• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

فلم پالیسی کا اعلان جون میں کریں گے، فواد چوہدری

شائع May 20, 2021
فلم پالیسی کے شوبز انڈسٹری پر دیرپہ اثرات ہوں گے، فواد چوہدری—فائل فوٹو: ٹوئٹر
فلم پالیسی کے شوبز انڈسٹری پر دیرپہ اثرات ہوں گے، فواد چوہدری—فائل فوٹو: ٹوئٹر

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ ماہ جون میں بنائی گئی فلم پالیسی کا اعلان کرے گی۔

فواد چوہدری سے قبل سابق وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اکتوبر 2020 میں بتایا تھا کہ فلم پالیسی بنالی گئی ہے اور اس کا نفاذ مارچ 2021 تک کردیا جائے گا۔

تاہم مارچ کو دو ماہ گزر جانے کے باوجود فلم پالیسی کا اعلان نہیں کیا جا سکا تھا اور اب فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ ماہ تک پالیسی کا اعلان کردیا جائے گا۔

فواد چوہدری نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ میں وزارت اطلاعات و نشریات کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ نئی فلم پالیسی میں فلموں پر تمام بڑے ٹیکسز ختم کردیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: فلم پالیسی بن چکی، مارچ تک نافذ کردیں گے، وفاقی وزیر اطلاعات

وزیر اطلاعات و نشریات کے مطابق نئی پالیسی میں فلم اور ڈراما صنعت کو کئی فوائد دیے گئے ہیں، جن سے دونوں فیلڈز کو فائدہ ہوگا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ انہیں اُمید ہے کہ نئی فلم پالیسی کے سینما انڈسٹری پر دیرپہ بہترین اثرات ہوں گے۔

ان سے قبل وزارت اطلاعات و نشریات کی ٹوئٹ میں بتایا گیا تھا کہ فواد چوہدری سے پاک فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن (پی ایف پی اے) کے وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین (ر) سلیم باجوہ بھی موجود تھے۔

ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ ملاقات کے دوران نئی فلم پالیسی کے اعلان سمیت فلم و ڈراما انڈسٹری کو بڑے ٹیکسز سے چھوٹ دینے سمیت دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم نے فلم انڈسٹری کی بحالی کے اقدامات کی منظوری دے دی

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ستمبر 2020 میں سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی سفارشات کے بعد فلم انڈسٹری کی بحالی کی منظوری دیتے ہوئے فلم پالیسی بنانے کی ہدایت کی تھی۔

وزیر اعظم کی ہدایت کے بعد وزارت اطلاعات و نشریات نے دیگر وزارتوں اور اداروں کے ساتھ مل کر پالیسی پر کام شروع کیا تھا اور اکتوبر 2020 میں شبلی فراز نے بتایا تھا کہ فلم پالیسی بن چکی ہے اور اسے 2021 کی پہلی سہ ماہی تک نافذ کیا جائے گا۔

تاہم مارچ تک فلم پالیسی کو نافذ نہیں کیا جا سکا تھا جب کہ گزشتہ ماہ اپریل میں متعدد اداکاروں کی جانب سے ڈراما پروڈیوسرز سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ پرانے ڈرامے کو دوبارہ نشر کرنے پر اداکاروں کو بھی دوبارہ معاوضہ دیں تو اس پر سینیٹ کی اطلاعات و نشریات کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین فیصل جاوید خان نے شوبز پالیسی میں مذکورہ معاملے سے متعلق ترمیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر کی جانب سے شوبز پالیسی میں قانون سازی کی ترمیم کے اعلان کے بعد اداکاروں نے ان کی تعریف بھی کی تھی۔

خیال کیا جا رہا تھا کہ شاید فیصل جاوید خان کی جانب سے شوبز پالیسی میں ترمیم کے اعلان کی وجہ سے فلم پالیسی کے اعلان میں تاخیر ہوئی ہوگی اور اب فواد چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ ماہ جون میں پالیسی نافذ کردی جائے گی۔

خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے شوبز انڈسٹری کو 1992 میں ہی صنعت کا درجہ دے دیا تھا، تاہم اس ضمن میں کوئی نمایاں قانونی سازی، پالیسی یا ضوابط کا نفاذ نہیں کیا گیا تھا، جس وجہ سے انڈسٹری بعض بحرانوں کا شکار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024