آئین، قانون کی پاسداری غداری ہے تو ہم یہ بار بار کریں گے، مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے جاوید لطیف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین اور حق کی بات سے ڈر لگتا ہے تو غداری اور فتوے لگائے جاتے ہیں، اگر آئین کی سربلندی اور قانونی کی پاسداری غداری ہے تو یہ ہم بار بار کریں گے۔
شیخوپورہ میں مسلم لیگ (ن) کے زیر حراست رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کے گھر آمد کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جس نے آئین، پاکستان کے قانون اور حق کی بات کی اور وہ غدار کہلایا تو یاد رکھو پورا پاکستان غدار ہے۔
مزید پڑھیں: ریاست مخالف بیان: جاوید لطیف 14 روزہ عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل
ان کا کہنا تھا کہ غداری کا لقب جاوید لطیف کو نہیں دیا گیا بلکہ شیخوپورہ کے عوام کو غداری کا لقب دیا گیا ہے اور یہ غداری غداری کھیلنا بہت سال سے سنتے آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب حق، آئین اور قانون، سچائی، بہادری سے ڈر لگتا ہے تو بیگ کھلتا ہے اور اس سے غداری کا لقب نکل آتا ہے، کبھی مذہب کا فتویٰ نکل آتا ہے اور کبھی اس سے چور اور ڈاکو کا لقب نکل آتا ہے۔
'جاوید لطیف نے پاکستان کی مٹی کا حق ادا کردیا'
ان کا کہنا تھا کہ شیخوپورہ والوں کا سر فخر سے بلند ہونا چاہیے کہ نوازشریف کے شیر، پاکستان اور شیخوپورہ دھرتی کے بیٹے جاوید لطیف نے حق بات پر ڈٹے رہ کر نہ صرف نواز شریف اور شیخوپورہ بلکہ پاکستان کی مٹی کا حق بھی ادا کردیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اب وقت بدل گیا ہے، اگر غدار ہونا جرم ہے تو انہوں نے غداری کا لقب محترمہ فاطمہ جناح کو دیا تھا، غداری کا لقب نواز شریف اور مریم نواز کے حصے میں بھی آیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اگر حق کو حق کہنا، سچ کو سچ کہنا، آئین کی سربلندی، اداروں کی سربلندی کرنا، قانون کی پاسداری کرنا غداری ہے تو ہم یہ غداری بار بار کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کی غداری کے فتوے بانٹنے کی فیکٹری کھولی ہے انہیں خبر ہو کہ 22 کروڑ عوام جان چکے ہیں کہ جب تم ڈرتے ہو، ہار جاتے ہو اور آئین کی سربلندی کی بات نہیں سن سکتے ہو تو غداری کا سرٹیفکیٹ دیتے ہو۔
یہ بھی پڑھیں: ریاست مخالف تقریر کا معاملہ: جاوید لطیف کے جسمانی ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ لوگوں نے اب ڈرنا چھوڑ دیا ہے، جو لوگ پہلے ڈر کر چپ کر جاتے تھے، آج جاوید لطیف کی طرح جب پتا ہو کہ حق اور سچ کی پاداش میں گرفتار کرلیا جائے گا پھر بھی حق اور سچ کا ساتھ دیں تو اس سے بڑی بہادری نہیں ہوسکتی۔
'نواز شریف نے عوام کو بیدار کردیا'
ان کا کہنا تھا کہ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ جن لوگوں کو انہوں نے محنت کرکے غدار کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام نے ان کو اپنا ہیرو بنایا، نواز شریف کو کون غدار کہتا تھا، کون سا الزام ہے جو انہوں نے نواز شریف پر نہیں لگایا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف لندن میں بیٹھا ہے اور پاکستان کے کونے کونے سے اس کے حق میں فیصلے آرہے ہیں، جس کو آپ نے چور، ڈاکو، غدار کہا اور فتوے لگائے آج اس کا بیانیہ پاکستان میں پھیل گیا ہے، ڈسکہ میں لوگوں نے نواز شریف کی بات پر لبیک کرکے ووٹ پر پہرہ دیا اور ان سے ووٹ چوری چھین لیا۔
نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ جو نعرے لگ رہے ہیں 22 کروڑ عوام سنیں اور عوام کو پتا چلے کہ اس دھرتی کے اصل غدار کون ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی ذات، خاندان اور پارٹی پر قربانیاں دے کر آج پاکستان کے 22 کروڑ عوام کو بیدار کردیا ہے، آج نہ صرف شیخوپورا بلکہ 22 کروڑ عوام کو پتا چل گیا ہے، ان کا حق کیا ہے، آئین، قانون کیا ہے اور آئین و قانون ماننے والے کون اور اس کے غدار کون ہیں۔
'جس نے امریکا میں بیٹھ کر کشمیر کا سودا کیا وہ غدار ہے'
ان کا کہنا تھا کہ غدار اس کو کہتے ہیں جو امریکا میں بیٹھ کر کشمیر کا سودا کرکے، کشمیر کو بھارت کی جھولی میں ڈال کر، کشمیریوں کا سودا کرکے منہ لٹکا کر پاکستان واپس آئے۔
انہوں نے کہا کہ جب پورا عالمی اور پاکستانی میڈیا دیکھ رہا ہو وہ ٹی وی پر بیٹھ کر کہے پاکستان کے سفیر اور پاکستانی سفارت خانے ہیں، جو دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں وہ صحیح کام نہیں کر رہے ہیں، اس کو غدار کہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ غدار وہ ہے جو دوسرے ملکوں میں بیٹھ کر چھپ چھپ کر کشمیر کو بیچنے اور اس کا سودا کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہوں۔
مریم نواز نے کہا کہ غدار وہ ہے جو ملک و قوم کے ساتھ دھوکا کرے، پاکستان کے 22 کروڑ عوام کی زندگیوں سے کھیلے، ان کو آفیشلی بھکاری بنا دے اور امداد لینے کے قابل بنا دے۔
یہ بھی پڑھیں: سفارتخانوں کا سمندر پار پاکستانیوں سے نو آبادیاتی دور والا رویہ ناقابل قبول ہے، وزیر اعظم
ان کا کہنا تھا کہ رمضان کے مہینے میں ایک کلو چینی کے لیے عوام کو قطار میں لگنا پڑے اور ان کے انگوٹھوں میں نشان لگا دیا جائے کہ ایک کلو چینی لینے کے بعد دوسری مرتبہ کلو چینی کے لیے واپس نہ آنا تو غداری اس کو کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف وزیراعظم تھا تو عوام کے ووٹوں سے آیا تھا، سلیکٹ ہو کر نہیں آیا تھا، کسی کے کندھوں پر چڑھ کر نہیں آیا تھا، جب ایسے وزیراعظم کو اقتدار سے باہر نکالنے کے لیے پاکستان کے قومی اداروں کو استعمال کرتے ہیں تو اس کو غداری کہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب آپ بغض نواز شریف اور بغض پاکستان مسلم لیگ (ن) میں پاکستان کے قومی اداروں پر انگلیاں اٹھواتے ہیں، اداروں کو داغ دار کرتے ہیں، عوام کے نظر میں قومی اداروں کو مجرم ٹھہراتے ہیں، اپنی نالائقی اور نااہلی کی وجہ سے آپ قومی اداروں کو تنقید کی آگ میں جھونکتے ہیں، عوام کے مقابل کھڑا کرتے ہیں تو اس کو پاکستان کے ساتھ غداری کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب عمران خان جب بھارت کی سرزمین پر بیٹھ کر اپنی فوج اور آئی ایس آئی کے خلاف بات کرتا ہے تو اس کو غداری کہتے ہیں، جب آپ 2018 کے الیکشن میں آر ٹی ایس بیٹھا کر ایک سلیکٹڈ کو 22 کروڑ کے سروں پر مسلط کرتے ہیں تو اس کو غداری کہتے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ جب آپ زبردستی، دھونس، دھاندلی، ڈرا اور دھمکا کر میڈیا کو خاموشی کی زنجیروں میں قید کرنے کی کوشش کرتے ہو تو اس کو غداری کہتے ہیں۔
'جج قانون کے ساتھ کھڑے ہوں گے تو عمران خان کا نام لیوا کوئی نہیں ہوگا'
انہوں نے کہا کہ جب آپ ججز کو اس لیے متنازع بنانے کی کوشش کرتے ہو کہ آپ سچ بات بولنے والے جج کو برداشت نہیں کرسکتے، جب جج سچ بولیں گے اور آئین اور قانون کے ساتھ کھڑے ہوں گے تو عمران خان کا نام لیوا کوئی نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تم نے نواز شریف کے خلاف مذہبی جماعتوں کو فیض آباد میں دھرنے کروائے تھے اور اس وقت تم نے نواز شریف کے خلاف ان کو استعمال کیا تھا اور ان کے ساتھ مل کر نعرے لگا رہے تھے، نواز شریف، احسن اقبال اور خواجہ آصف کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ جب تمہاری حکومت آئی تو تم نے مسجدوں میں گھس کر انہیں شہید کیا اور ان پر پابندی لگائی، پاکستانی بھائیوں کی لاشیں اور زخمیوں کو مسجدوں میں اکٹھا کیا گیا اور پولیس والوں کو شہید ہونے کے لیے سڑکوں پر چھوڑ دیا اس کو غداری کہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ نواز شریف نے جو بیانیہ دیا تھا اور جن حقائق کو بیان کیا تھا، نواز شریف کے مخالفین اور دشمنوں نے بالکل وہی بات کرکے نواز شریف کے بیانیے پر مہر تصدیق ثبت کردی۔
انہوں نے کہا کہ آج جب ان کی حکومت کی کشتی ڈانوا ڈول ہے تو اس کو بچانے کے لیے، آج کشمیر کا سودا ہو رہا ہے، آج اسرائیل نے فلسطین کے اوپر ظلم کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں، آج ایک ٹوئٹ کرکے سمجھتے ہو کہ تم نے فلسطینیوں کے خون کا حق ادا کیا، قوم وہ وقت بھولی نہیں جب تم گولڈ اسمتھ کی مہم چلا رہے تھے۔
'وہ دن قریب ہے جب نواز شریف ہمارے درمیان موجود ہوگا'
مریم نواز نے کہا کہ عوام اس بات کی تسلی رکھیں کہ اس رات کی صبح طلوع ہونے کو ہے، نواز شریف کا سورج ایک بار پھر طلوع ہونے کو ہے، نواز شریف، شہباز اور مسلم لیگ (ن) کا سورج ایک بار پھر طلوع ہونے کو ہے۔
مزید پڑھیں: شہباز شریف کی چینی سفیر اور برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقاتیں
انہوں نے کہا کہ غداری کے فتوے دینے والوں کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ اگر جاوید لطیف جیسے محب وطن لوگوں کو غدار کہو گے تو تمہارا یوم حساب قریب ہے، عوام کے فیصلے عوام پر چھوڑ دو، عوام اور ان کی قیادت کے درمیان سے ہٹ جاؤ۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نہ صرف جاوید لطیف اور نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہوں بلکہ ہر اس شخص کے ساتھ کھڑی ہوں جو نواز شریف کے بیانیے کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر جاوید لطیف غدار ہے تو نہ صرف شیخوپورا کا ہر شہری بلکہ ہم سب غدار ہیں، اگر غداری کے فتوے دینے کا اتنا ہی شوق ہے تو جن کو آئین اور قانون نے غدار کہا ہے، پرویز مشرف کو کیوں فرار کروایا، نہ کسی عدالت اور نہ کسی اور میں اتنی ہمت نہیں ہے کہ پرویز مشرف جیسے سرٹیفائیڈ غدار کو پاکستان واپس بلائے۔
مریم نواز نے کہا کہ جسٹس وقار سیٹھ جیسے بہادر ججز کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی، جن کو آج غدار کہا جا رہا ہے تاریخ ان کو ملک، قوم اور اس مٹی کے ہیرو کے طور پر یاد رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ وقت بھی قریب ہے جب جاوید لطیف اور اس دھرتی کا بیٹا نواز شریف ہمارے درمیان موجود ہوگا۔