• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ملک ریاض اور انکی اہلیہ کا دبئی سے واپسی پر کورونا ٹیسٹ کروانے سے انکار

شائع May 18, 2021
ملک ریاض کے ساتھ آنے والے دیگر مسافروں نے ٹیسٹ کروایا جس کا نتیجہ منفی آیا—فائل فوٹو: رائٹرز
ملک ریاض کے ساتھ آنے والے دیگر مسافروں نے ٹیسٹ کروایا جس کا نتیجہ منفی آیا—فائل فوٹو: رائٹرز

لاہور: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کووِڈ 19 کی پابندیوں سے انحراف کرنے پر ریئل اسٹیٹ ٹائیکون ملک ریاض اور ان کی اہلیہ کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملک ریاض اور ان کی اہلیہ بینا ریاض کی جانب سے کووِڈ 19 کا ٹیسٹ کروانے سے انکار پر ایئرپورٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسر/ ایئرپورٹ منیجر نے اپنی سفارشات کراچی میں سی اے اے ہیڈکوارٹر میں اعلیٰ حکام کو بھجوائیں۔

یاد رہے کہ سی اے اے نے یکم مئی کو ملک میں آنے والے مسافروں کے لیے نئے پروٹوکولز جاری کیے تھے جس میں تمام بین الاقوامی ایئر لائنز کو ہدایت کی گئی تھی کہ تمام مسافروں اور عملے کے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک ریاض: ادنیٰ ٹھیکیدار سے رئیل اسٹیٹ ٹائیکون بننے تک کا سفر

اعلامیے میں مزید کہا گیا تھا کہ تمام مسافروں کو آمد پر آر اے ٹی کروانا ہوگا جس پر عملدرآمد نہ ہونے کا نتیجہ سخت سزا کی صورت میں نکلے گا۔

چنانچہ پیر کے روز ارسال کردہ مراسلے میں 'اے آئی آئی اے'، 'سی او او' اختر مرزا نے کہا کہ ملک ریاض ان کی اہلیہ اور ان کے ساتھ ایک مسافر نے 2 مرتبہ کووِڈ ٹیسٹ کروانے سے یکسر انکار کردیا، ایک مرتبہ ایئر پورٹ پر دوسری مرتبہ جب ایک ٹیم ان کی رہائش گاہ پر بھیجی گئی۔

سرکاری مراسلے میں کہا گیا کہ '16 مئی کو بحریہ ٹاؤن کے سی ای او دیگر 4 مسافروں کے ہمراہ ایک چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے دبئی سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اسٹینڈ نمبر 2 پر اترے تھے۔

مراسلے کے مطابق 'امیگریشن کی کارروائیوں کے بعد ڈیوٹی پر موجود سی اے اے کے عملے نے ان سے اینٹیجن (کووڈ) ٹیسٹ کروانے کی درخواست کی لیکن وہ کوئی جواب دینے کے بجائے باہر کی جانب چل دیے۔

مزید پڑھیں: ملک ریاض کا داماد ساڑھے 9 ارب روپے کی پلی بارگن پر مقدمات سے بری

بعدازاں سی اے اے عملے نے انہیں دوبارہ حکومتی ہدایات کے بارے میں بتایا لیکن 'بحریہ ٹاؤن کے سی ای او، ان کی اہلیہ اور مسافر محمود قریشی بغیر ٹیسٹ کروائے ایئرپورٹ سے باہر نکل گئے'۔

تاہم ملک ریاض کے ساتھ آنے والے دیگر مسافروں نے ٹیسٹ کروایا جس کا نتیجہ منفی آیا۔

ایئرپورٹ منیجر کے مطابق بعد میں لاہور ایئرپورٹ کے طبی عملے کی ایک ٹیم ان کی رہائش گاہ پر بھجوائی گئی لیکن انہوں نے نمونے دینے سے انکار کردیا۔

دوسری جانب کنٹونمنٹ ڈویژن کے ایس پی آپریشن سید علی نے کہا کہ پولیس کو مذکورہ بالا مسافروں کے خلاف کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔


یہ خبر 18 مئی 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024