• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

اداکارہ رابعہ بٹ، امداد کیلئے فیصل ایدھی کے ساتھ فلسطین جانے کی خواہاں

شائع May 18, 2021
فیصل ایدھی  نے پاکستان میں واقع فلسطینی سفارتخانے کو خط لکھا تھا
— فائل فوٹوز: انسٹاگرام/ فیس بک
فیصل ایدھی نے پاکستان میں واقع فلسطینی سفارتخانے کو خط لکھا تھا — فائل فوٹوز: انسٹاگرام/ فیس بک

پاکستانی ڈراموں کی معروف اداکارہ رابعہ بٹ نے فلسطین میں جاری اسرائیلی حملوں اور پرتشدد کارروائیوں کے تناظر میں فیصل ایدھی کی امدادی ٹیم کے ہمراہ فلسطین جانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

رابعہ بٹ نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ 'میری خواہش ہے کہ میں بھی فلسطین جاؤں'۔

انہوں نے لکھا کہ 'اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی مدد کے لیے میں فلسطین کے ویزا کی درخواست دینے کا سوچ رہی ہوں، کیا کوئی مدد کرسکتا ہے؟'۔

مزید پڑھیں: اسرائیلی حملے: فیصل ایدھی کا امدادی ٹیم فلسطین بھیجنے کا فیصلہ

خیال رہے کہ گزشتہ روز معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کے بیٹے اور ایدھی فاؤنڈیشن کے چیئرمین فیصل ایدھی نے پاکستان میں واقع فلسطینی سفارتخانے کو خط لکھا تھا اور امدادی ٹیم بھیجنے کی پیشکش کرتے ہوئے ویزا جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔

—فوٹو:اسکرین شاٹ
—فوٹو:اسکرین شاٹ

فلسطینی سفیر کو ارسال کیے گئے خط میں فیصل ایدھی نے کہا تھا کہ عبدالستار ایدھی کے انسانیت کی خدمت کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے ہم اس مشکل وقت میں فلسطین کے لوگوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔

خط میں کہا گیا تھا کہ ہم ہر سطح پر اور خاص طور پر فلسطین کے لوگوں کو خوراک اور طبی امداد فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

فیصل ایدھی نے کہا کہ ہمیں، جنگ، زلزلے، حادثات اور طوفانوں وغیرہ میں امدادی کارروائیاں سرانجام دینے کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔

خط میں کہا گیا تھا کہ ہم نے انڈونیشیا میں سونامی، پاکستان اور نیپال میں زلزلے اور لبنان-اسرائیل جنگ کے دوران بھی خدمات سرانجام دی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کی غزہ پر پیر کی صبح بھاری بمباری، ’ہسپتالوں تک جاتی تمام سڑکیں تباہ‘

فیصل ایدھی نے خط میں کہا تھا کہ 'ہمارے پاس رضاکاروں کی ٹیم موجود ہے جن کے پاس امدادی کام کا تجربہ ہے'۔

خط میں کہا گیا تھا کہ 'ابتدائی طور پر ہم اسرائیلی حملوں میں متاثر ہونے والوں کو خوراک اور صحت کی سہولیات فراہم کریں گے'۔

مزید کہا گیا تھا کہ ہماری ٹیم سے فیصل ایدھی، محمد احمد، اقرار الحسن، ناصر عزیز اور فیصل ایدھی کے بیٹے سعد ایدھی فلسطین جانے کے لیے تیار ہیں۔

خط میں مزید کہا گیا تھا کہ ہم آپ سے مذکورہ افراد کے ویزا جاری کرنے کی درخواست کرتے ہیں اور فلسطین میں امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی اجازت طلب کرتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024