• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بارشوں کا امکان: وزیر اعلیٰ سندھ کی کراچی میں نالے کلیئر کرنے، بل بورڈز ہٹانے کی ہدایت

شائع May 15, 2021
وزیر اعلیٰ نے ماہی گیروں کو کل سے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی — فائل فوٹو / ڈان نیوز
وزیر اعلیٰ نے ماہی گیروں کو کل سے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی — فائل فوٹو / ڈان نیوز

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بحیرہ عرب میں طوفان کے پیش نظر بارشوں کے امکان کے باعث انتظامیہ کو کراچی میں نالے کلیئر کرنے اور بل بورڈز ہٹانے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت سمندر میں طوفان کے پیش نظر انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیر ری ہیبلیٹیشن فراز ڈیرو، وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، کمشنر کراچی، وزیر اعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری خزانہ ، ایڈمنسٹریٹر کراچی، کمانڈر کورانجینئرنگ بریگیڈیئر قاضی ناصر، ڈائریکٹر میٹ آفس، ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ اور ویڈیو لنک کے ذریعے وزیر آبپاشی سہیل انور سیال اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ایک موسمی سسٹم بحرہ عرب کے جنوب میں بن رہا ہے، اس طوفان کو توکتے کا نام دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طوفان کے 3 طرح کے اثرات ہوتے ہیں، طوفانی یا گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہو سکتی ہیں، تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، اگر ہوا کی رفتار 22 سے 27 کٹس ہوتی ہے تو مٹی کا طوفان ہوگا، اگر ہوا کی رفتار 28 سے 33 کٹس بنتی ہے تو درختوں کو نقصان نہیں ہوگا جبکہ اگرہوا کی رفتار 34 سے 47 کٹس ہوتی ہے تو گھروں کی چھتوں اور فصلوں کو نقصان ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: بحیرہ عرب میں طوفان، کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان

ان کا کہنا تھا کہ اگر طوفان بھارتی گجرات کو عبور کرتا ہے تو 17 سے 21 مئی کے دوران ٹھٹہ، بدین، میرپورخاص، عمر کوٹ، تھرپارکر اور سانگھڑ پر اثرات ہوں گے اور ان اضلاع میں اچھی خاصی بارشیں ہوں گی۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے کہا کہ اگر طوفان کراچی کے غربی علاقے کو عبور کر جاتا ہے تو کراچی، حب، لسبیبلہ، حیدر آباد اور جامشورو اضلاع میں 18 سے 20 مئی کو بارشیں ہوں گی اور تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو شہر سے بل بورڈز ہٹانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے ایمرجنسی پلان ٹیم بنانے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی مشاورت سے ایمرجنسی پلان بنا کر اقدمات کرنے ہیں۔

مراد علی شاہ نے بارشوں کے امکانات کے پیش نظر کمشنر کراچی، کے ایم سی اور ڈی ایم سی کو ہدایت کی کہ نالوں کی چوکنگ پوائنٹس کو کلیئر کرنا شروع کریں۔

انہوں نے ماہی گیروں کو کل سے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ نے چیف سیکریٹری کو کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گریڈ 19 کے افسر کو کنٹرول روم کا سربراہ بنایا جائے۔

انہوں نے تمام متعلقہ ڈی سیز کو بھی اپنے دفاتر میں کنٹرول روم قائم کرنے، محکمہ آبپاشی کو بیراجوں پر کنٹرول روم قائم کرنے اور کراچی میں تمام کنٹونمنٹ کو اپنے علاقوں میں انتظامات کرنے کی ہدایات دیں۔

یہ بھی دیکھیں: 16مئی کو بحیرہ عرب میں سمندری طوفان بننےکا امکان

قبل ازیں محکمہ موسمیات کی جانب سے سمندری طوفان سے متعلق جاری الرٹ میں کہا گیا تھا کہ جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ طوفان کی شکل اختیار کر گیا ہے، جو اس وقت کراچی سے ایک ہزار 460 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے سمندر میں موجودہ صورتحال اور سسٹم کے اثرات کے باعث 17 سے 20 مئی تک کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024