• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ملک میں کورونا وائرس سے مزید 2 ہزار 379 افراد متاثر، 5 ہزار سے زائد صحتیاب

شائع May 16, 2021
پاکستان میں اب تک 8 لاکھ 77 ہزار 130 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں اب تک 8 لاکھ 77 ہزار 130 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پھیلاؤ میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے اور 6 ہزار کی سطح تک پہنچ جانے والے یومیہ کیسز 3 ہزار سے کم رہ گئے ہیں۔

سرکاری سطح پر عالمی وبا کے اعداد و شمار مرتب کرنے والی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 2 ہزار 379 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ مزید 76 افراد انتقال کر گئے۔

ملک میں 15 مئی کو مجموعی طور پر کووڈ-19 کی تشخیص کے لیے 30 ہزار 402 ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں کورونا کیسز کے مثبت آنے کی شرح 7.8 فیصد رہی اور فعال کیسز کم ہو کر 68 ہزار 819 رہ گئے ہیں۔

پاکستان میں اب تک 8 لاکھ 77 ہزار 130 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 19 ہزار 543 زندگی کی بازی ہار گئے۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس کا شکار مزید 5 ہزار 288 افراد صحتیاب ہوئے یوں کورونا سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 88 ہزار 768 تک جاپہنچی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق 26 فروری 2020 کو ہوئی تھی، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک وائرس کی 3 لہریں دیکھی جاچکی ہیں۔

موجودہ لہر کے دوران کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں اضافے کے پیشِ نظر عوام کو گھروں تک محدود رکھنے کے لیے عیدالفطر کے موقع پر تفریحی مقامات بشمول پبلک پارکس، پکنک پوائنٹس، سیاحتی مقامات، ساحلِ سمندر وغیرہ بند رکھے گئے ہیں۔

ملک میں 16 مئی 2021 کو کورونا وائرس کیسز اور اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب

کورونا وبا کی تیسری لہر کے دوران سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبے پنجاب میں 2 روز کے بعد کیسز میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہاں کورونا کے مزید ایک ہزار 73 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 45 مریض انتقال کر گئے۔

پنجاب میں مجموعی طو پر کورونا وائرس سے 3 لاکھ 25 ہزار 662 افراد متاثر جبکہ 9 ہزار 367 انتقال کرچکے ہیں۔

سندھ

صوبہ سندھ میں وبا کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے ایک ہزار کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ مزید ایک مریض دم توڑ گیا۔

مذکورہ اضافے کے بعد سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 98 ہزار 78 جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 794 تک جاپہنچی ہے۔

خیبرپختونخوا

کورونا وائرس کی تیسری لہر نے پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا کو زیادہ متاثر کیا تھا لیکن اب یہاں بھی وبا کے پھیلاؤ میں کمی کا رجحان ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ-19 کے مزید 173 کیسز اور 23 اموات رپورٹ ہوئیں۔

اب تک خیبر پختونخوا میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 26 ہزار 787 افراد وبا سے متاثر جبکہ 3 ہزار 766 لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

بلوچستان

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے سب سے وسیع صوبے میں مزید 17 افراد وائرس سے متاثر پائے گئے اور 2 انتقال کرگئے۔

نئے کیسز کے اضافے کے بعد بلوچستان میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 23 ہزار 231 ہوگئی جبکہ اموات کی تعداد 264 تک جا پہنچی ہے۔

اسلام آباد

کورونا کی تیسری لہر نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو بھی متاثر کیا ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 96 کیسز سامنے آئے جبکہ 4 مریض انتقال کر گئے۔

اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 79 ہزار 123 ہے جبکہ 731 افراد وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 19 کیسز کی تصدیق ہوئی اور ایک مریض دم توڑ گیا۔

مذکورہ اضافے کے بعد آزاد کشمیر میں کورونا وائرس مجموعی طور پر 18 ہزار 231 افراد کو متاثر کرچکا ہے جبکہ 514 افراد کی موت کا سبب بھی بنا ہے۔

گلگت بلتستان

کورونا وائرس سے سب سے کم گلگت بلتستان متاثر ہوا ہے اور وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک کیس سامنے آیا اور 30 اپریل کے بعد سے مزید کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 ہزار 418 جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 107 ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024