• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

رواں سال جولائی اور اگست میں قومی ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز کی تصدیق

شائع May 14, 2021
پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز سرزمین پر 2 ٹیسٹ اور پانچ ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلے گی— فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز سرزمین پر 2 ٹیسٹ اور پانچ ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلے گی— فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے رواں سال جولائی اور اگست کے دوران قومی ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز کی تصدیق کردی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم 21 جولائی سے 24 اگست تک ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی جہاں دونوں ٹیمیں 2 ٹیسٹ اور 5 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلیں گی۔

مزید پڑھیں: غزہ میں اسرائیل کی پُرتشدد کارروائیوں پر ڈیرن سیمی بھی چُپ نہ رہ سکے

دونوں بورڈز نے باہمی مشاورت کے بعد شیڈول کی منظوری دی جس کے تحت قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی20 سیریز کھیلنے کے بعد 21 جولائی کو ویسٹ انڈیز پہنچے گی۔

شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے مابین ٹی20 انٹرنیشنل سیریز کے تمام 5 میچز دو مختلف مقامات بارباڈوس اور گیانا میں کھیلے جائیں گے۔

ابتدائی 2 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز 27 اور 28 جولائی کو بارباڈوس جبکہ باقی تینوں ٹی20 انٹرنیشنل میچز 31جولائی، یکم اور 3 اگست کو گیانا میں کھیلے جائیں گے۔

ٹی20 سیریز مکمل ہونے ہونے کے بعد قومی اسکواڈ 6 سے 7 اگست تک گیانا میں دو روزہ پریکٹس میچ کھیلےگا جس کے بعد قومی دستہ جمیکا روانہ ہوجائے گا جہاں دونوں ٹیموں کے مابین 2 ٹیسٹ میچزپر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔

سبینا پارک میں شیڈول سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 12 سے 16 اگست جبکہ دوسرا 20 سے 24 اگست تک کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: حسن، شاہین اور نعمان کیریئر کی بہترین رینکنگ حاصل کرنے میں کامیاب

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دراصل تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز شیڈول تھی لیکن ٹی20 ورلڈ کپ کے تناظر میں دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز نے اتفاق رائے سے ایک ٹیسٹ میچ کم کر کے اس کی جگہ دو اضافی ٹی20 میچز کھیلنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ ویسٹ انڈیز ہمیشہ بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے اور وہاں کھیلوں کی بہترین سہولیات اور حوصلہ افزائی کرنے والے شائقین کرکٹ کی موجودگی تمام کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کی ترغیب دیتی ہے۔

چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا ویسٹ انڈیز کے خلاف یہ سیریز پاکستان کرکٹ کے ایکشن سے بھرپور سیزن کا حصہ ہے جہاں آئندہ 8 ماہ کے دوران اس قومی ٹیم نیوزی لینڈ، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی میزبانی کرنے کے علاوہ انگلینڈ، افغانستان اور بنگلہ دیش کے خلاف اوے سیریز بھی کھیلے گی۔

ان سیریز کے ساتھ ساتھ قومی کرکٹ ٹیم آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں بھی شرکت کرے گی۔

وسیم خان نے مزید کہا کہ آئندہ آنے والی ہر سیریز ہمارے لیے بہت اہم ہے کیونکہ ہم 2023 تک اپنی ٹیم کو ہر طرز کی کرکٹ میں سرفہرست تین پوزیشنز پر دیکھنا چاہتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ میں تقریباً وہی اسکواڈ جائے گا، جو دورہ انگلینڈ کیلئے منتخب ہو گا، مصباح

یاد رہے کہ پاکستان نے آخری مرتبہ2017 میں ویسٹ انڈیز کا دورہ کیا تھا اور مصباح الحق کی زیر قیادت پاکستان نے 2-1 سے سیریز اپنے نام کر کے پہلی مرتبہ ویسٹ انڈین سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

کیریبئن سرزمین پر یہ دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر نویں ٹیسٹ سیریز ہوگی اور سے قبل کھیلی گئی سیریز میں 4 مرتبہ کامیابی میزبان ٹیم کے نام رہی اور ایک مرتبہ فتح نے قومی ٹیم کے قدم چومے۔

سبینا پارک میں اب تک پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین کھیلے ٹیسٹ میچوں میں دونوں ہی ٹیموں نے دو، دو میچوں میں کامیابیاں حاصل کیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024