• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بحیرہ عرب میں طوفان، کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان

شائع May 15, 2021
الرٹ کے مطابق آئندہ 12 سے 18 گھنٹے میں طوفان مزید شدت اختیار کر سکتا ہے — فائل فوٹو / اے پی پی
الرٹ کے مطابق آئندہ 12 سے 18 گھنٹے میں طوفان مزید شدت اختیار کر سکتا ہے — فائل فوٹو / اے پی پی

جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ طوفان میں تبدیل ہوگیا جس کے باعث کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے سمندری طوفان سے متعلق جاری چوتھے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ طوفان 'تاوتے' کی شکل اختیار کر گیا ہے، جو اس وقت کراچی سے ایک ہزار 460 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ طوفان کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جو بڑھ کر 100 کلومیٹر تک بھی جا رہی ہے۔

بیان کے مطابق آئندہ 12 سے 18 گھنٹے میں طوفان مزید شدت اختیار کر سکتا ہے اور 18 مئی کی صبح بھارتی ریاست گجرات کے ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے سمندر میں موجودہ صورتحال اور سسٹم کے اثرات کے باعث کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

الرٹ میں کہا گیا کہ سسٹم کے باعث 17 سے 20 مئی کے دوران ٹھٹہ، بدین، تھرپارکر، میرپورخاص، عمرکورٹ اور سانگھڑ میں بادل برس سکتے اور یہاں 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔

یہ بھی دیکھیں: 16مئی کو بحیرہ عرب میں سمندری طوفان بننےکا امکان

اسی طرح 18 سے 20 مئی کے درمیان کراچی، حیدرآباد، جامشورو، شہید بےنظیرآباد، سکھر، لاڑکانہ، شکارپور، جیکب آباد اور دادو میں بادل برسنے کا امکان ہے جہاں 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔

محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ 16 سے 20 مئی تک ماہی گیر گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔

دوسری جانب حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ طوفان کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کی۔

ایک الگ نوٹی فکیشن میں محکمہ موسمیات نے 16 سے 17 مئی تک کراچی میں ہیٹ ویو کا انتباہ جاری کیا ہے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ 'اگلے دو روز میں موسم انتہائی گرم رہنے کا امکان ہے جس دوران دن میں درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری تک جاسکتا ہے'۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024