• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

مقبوضہ کشمیر: فلسطینیوں کے حق میں ریلی کے انعقاد پر 21 افراد گرفتار

شائع May 16, 2021
— فائل فوٹو: اے پی
— فائل فوٹو: اے پی

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے کہا ہے کہ انہوں نے غزہ میں ہونے والے اسرائیلی فورسز کے حملوں کے خلاف اور فلسطینیوں کے حق میں منعقد کیے گئے احتجاج کے باعث نقص امن کی خلاف وزری پر 21 کشمیریوں کو گرفتار کرلیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے جاری بیان میں مزید کہا کہ ہم کشمیر میں ‘فلسطین میں پیش آئے واقعات کا فائدہ اُٹھا کر نقص امن کا باعث بننے والے عناصر پر نظر رکھے ہوئے ہیں’۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی محاصرے کے 365 روز

بھارتی پولیس کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ 'یہ عوام کے لیے حساس نوعیت کا معاملہ ہے' لیکن کچھ عناصر کو ‘تشدد کو ہوا دینے اور امن و امان کی صورت حال خراب' کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

خیال رہے کہ کشمیری طویل عرصے سے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے آئے ہیں اور غزہ میں حملوں کے خلاف اکثر اسرائیل کے خلاف احتجاج بھی ریکارڈ کرواتے ہیں۔

پولیس انسپیکٹر جنرل ویجے کمار نے بتایا کہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر سے 20 افراد اور وادی کے جنوبی گاؤں سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ایک پولیس اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر بتایا کہ 21 افراد کو ان کی سوشل میڈیا پر کی گئی پوسٹ کی وجہ سے گرفتار کیا گیا، جنہوں نے مقبوضہ بیت المقدس اور غزہ میں اسرائیلی پولیس کے حملوں کے خلاف اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہروں کا حصہ بننے کی خواش ظاہر کی تھی۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ کچھ گرفتار افراد کو کونسلنگ اور ان کے والدین کی جانب سے اس بات کی یقین دہانی کے بعد کہ ان کے بچے مستقبل میں اس قسم کی کسی چیزوں کا حصہ نہیں بننے گے، کے بعد جلد رہا کردیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار افراد میں وادی کے معروف حریت پسند کارکن اور مذہبی اسکالر سرجان برکاتی اور ایک آرٹسٹ بھی شامل ہے، آرٹسٹ کو جمعہ کے روز سری نگر کے ایک پل پر فلسطینیوں کے حق میں تصاویر بنانے پر گرفتار کیا گیا، جس کے ساتھ انہوں نے لکھا تھا کہ 'ہم فلسطین ہیں'، بعد ازاں پولیس نے مذکورہ تصاویر کو ہٹا دیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ پیر سے اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے جواب میں حماس نے بھی سیکڑوں راکٹ اسرائیل کی جانب فائر کیے ہیں، مذکورہ حملوں میں اب تک 42 بچوں سمیت 153 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ پر مسلسل ساتویں روز اسرائیلی بمباری، جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 153 ہوگئی

واضح رہے کہ اس سے قبل 2014 میں اسرائیل اور فلسطین کے درمیان 50 روز تک کشیدگی جاری رہی تھی جس میں سیکڑوں فلسطینی جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے۔

اس وقت بھی اسرائیل کے فلسطینیوں پر حملوں کے خلاف مقبوضہ وادی میں احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے جن میں بھارت سے کشمیر پر اپنا تسلط ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا اور اس دوران جھڑپوں میں ایک درجن کشمیری جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوئے تھے۔

یہ بھی یاد رہے کہ بھارت اور اسرائیل کے درمیان بہت قریبی تعلقات ہیں اور اسرائیل، بھارت کو سب سے زیادہ اسلحہ فراہم کرنے والا ملک ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024