• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

راولپنڈی رنگ روڈ کی نئی الائنمنٹ کا آغاز

شائع May 19, 2021
اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ نئی الائنمنٹ بدعنوانی سے پاک ہو، کمشنر راولپنڈی سید گلزار حسین شاہ - فائل فوٹو:ڈان
اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ نئی الائنمنٹ بدعنوانی سے پاک ہو، کمشنر راولپنڈی سید گلزار حسین شاہ - فائل فوٹو:ڈان

پنجاب حکومت ننے راولپنڈی رنگ روڈ کی نئی الائنمنٹ کا آغاز کردیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے انتہائی ضروری راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی الائنمنٹ میں مبینہ تبدیلیوں کے نوٹس لینے کے بعد کیا گیا ہے جس سے نہ صرف اس منصوبے کی لاگت میں 25 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے بلکہ مبینہ طور پر چند نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو فائدہ ہوا ہے۔

جہاں راولپنڈی رنگ روڈ (آر آر آر) منصوبے کا تنازع گہرا ہوتا جارہا ہے وہیں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور وزیر ایوی ایشن غلام سرور نے کہا ہے کہ اگر ان کے خلاف بدعنوانی کے الزامات ثابت ہوگئے تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے۔

حکومت پنجاب کے سینئر عہدیدار کے مطابق راولپنڈی کے کمشنر کے علاوہ ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل کمشنر کی دو علیحدہ علیحدہ فیکٹ فائنڈنگ (حقائق تلاش کرنے والی) رپورٹ وزیر اعظم عمران خان کے دفتر پہنچنے پر آر آر آر کیس کو قومی احتساب بیورو (نیب) اور محکمہ انسداد بدعنوانی (اے سی ڈی) کے پاس بھجوا دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کی نئی تحقیقات کا حکم

دوسری جانب صوبائی حکومت نے رنگ روڈ کی نئی الائنمنٹ کا کام بھی شروع کردیا ہے۔

کمشنر راولپنڈی سید گلزار حسین شاہ نے پنجاب کے چیف سکریٹری کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق راولپنڈی رنگ روڈ کی الائنمنٹ پر کام شروع کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ نئی الائنمنٹ بدعنوانی سے پاک ہو۔

چیف سکریٹری نے ہدایت کی کہ لاگت کے تخمینے کے ساتھ متبادل تجاویز جلد سے جلد ان کے پاس پیش کی جائیں تاکہ اسی بجٹ کے ذریعے منصوبہ مکمل کیا جاسکے۔

انہوں نے تمام افواہوں کو مسترد کیا جس میں کہا گیا تھا کہ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ بند کردیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے رہائشیوں کے لیے اس منصوبے کی اہمیت واضح ہے لہذا اس کو روکنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ' دراصل اسے انفرادی مفادات کے بجائے کرپشن فری اور عوامی مفاد میں بنایا گیا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: 'رنگ روڈ اسکینڈل کے نتیجے میں اربوں روپیہ کھانے سے بچایا گیا'

انہوں نے جلد از جلد پی سی ون جمع کروانے کی ہدایت کی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کے چیف سکریٹری کو راولپنڈی رنگ روڈ کے بارے میں ویڈیو لنک کے ذریعے ایک اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

اس اجلاس کے دوران ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نازیہ سدھن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) کیپٹن (ر) قاسم اعجاز، آر ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر عزیز اللہ اور متعلقہ دیگر سرکاری عہدیدار موجود تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024