• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

آزاد کشمیر: 10 سالہ بچے کے ریپ کے الزام میں نوجوان گرفتار

شائع May 14, 2021
بچے کے طبی معائنے میں اس کے ساتھ ہوئے گھناؤنے فعل کی تصدیق ہوگئی—فائل فوٹو: شٹراسٹاک
بچے کے طبی معائنے میں اس کے ساتھ ہوئے گھناؤنے فعل کی تصدیق ہوگئی—فائل فوٹو: شٹراسٹاک

آزاد کشمیر کے ضلع جہلم میں پولیس نے عید کے روز ایک بچے کو ریپ کرنے کے الزام میں 16 سالہ نوجوان کو گرفتار کرلیا۔

چناری پولیس تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) راجا سہیل نے بتایا کہ 10 سالہ متاثرہ بچہ گجر بندی گاؤں میں اپنے دادا کے گھر سے واپس آرہا تھا کہ راستے میں نوجوان نے اسے لالچ دے کر ایک سنسان مقام پر لے جانے کے بعد ریپ کردیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ دوپہر ڈیڑھ بجے پیش آیا جبکہ دونوں فریقین کے درمیان 'جرگہ میں کوئی اتفاق نہ ہونے پر پولیس کو پونے 5 بجے اطلاع ملی'۔

یہ بھی پڑھیں: مظفر گڑھ: چچا کے مبینہ ریپ سے بھتیجی حاملہ، مقدمہ درج

متاثرہ بچے اور اس کے والد کے بیان کے بعد پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کیا اور ہٹیاں بالا کے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں بچے کا طبی معائنہ کروایا گیا جہاں اس کے ساتھ ہوئے گھناؤنے فعل کی تصدیق ہوگئی۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزم بچے کو ریپ کرنے کے بعد اسے بے ہوشی اور زخمی حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔

تاہم قریبی رہائش پذیر ایک خاتون نے بچے کو دیکھ کر اس کے گھر پہنچایا جہاں ہوش میں آنے پر اس نے اپنے ساتھ پیش آئے واقعے کے بارے میں بتایا۔

مزید پڑھیں: ساہیوال: 'بیٹی کے ریپ' کے الزام میں باپ گرفتار

دوسری جانب بچے کے والد سے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے کسی بھی جرگے میں شمولیت سے انکار کیا اور کہا کہ وہ جرگے کے نام پر ناقابل معافی جرائم کی پردہ پوشی کے خلاف ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حالانکہ کچھ لوگوں نے مجھے معاملہ مقامی سطح پر حل کرنے کی تجویز دی کہ پولیس کو رپورٹ کرنے سے برادری اور قبیلے کی بدنامی ہوگی لیکن میں نے ان کی تجویز پر کان نہیں دھرے اور واقعے کی رپورٹ پولیس میں کردی۔

دوسری جانب واقعہ کا مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس نے ملزم کی تلاش میں چھاپے مارے اور قریبی گاؤں سے اسے گرفتار بھی کرلیا جسے ہفتہ کے روز ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی: 6 سالہ بچی کا ریپ کرنے والا 70 سالہ ملزم گرفتار

مقامی افراد کے مطابق آزاد کشمیر کی حکومت کی جانب سے گزشتہ برس قانون میں ترمیم کر کے 18 سال سے کم عمر بچوں کے ریپ کی سزا سزائے موت، عمر قید، جرمانہ یا نامرد بنانا کردینے کے باوجود ریپ کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔

قبل ازیں مظفرآباد کے گاؤں کنگڑ شریف کی ایک مسجد میں رمضان کے مہینے میں ایک امام مسجد نے اعتکاف میں بیٹھے ایک 15 سالہ لڑکے کو نیند کی حالت میں ریپ کرنے کی کوشش کی تھی۔

تاہم لڑکے کی آنکھ کھلنے پر اس نے شور مچا دیاجس پر ملزم فرار ہوگیا البتہ پولیس نے 3 روز میں اسے گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024