بچوں سے جنسی زیادتی کے الزام میں آسٹریلین فاسٹ باؤلر گرفتار
آسٹریلین فاسٹ باؤلر ایرون سمرز کو بچوں سے جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کردیا گیا۔
فاسٹ باؤلر کو جمعہ کی دوپہر فینی بے میں گرفتار کیا گیا اور پولیس نے تلاش کے بعد ان کے موبائل کو اپنے قبضے میں لے لیا۔
مزید پڑھیں: سچن ٹنڈولکر کا کیریئر کے دوران انزائٹی، بے خوابی کا شکار رہنے کا انکشاف
پولیس کے مطابق اس فون میں مبینہ طور پر بچوں سے جنسی زیادتی کے حامل مواد کی متعدد ویڈیوز موجود ہیں اور نازیبا تصاویر لینے کے لیے 10 بچوں سے رابطے کرنے کے ثبوت بھی ملے ہیں۔
آسٹریلین کرکٹر پر بچوں سے جنسی زیادتی کا مواد رکھنے اور بچے کو جنسی زیادتی کے لیے تیار کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
سینئر پولیس افسر سارجنٹ پال لاسن نے کہا کہ یہ بہت گھٹیا حرکت ہے، بچوں کو اپنے بچپن سے لطف اندوز ہونا چاہیے اور انہیں ہرگز یہ خطرہ لاحق نہیں ہونا چاہیے کہ کوئی اپنے گھناؤنے عزائم کو پورا اور ان کو نشانہ بنانے کے لیے گھات لگائے بیٹھا ہے۔
ایرون سمرز کی مشکوک حرکتوں کی وجہ سے ان کا معاملہ کرکٹ حکام کی نظر میں آیا جس کے بعد فوری طور پر کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
سڈنی مارننگ ہیرالڈ کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے اس معاملے پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ معاملہ کرکت حلقوں کے علم میں لایا گیا اور ہم نے اپنی پالیسی کے تحت فوری طور پر کارروائی کی، یہ معاملہ متعلقہ حکام کے حوالے کردیا گیا ہے اور اب پولیس اس کو دیکھ رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رواں سال جولائی اور اگست میں قومی ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز کی تصدیق
25سالہ ایرون سمرز ابھی تک آسٹریلیا کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی نہیں کر سکے لیکن وہ بگ بیش اور ون ڈے کپ سمیت متعدد آسٹریلین ڈومیسٹک ایونٹس کھیل چکے ہیں۔
وہ بگ بیش میں ہوبارٹ ہریکینز کی نمائندگی کر چکے ہیں اور ابوظہبی ٹی10 لیگ میں دکن گلیڈی ایٹرز کے لیے بھی کھیل چکے ہیں۔
تاہم ایرون سمرز کو اصل شہرت اس وقت ملی تھی جب وہ پاکستان کا ڈومیسٹک سیزن کھیلنے والے پہلے آسٹریلین کرکٹر بنے تھے اور سدرن پنجاب کی نمائندگی کی تھی جبکہ وہ پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔
تبصرے (1) بند ہیں