• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بلی آئلش نے نایاب تصاویر اور کہانیوں سے بھرپور 'کتاب' ریلیز کردی

شائع May 12, 2021
گلوکارہ کی کتاب کو گزشتہ روز جاری کیا گیا—فائل فوٹو: اے پی
گلوکارہ کی کتاب کو گزشتہ روز جاری کیا گیا—فائل فوٹو: اے پی

ایوارڈ یافتہ امریکی پاپ گلوکارہ بلی آئلش نے مداحوں کو اپنی زندگی سے متعلق مزید معلومات فراہم کرنے کے لیے نایاب اور ان دیکھی تصاویر سے بھرپور تصویری کتاب اور کہانیوں اور واقعات سے بھری آڈیو کتاب ریلیز کردی۔

گزشتہ چند سال میں ہولی وڈ شخصیات سمیت معروف شخصیات میں سوانح عمری کے بجائے اپنی نایاب اور ان دیکھی تصاویر و ویڈیو سے سجی وژوئل کتابیں جاری کرنے کے رجحان میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

اور اسی رجحان کے پیش نظر کم عمری میں لوگوں کی توجہ حاصل کرکے سپر اسٹار بننے والی بلی آئلش نے بھی بیک وقت تصویری و آڈیو کتاب جاری کردی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بلی آئلش نے 11 مئی کو اپنی کتاب کے دونوں مجموعے فروخت کرنے کے لیے پیش کردیے اور ابتدائی طور پر کتاب کو آن لائن فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

بلی آئلش کی تصویری کتاب میں ان کے بچپن اور لڑکپن کی ان دیکھی اور نایاب تصاویر بھی شامل کی گئی ہیں جب کہ کتاب میں گلوکارہ کی کچھ بولڈ اور وائرل تصویریں بھی شامل کی گئی ہیں۔

اسی طرح گلوکارہ نے زندگی کے دلچسپ واقعات سے مداحوں کو باخبر کرنے کے لیے آڈیو کتاب بھی جاری کی ہے، جسے ایک سی ڈی میں پیش کیا گیا ہے اور اس میں بلی آئلش نے ایسے واقعات بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کیے ہیں، جنہیں آج تک ان کے مداحوں نے نہیں سنا ہوگا۔

گلوکارہ کی کتاب کے دونوں ورژنز کو ان کی ذاتی ویب سائٹ پر دیے گئے لنکس کے ذریعے بھی آن لائن خریدا جا سکتا ہے.

ان کی کتابوں کو ایمازون سمیت دنیا کے دیگر بڑے آن لائن اسٹورز پر بھی فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

بلی آئلش کی کتاب کو فوری طور پر یورپ و امریکا سمیت ایشیا کے بعض ممالک میں بھی فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے، ان کی کتابوں کو جنوبی ایشیا میں صرف بھارت میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

بلی آئلش کی کتابوں کو کسی بھی مشرق وسطی اور افریقی ملک میں فروخت کے لیے پیش نہیں کیا گیا لیکن بعض آن لائن اسٹور دنیا کے درجنوں ممالک میں ان کی کتاب کی ترسیل کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بلی آئلش کی تصویر نے 6 منٹ میں ریکارڈ بنا ڈالا

ان کی تصویری کتاب کی قیمت 17 جب کہ آڈیو کتاب کی قیمت 27 امریکی ڈالر تک ہے۔

خیال رہے کہ بلی آئلش نے 2015 میں گلوکاری کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے 2019 میں 18 برس کی عمر میں شہرہ آفاق فلم ’جیمز بانڈ‘ کی 25 ویں فلم کے لیے گانا گاکر نیا ریکارڈ بنایا تھا۔

وہ پہلی گلوکارہ بنی تھیں، جنہوں نے محض 18 برس کی عمر میں جیمز بانڈ کے لیے گانا گیا۔

اسی طرح وہ 18 برس کی عمر سے قبل ہی معروف میوزیکل ایوارڈ ’گریمی‘ کے لیے نامزد ہونے والی گلوکارہ بھی بنی تھیں جب کہ 2019 میں وہ 18 برس کی عمر میں بیک وقت 5 ’گریمی‘ ایوارڈز جیتنے والی بھی پہلی گلوکارہ بنی تھیں۔

رواں برس مارچ میں ان کی بالوں کی رنگت تبدیل کرنے کے ساتھ شیئر کی گئی تصویر نے انسٹاگرام پر نیا ریکارڈ بنایا تھا، بلی آئلش نے اپنے بالوں کا رنگ سیاہ اور ہرے سے تبدیل کرکے بھورے رنگ میں بدلا اور اس کی ایک سادہ تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی، جو دیکھتے ہی دیکھتے سب سے زیادہ لائیک کی جانے والی تصویر بن گئی تھی۔

ان کی مذکورہ تصویر کو محض 6 منٹ میں 10 لاکھ افراد نے لائیک کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024