• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سپر ماڈل 51 سال کی ہونے سے 4 دن قبل ماں بن گئیں

شائع May 19, 2021
سپر ماڈل نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے ماں بننے کا اعلان کیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
سپر ماڈل نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے ماں بننے کا اعلان کیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

برطانوی ماڈل، سماجی رہنما، فیشن ڈیزائنر اور کاروباری خاتون ناؤمی کامپبیل (نیومی کمپبیل) 51 سال عمر ہونے سے محض 4 دن قبل ماں بن گئیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ناؤمی کامپبیل (نیومی کمپبیل) نے 18 مئی کو اپنے ہاں پہلی بچی کی ولادت سے متعلق انسٹاگرام پوسٹ کی، جسے ایک گھنٹے میں لاکھوں افراد نے لائک کیا اور انہیں مبارک باد پیش کی۔

ناؤمی کامپبیل نے انسٹاگرام پوسٹ میں نوزائیدہ بچی کے پاؤں کو اپنے ہاتھوں میں تھامنے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ایک ننہی پری نے انہیں ماں کے لیے منتخب کیا، جس پر وہ بے حد خوش ہیں۔

انہوں نے نوزائیدہ بچی کو پری اور ننھا فرشتہ قرار دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور لکھا کہ وہ اپنی خوشی کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتیں۔

ناؤمی کامپبیل کی جانب سے ماں بننے کی خوشخبری کا اعلان کرنے کے بعد ماڈل کی عمر رسیدہ والدہ نے بھی اپنے ہاں نواسی کی پیدائش کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا کہ بلآخر وہ نانی ماں بن گئیں۔

سپر ماڈل کے ہاں زائد العمری میں پہلے بچے کی پیدائش پر کئی شوبز و فیشن شخصیات سمیت کاروباری افراد نے انہیں مبارک باد دیتے ہوئے ناؤمی کامپبیل کو بہادر قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: شکر ہے جنسی غلام بننے سے بچ گئی، برطانوی سپر ماڈل

سپر ماڈل نے واضح نہیں کیا کہ ان کے ہاں بچی کی پیدائش کب ہوئی؟ کیوں کہ ناؤمی کامپبیل نے اپنے ہاں بچے کی متوقع پیدائش سے متعلق بھی کوئی اعلان نہیں کیا تھا۔

ناؤمی نے گزشتہ برس فیشن و ماڈلنگ سمیت کاروباری مصروفیات سے کچھ وقت کے لیے دور رہنے کا اعلان کیا تھا، تاہم انہوں نے اس طرح کا کوئی بیان نہیں دیا تھا کہ ان کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

سپر ماڈل 22 مئی کو 51 برس کی ہوجائیں گی—فائل فوٹو: اے ایف پی
سپر ماڈل 22 مئی کو 51 برس کی ہوجائیں گی—فائل فوٹو: اے ایف پی

ناؤمی کامپبیل غیر شادی شدہ ہیں، تاہم ماضی میں ان کے متعدد افراد سے تعلقات رہے ہیں اور یہ بھی واضح نہیں ہے کہ ان کے ہاں پیدا ہونے والی بچی کے والد کون ہیں؟

برطانوی اخبار دی سن نے اس حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ خبریں ہیں کہ گزشتہ 18 ماہ سے ناؤمی امریکی شخص سے تعلقات میں رہی ہیں اور دونوں کے درمیان متعدد ملاقاتیں بھی ہوئیں۔

تاہم رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ ناؤمی کامپبیل کے ہاں پیدا ہونے والی بچی کے والد وہی امریکی شخص ہیں اور یہ بھی خبریں ہیں کہ ماڈل کے ہاں پیدا ہونے والی بچی سروگیسی (کرائے کی کوکھ) کے ذریعے پیدا ہوئی ہیں، یعنی ان کی بچی کو کسی اور خاتون نے جنم دیا ہوگا۔

تاہم اس حوالے سے ماڈل نے کوئی وضاحت جاری نہیں کی اور نہ ہی فوری طور پر سپر ماڈل کے قریبی افراد نے ایسی کسی خبر کی تصدیق یا تردید کی ہے۔

ناؤمی کامپبیل کے اردن کی شہزادی رانیہ سمیت کئی طاقتور خواتین کے ساتھ بہتر تعلقات ہیں—فوٹو: اے ای ورلڈ
ناؤمی کامپبیل کے اردن کی شہزادی رانیہ سمیت کئی طاقتور خواتین کے ساتھ بہتر تعلقات ہیں—فوٹو: اے ای ورلڈ

خیال رہے کہ ناؤمی کامپبیل برطانوی ماڈل، کاروباری خاتون اور سماجی کارکن ہیں، انہوں نے محض 15 برس کی عمر میں ماڈلنگ کی شروعات کی۔

ناؤمی کامپبیل کو برطانیہ کی پہلی سیاہ فام سپر ماڈل کا اعزاز بھی حاصل ہے، وہ 1980 سے 1990 کے بعد تک ماڈلنگ کی دنیا میں چھائی رہیں۔

ان کا شمار دنیا کی معروف ترین، بااثر ترین اورامیر ترین ماڈلز میں ہوتا ہے۔

ان کو سیاہ فام ہونے کی وجہ سے کئی سال تک میک اپ برانڈز کی تشہیر کے لیے بھرتی نہیں کیا جاتا تھا، انہیں 2000 کے بعد خوبصورتی کی مصنوعات بنانے والے برانڈز نے تشہیر کے لیے بھرتی کیا۔

ماضی میں ناؤمی کامپبیل کے تعلقات ارب پتی عرب شخص حسن جمیل سےبھی رہے—فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
ماضی میں ناؤمی کامپبیل کے تعلقات ارب پتی عرب شخص حسن جمیل سےبھی رہے—فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

انہیں کیریئر میں کئی طرح کے الزامات اور مقدمات کا سامنا بھی رہا، ان پر زیادہ تر اپنے ملازمین کے ساتھ نازیبا رویہ اختیار کرنے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے مقدمات ہوتے رہے۔

سپر ماڈل نے کم سے کم 2 بار منگنی کی، تاہم دونوں منگنیوں کو شادیوں سے پہلے ہی ختم کردیا اور بعد ازاں ان کے نام کئی امیر ترین افراد کے ساتھ بھی جوڑے جاتے رہے۔

ناؤمی 22 مئی کو اپنا جنم دن مناتی ہیں، رواں ہفتے کے اختتام تک وہ 51 سال کی ہوجائیں گی اور انہوں نے 51 سال عمر ہونے سے محض 4 دن قبل اپنے ہاں بچی کی پیدائش کا اعلان کرکے دنیا کو حیران کردیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024