا کہ 'شریف خاندان کے 5 لوگ مفرور ہیں، 14 ملزم ہیں جن میں سے 4 سلطانی گواہ بن چکے ہیں'۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 'شہباز شریف شاید اسے پسند نہ کریں مگر وہ 15 روز کے اندر ای سی ایل میں نام کے اندراج کے خلاف اپیل کرسکتے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'نواز شریف کے کیس میں بہت منظم طریقے سے کھیلا گیا، میں بھی ان 14 وزرا میں تھا جنہوں نے کہا تھا کہ انہیں جانے دیا جائے'۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 'میں دل سے یہ کہہ رہا ہوں، جہانگیر ترین کا گروپ عمران خان کو ہی ووٹ دے گا، مجھے کوئی شک نہیں ان پر، گلے شکوے ہوتے ہیں ہمیں اسے دور کرنا چاہیے'۔

یہ بھی پڑھیں: موجودہ اپوزیشن عمران خان کیلئے چیلنج نہیں، سہولت کار ہے، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ 'وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد نہیں آرہی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں احتساب نہیں دیکھتا، شہزاد اکبر دیکھتے ہیں، میں اس چیز کا جوابدہ ہوں جو مجھ سے منسلک ہے'۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 'علی ظفر کو اپنی رپورٹ دے دینی چاہیے، ان پر جہانگیر ترین کے لوگ بھی اعتماد کرتے ہیں اور حکومت بھی، وہ اپنی رپورٹ جمع کراکر جان چھڑائیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں اپنی بات پر قائم ہوں مسلم لیگ (ن) میں دو دھڑے ہیں جس میں سے ایک شہباز شریف کا جو میری پارٹی ہے اور دوسرا نواز شریف اور مریم نواز کا جس نے انہیں اس مقام تک پہنچایا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'آج پی ڈی ایم کہاں ہے، پی ڈی ایم ٹائیں ٹائیں فش ہے، مجھے مولانا فضل الرحمٰن سے ہمدردی ہے'۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 'جہانگیر ترین سمجھدار ہے، اس ملک کو بحران میں نہیں ڈالنا، ملک عمران خان کی قیادت میں بہتری کی جانب جارہا اسے جانے دیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'وزیر اعظم کو کسی سے کوئی خطرہ نہیں اور وہ اس بحران سے سرخرو ہوکر نکلیں گے'۔

مہگائی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے شوکت ترین سے گزارش کی ہے کہ مہنگائی پر اقدامات کریں تنخواہ دار طبقے کا اپنی تنخواہ میں گزارا نہیں ہوتا'۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024