• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

شوکت ترین، نو تشکیل شدہ ایکنک کی سربراہی کریں گے

شائع May 18, 2021
ان کے علاوہ جنوری میں دوبارہ تشکیل دی جانے والی ایکنک کے تمام اراکین وہی رہیں گے—فائل فوٹو: ڈان نیوز
ان کے علاوہ جنوری میں دوبارہ تشکیل دی جانے والی ایکنک کے تمام اراکین وہی رہیں گے—فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کے جانے سے پیدا ہونے والے خلا کو پر کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کی تشکیل نو کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کابینہ ڈویژن سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ وزیر خزانہ شوکت فیاض احمد ترین ترقیاتی کاموں کے فیصلے کرنے والی 8 رکنی بین الصوبائی باڈی کی سربراہی کریں گے۔

ان کے علاوہ جنوری میں دوبارہ تشکیل دی جانے والی ایکنک کے تمام اراکین وہی رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: شوکت ترین کو اقتصادی مشاورتی بورڈ کے سربراہ تعینات کیے جانے کا امکان

جن میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار اور وزیر توانائی حماد اظہر وفاقی کابینہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔

ان کے علاوہ ایکنک میں وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت، سندھ کے نثار احمد کھوڑو، خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا اور بلوچستان سے کمیونکیشن اور ورکس کے وزیر نوابزادہ طارق خان مگسی شامل ہیں۔

پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر عشرت حسین اور عبدالرزاق داؤد کے ساتھ ساتھ وفاقی سیکریٹریز برائے اقتصادی امور، خزانہ اور منصوبہ بندی، پنجاب اور سندھ کے پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ کے چیئرمینز جبکہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے سیکریٹری ترقیات کو بھی تمام اجلاسوں میں مدعو کیا جائے گا۔

ان کے علاوہ ضرورت پڑنے پر اجلاس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ ساتھ حکومت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے متعلقہ حکام کو بھی بلایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: شوکت ترین نے وزیر خزانہ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

مالیاتی ضوابط کے تحت سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) کو 10 ارب روپے مالیت تک کی ترقیاتی اسکیمز کی منظوری کا اختیار حاصل ہے اور اس سے زائد لاگت کے منصوبے منظوری کے لیے ایکنک کو بھیجے جاتے ہیں۔

جس کے بعد وزیراعظم کی سربراہی میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ کی نمائندگی والی اعلیٰ ترین فیصلہ ساز باڈی قومی اقتصادی کونسل ترقیاتی اسکیموں کے لیے بجٹ مختص کرتی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 16 تاریخ کو وزیراعظم نے کابینہ میں رد و بدل کرتے ہوئے حماد اظہر کی جگہ شوکت ترین کو وزیر خزانہ مقرر کیا تھا جنہوں نے اگلے ہی روز اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024