• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

اسرائیل کی حمایت کرنے والی یہودی اداکارہ کو گوہر رشید کا کرارا جواب

شائع May 17, 2021
گوہر رشید نے امید ظاہر کی کہ گال گدوت کو ایک دن احساس ہوگا—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک
گوہر رشید نے امید ظاہر کی کہ گال گدوت کو ایک دن احساس ہوگا—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک

پاکستانی اداکار و ہدایت کار مرزا گوہر رشید نے نہتے فلسطینیوں پر حملے کرنے والے اسرائیل کی حمایت کرنے والی صیہونی ہولی وڈ اداکارہ گال گدوت کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ملک نے ہی جنگ مسلط کی۔

’ونڈر وویمن‘ جیسی فلموں میں اداکاری دکھانے والی اسرائیلی نژاد یہودی اداکارہ گال گدوت نے چند دن قبل فلسطینیوں پر حملے پر افسوس کے بجائے اپنے ملک اسرائیل کی حمایت کی تھی۔

گال گدوت جو کہ ماضی میں اسرائیلی ڈیفینس فورس میں بھی خدمات سر انجام دے چکی ہیں، انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ’ان کا دل رو رہا ہے، ان کا ملک حالتِ جنگ میں ہے، وہ اپنے اہل خانہ و دوستوں سمیت اپنے لوگوں کے لیے پریشان ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کے حق میں ٹوئٹ پر یہودی اداکارہ کو تنقید کا سامنا

یہودی اداکارہ نے لکھا تھا کہ 'برائی کا یہ سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے، اسرائیل کو بھی آزاد اور محفوظ قوم کی حیثیت سے جینے کا حق ہے'۔

گال گدوت نے لکھا تھا کہ 'اسرائیل کے پڑوسیوں کو بھی یہی حق حاصل ہے، وہ متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے لیے دعا گو ہیں'۔

انہوں نے لکھا تھا کہ 'وہ اس ناقابل تصور دشمنی کے خاتمے کی دعاگو ہیں'۔

یہودی اداکارہ کو مذکورہ ٹوئٹ کرنے پر جہاں کئی افراد نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا، وہیں شوبز شخصیات نے بھی انہیں یاد دلایا تھا کہ مظلوم اسرائیل نہیں بلکہ فلسطین ہے۔

اور اب پاکستانی ہدایت کار اور اداکار مرزا گوہر رشید نے ان کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے انہیں کرارا جواب دیتے ہوئے یاد دلایا ہے کہ ان کا ملک حالت جنگ میں نہیں بلکہ ان کے ملک نے جنگ مسلط کی۔

مزید پڑھیں: اسرائیلی بمباری سے جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 192 ہوگئی

مرزا گوہر رشید نے گال گدوت کو ٹوئٹ میں مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ اسرائیل نے فلسطین پر جنگ مسلط کی اور حب الوطنی معصوم انسانوں کی زندگیوں اور انسانی حقوق سے بڑھ کر نہیں ہوتی۔

پاکستانی ہدایت کار و اداکار نے گال گدوت کو بتایا کہ اگر وہ اسرائیلی ہونے کے ناطے ان ساری خرابیوں کو درست انداز میں نہیں دیکھ سکتیں تو یہ واضح ہے کہ خرابی کہاں ہے۔

ساتھ ہی گوہر رشید نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ گال گدوت کو جلد ہی احساس ہوجائے گا کہ ان کے ملک نے ہی جنگ مسلط کی۔

خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر حالیہ حملے 7 مئی سے جاری ہیں اور ان حملوں میں 17 مئی کی صبح تک 58 بچوں اور خواتین سمیت 188 افراد جاں بحق ہوچکے تھے۔

گال گدوت ماضی میں اسرائیلی فوج میں خدمات بھی سر انجام دے چکی ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز
گال گدوت ماضی میں اسرائیلی فوج میں خدمات بھی سر انجام دے چکی ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024