• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کیا پی ایس ایل 6 ایک مرتبہ پھر ملتوی؟

پی سی بی کے مطابق متحدہ عرب امارات سے میچز کے انعقاد کی منظوری مل گئی ہے لیکن چند امور پر وضاحت درکار ہے— فائل فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
پی سی بی کے مطابق متحدہ عرب امارات سے میچز کے انعقاد کی منظوری مل گئی ہے لیکن چند امور پر وضاحت درکار ہے— فائل فوٹو بشکریہ پی ایس ایل

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز کے انعقاد کے لیے متحدہ عرب امارات کے متعلقہ حکام سے منظوری مل گئی ہے تاہم چند معاملات پر وضاحت کے بعد لیگ کے بقیہ میچز کے انعقاد کے حوالے سے جمعرات کو حتمی اعلان کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے مطابق پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز کے جون میں انعقاد سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیداران اور تمام چھ فرنچائزز کے نمائندگان کا آن لائن اجلاس آج منعقد ہوا۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کے انعقاد کیلئے پی سی بی کا ایمریٹس کرکٹ بورڈ سے رابطہ

پی سی بی نے اجلاس میں شریک فرنچائزکے نمائندگان کو ایونٹ کے بقیہ میچزکے انعقاد سے متعلق معاملات پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ بقیہ میچز کے انعقاد سے متعلق کسی حتمی فیصلے تک پہنچنے سے قبل جمعرات تک متحدہ عرب امارات کے حکام کے جواب کا انتظار کیا جائے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ آج اجلاس میں تمام ٹیموں کے مالکان کو بتایا کہ لیگ کے بقیہ میچز کے انعقاد کے لیے متحدہ عرب امارات موجود متعلقہ حکام کی طرف سے پی سی بی منظوری مل گئی ہے تاہم اب بھی چند معاملات پر ہمیں وضاحت درکار ہے جو جمعرات کو کس بھی وقت تک ملنے کا امکان ہے۔

وسیم خان کا کہنا ہے کہ ٹیم مالکان نے اتفاق کیا ہے کہ اگر پی سی بی کو ان معاملات پر جمعرات تک وضاحت نہیں ملتی، تو پھر ایونٹ کے بقیہ میچز کو ملتوی کرنے کے علاوہ کوئی آپشن باقی نہیں رہتا۔

انہوں نے کہا کہ اس دوران ہم یو اے ای کی حکومت اور ایمریٹس کرکٹ بورڈ سے رابطے میں رہیں گے کیونکہ وہ بھی لیگ کے بقیہ میچز کے امارات میں انعقاد کے لیے کوشاں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز جون میں ہوں گے

باوثوق ذرائع کے مطابق پی سی بی کو ابوظہبی حکومت کی کڑی شرائط کی وجہ سے ایونٹ کے عرب سرزمین پر انعقاد میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق لاجسٹک مسائل اور براڈکاسٹ عملے کی ویکسینیشن کا معاملہ لیگ کے انعقاد میں رکاوٹ بن رہا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہوا تھا اور ایونٹ کے میچز اس مرتبہ ملک کے دو شہروں کراچی اور لاہور میں کھیلے جانے تھے تاہم 4 مارچ کو پاکستان سپر لیگ کو 7 کھلاڑیوں اور دیگر میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

تاہم اپریل میں پی سی بی نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے یکم جون سے ایونٹ کے دوبارہ کراچی میں انعقاد کا فیصلہ کیا تھا اور کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر لاہور میں میچز کے انعقاد کے منصوبے کو منسوخ کردیا گیا تھا۔

جون میں ایونٹ کے بقیہ میچز کے انعقاد کے لیے علیحدہ سے ڈرافٹ بھی کیا گیا جس میں غیرملکی کھلاڑیوں سے محروم فرنچائزوں نے ان کے متبادل کا انتخاب کیا لیکن بین الاقوامی مصروفیات کے سبب مشہور کھلاڑی لیگ کے لیے دستیاب نہ ہو سکے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 2021: متبادل کھلاڑیوں کے ڈرافٹ میں رسل، شکیب اور گپٹل کا انتخاب

بعدازاں پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت اور سابقہ تجربات کے پیش نظر تمام فرنچائزوں نے پی سی بی سے لیگ کو متحدہ منتقل کرنے کی درخواست کی جسے منظور کر لیا گیا۔

پاکستان نے میچز کے انعقاد کے لیے امارات کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا تھا لیکن ابھی تک کچھ امور پر وضاحت درکار ہے جس کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کیا جا سکے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024