مس یونیورس 2021 کا اعزاز میکسیکو کی حسینہ کے نام
میکسیکو کی حسینہ آنڈریا میزا مس یونیورس کا 69 واں مقابلہ حسن جیت کر مس یونیورس 2021 بن گئیں۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق یہ مقابلہ حسن امریکا کی ریاست فلوریڈا کے سیمینول ہارڈ راک ہوٹل اینڈ کسینو میں منعقد ہوا تھا۔
اداکار ماریو لوپپز اور مس یونیورس 2012 نے اولیویو کلپو نے ایونٹ کی مشترکہ میزبانی کی۔
مزید پڑھیں: اس سال بھی ’مس یو ایس اے‘ کا اعزاز سیاہ فام دوشیزہ کے نام
سابقہ مس یونیورس مقابلوں میں شامل چیزلی کرائسٹ، پاولینا ویگا اور ڈیمی لیا ڈیبو نے تجزیہ کار اور کمنٹیٹر کا کردار کیا جبکہ 8 خواتین پر مشتمل جیوری نے 2021 کی فاتح کا فیصلہ کیا۔
میکسیکو کی آنڈریا میزا نے دیگر 73 خواتین کو شکست دے کر مس یونیورس 2021 کا اعزاز حاصل کیا۔
مس یونیورس کے مقابلے میں برازیل کی حسینہ جولیا گاما دوسرے جبکہ پیر کی جینک ڈیل کاسٹیلو تیسرے نمبر پر رہیں۔
آنڈریا میزا نے مس یونیورس آرگنائزیشن سے جاری ایک بیان میں کہا کہ 'دیگر 73 حیرت انگیز خواتین میں سے منتخب ہونا میرے لیے اعزاز ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'مس یونیورس کا تاج پہننے کا میرا خواب پورا ہوا اور میں پرامید ہوں کہ آنے والوں سالوں میں، میں دنیا کی خدمت کروں گی'۔
مقابلہ حسن کے دوران اپنے حتمی بیان میں آنڈریا میزا نے خوبصورتی کے معیارات کے حوالے سے گفتگو کی تھی۔
انہوں نے کہا تھا کہ 'ہم ایک ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جو زیادہ سے زیادہ ترقی یافتہ ہے اور جب بطور معاشرہ آگے بڑھتے ہیں تو ہمیں دقیانوسی خیالات کو چھوڑ کر آگے بڑھنا چاہیے'۔
آنڈریا میزا نے کہا کہ 'آج کل خوبصورت کا مطلب صرف یہ نہیں ہے کہ ہم کسے نظر آتے ہیں، میرے لیے خوبصورتی نہ صرف ہماری روح میں ہے بلکہ یہ ہمارے دلوں میں ہے اور خوبصورتی ہمارے عمل سے ظاہر ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'کبھی کسی کو یہ کہنے کی اجازت نہ دیں کہ آپ کی کوئی قدر و قیمت نہیں ہے'۔
مس یونیورس آرگنائزیشن کے اعلامیے کے مطابق آنڈریا میزا کا تعلق ہے چہواہوا شہر سے ہے، وہ ایک ماڈل اور میک اپ آرٹسٹ ہیں اور انہوں نے سافٹ ویئر انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقہ کی پہلی سیاہ فام دوشیزہ مس یونیورس منتخب
وہ انسانی حقوق کی رضا کار بھی ہیں اور میونسپل انسٹیٹیوٹ فار ویمن کے ساتھ کام بھی کرتی ہیں جس کا مقصد صنفی امتیازی پر مبنی تشدد کا خاتمہ کرنا ہے۔ '
آنڈریا میزا اپنے آبائی شہر چہواہوا کی سرکاری سفیر برائے سیاحت بھی رہ چکی ہیں۔
26 سالہ آنڈریا میزا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی جیت کی ویڈیو شیئر کی اور مقامی زبان میں لکھا 'میکسیکو یہ تمہارے لیے ہے'۔
بعدازاں انہوں نے مس یونیورس کا تاج پہنائے جانے کی تصویر بھی شیئر کی اور لکھا کہ 'میں اس سفر کے لیے تیار ہوں'۔
مس یونیورس آرگنائزیشن نے کہا کہ 'آنڈریا میزا نیویارک شہر منتقل ہوں گی جہاں وہ ایک برس کی مدت کے دوران مس یونیورس کے برانڈ اور مختلف انسان دوست تنظیموں کی نمائندگی کریں گی'۔
ان سے قبل جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی پہلی سیاہ فام دوشیزہ ززیبنی تنزی نے 2019 میں یہ اعزاز جیتا تھا جبکہ 2020 میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے مقابلہ حسن کا انعقاد نہیں کیا جاسکا تھا۔