• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وبا سے نمٹنے کے لیے 2 نہیں 15 کروڑ روپے عطیہ دیا، امیتابھ بچن

شائع May 13, 2021
بگ بی کے مطابق انہوں نے متعدد ہسپتالوں اور ڈائگنوسٹک سینٹرز کی بھی مدد کی—فائل فوٹو: فیس بک
بگ بی کے مطابق انہوں نے متعدد ہسپتالوں اور ڈائگنوسٹک سینٹرز کی بھی مدد کی—فائل فوٹو: فیس بک

ارب پتی بولی وڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن نے واضح کیا ہے کہ حالیہ دنوں میں وبا سے نمٹنے کے لیے انہوں نے عطیات کی مد میں 2 کروڑ روپے نہیں بلکہ اب تک 15 کروڑ روپے کے فنڈز دیے ہیں۔

چند دن قبل خبریں سامنے آئی تھیں کہ امیتابھ بچن نے کورونا ریلیف فنڈ میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی انتظامیہ کو 2 کروڑ روپے کے عطیات دیے ہیں۔

تاہم اب انہوں نے اپنی بلاگ پوسٹ میں عطیات کی مکمل تفصیل لکھی ہے، جس کے مطابق اب تک وہ 15 کروڑ روپے فنڈز دے چکے ہیں اور مزید فنڈز دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق امیتابھ بچن نے اپنی بلاگ پوسٹ میں واضح کیا کہ وہ خاموشی سے وبا سے نمٹنے کے لیے ذاتی دولت اور ملکیت سے فنڈز فراہم کر رہے ہیں اور جب تک ان میں ہمت ہے وہ عطیات فراہم کرتے رہیں گے۔

بگ بی نے لکھا کہ ان کی جانب سے فراہم کی گئی رقم کی مالیت 15 کروڑ روپے تک بنتی ہے جن میں سے حال ہی میں انہوں نے 2 کروڑ روپے دہلی انتظامیہ کو دیے تھے۔

انڈین ایکسپریس نے بتایا کہ امیتابھ بچن نے لکھا کہ انہوں نے اب تک بیرون ممالک سے 20 وینٹی لیٹرز بھی منگوائے ہیں، جن میں سے 10 آچکے ہیں جب کہ 10 آنے والے ہفتوں میں بھارت پہنچیں گے، جنہیں مختلف ہسپتالوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: امیتابھ بچن کا کورونا فنڈ کے لیے 2 کروڑ روپے کا عطیہ

امیتابھ بچن کے مطابق انہوں نے حالیہ مہینوں میں مختلف ہسپتالوں کو چلانے کے لیے نہ صرف مالی وسائل بلکہ آلات کی صورت میں بھی ان کی مدد کی ہے جب کہ دہلی میں گوردوارے میں آکسیجن اور طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے میں بھی انہوں نے کردار ادا کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ امیتابھ بچن نے یورپی ملک پولینڈ سے 50 آکسیجن سلینڈر جب کہ دیگر ممالک سے مزید 150 آکسسیجن سلینڈر بھی منگوا رکھے ہیں، جو اگلے ماہ تک بھارت پہنچیں گے۔

یہی نہیں بلکہ امیتابھ بچن نے کورونا کے باعث اپنے والدین کو کھونے والے دو یتیم بچوں کی پرورش اور تعلیم کی ذمہ داری بھی لی ہے جب کہ وہ فلم انڈسٹری کے ضرورت مند افراد کی مدد بھی کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ امیتابھ بچن کے علاوہ بھی دیگر شوبز شخصیات ان دنوں بھارت میں کورونا بحران سے نمٹنے کے لیے فنڈز جمع کرنے یا عطیہ دینے میں متحرک ہیں۔

جہاں اکشے کمار، ریتیک روشن اور لتا منگیشکر جیسی شخصیات نے عطیات فراہم کیے ہیں، وہیں انوشکا شرما اور نیہا دھوپیا جیسی شخصیات فنڈز جمع کرنے میں مصروف دکھائی دیتی ہیں۔

امیتابھ بچن اور ان کے خاندان کو حالیہ کورونا بحران کے دوران عطیات فراہم نہ کرنے پر سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا لیکن انہوں نے خود پر اور خاندان پر ہونے والی تنقید پر کوئی جواب نہیں دیا تھا مگر اب انہوں نے واضح کیا ہے کہ اب تک وہ ذاتی ملکیت و دولت سے 15 کروڑ روپے کے عطیات ادا کر چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024