• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

اسرائیل مخالف ٹوئٹس کے بعد سوارا بھاسکر کا نام ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ

شائع May 12, 2021
اداکارہ نے فلسطینیوں کے حق میں متعدد ٹوئٹس کیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے فلسطینیوں کے حق میں متعدد ٹوئٹس کیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

عام طور پر بھارتی افراد اور خصوصی طور پر وہاں کے سیاستدان اور معروف شخصیات اسرائیل کی جانب سے فلسطین میں مظالم پر کھل کر بات نہیں کرتے مگر بولی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر ان دنوں ٹوئٹر پر اسرائیل کے خلاف متحرک دکھائی دے رہی ہیں۔

اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر حالیہ حملوں اور مظالم کے بعد سوارا بھاسکر نے 9 مئی کے بعد صیہونی مخالف ٹوئٹس کرنا شروع کیں اور 11 مئی کو متعدد ٹوئٹس کرنے کے بعد وہ بھارت میں ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ میں آگئیں۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری سے 13 بچوں سمیت 43 فلسطینی جاں بحق

سوارا بھاسکر نے اگرچہ خود ایک درجن سے بھی کم ٹوئٹس کیں مگر ان کی جانب سے فلسطینیوں کی حمایت میں کی جانے والی ٹوئٹس پر جہاں لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا، وہیں بعض لوگوں ان کی تعریف بھی کی، جس کی وجہ سے وہ 11 مئی کو ٹاپ ٹرینڈز میں آگئیں۔

سوارا بھاسکر نے اپنی متعدد ٹوئٹس میں اسرائیلی حملوں کو جارحیت اور ظلم قرار دیا، ساتھ ہی انہوں نے اسرائیل کو متعصب ریاست بھی قرار دیا۔

سوارا بھاسکر نے اپنی متعدد ٹوئٹس میں فلسطینیوں کی حمایت کی اور ساتھ ہی انہوں نے فری فلسطین کا ہیش ٹیگ بھی استمال کیا۔

سوارا بھاسکر نے متعدد ٹوئٹس کے دوران ایک دہائی پرانی اپنی دو تصاویر بھی شیئر کیں، جس میں انہیں مشرق وسطیٰ کے ملک شام میں فلسطین کی آزادی کی حمایت میں نکالی گئی ریلی میں فلسطینی جھنڈے کو تھامے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

علاوہ ازیں انہوں نے جنوری 2011 میں غزہ کی پٹی پر کھچوائی گئی اپنی تصویر بھی شیئر کی، جس میں انہیں فلسطینی جھنڈے کو تھامے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

مذکورہ ٹوئٹ میں سوارا بھاسکر نے لکھا کہ اسرائیل نے 2007 سے غزہ پٹی کی ہوا، پانی اور ساحل پر قبضہ کرکے اسے بند کر رکھا ہے۔

ایک ٹوئٹ میں سوارا بھاسکر نے لکھا کہ فلسطینیوں کی حمایت کرنا اسلامی مسئلہ نہیں ہے، مذکورہ معاملے کو نسل پرستی، کلونیل ازم اور تعصب پرست ریاست کے خلاف جدوجہد کے طور دیکھنا چاہیے اور ان ہی وجوہات کی وجہ سے غیر مسلم افراد کو بھی فلسطین کاز کی حمایت کرنی چاہیے۔

اسی طرح بولی وڈ ادکارہ نے ایک ٹوئٹ میں واضح طور پر اسرائیل کو دہشت گرد ریاست اور نسلی تعصب کی پرچار کرنے والی ریاست لکھا۔

سوارا بھاسکر کی جانب سے فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیل مخالف ٹوئٹس کیے جانے پر انہیں درجنوں افراد نے تنقید کا نشانہ بنایا جب کہ ان کی ٹوئٹس کو ہزاروں افراد نے ری ٹوئٹ بھی کیا، جس کی وجہ سے 11 مئی کو اداکارہ کا نام ٹاپ ٹرینڈز میں بھی آگیا۔

سوارا بھاسکر نے اپنا نام ٹاپ ٹرینڈز میں آنے سے متعلق ٹوئٹ کی، جس میں انہوں نے بھارت میں ٹاپ ٹرینڈز کی فہرست کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا، جس میں ان کا نام تیسرے نمبر پر تھا۔

اداکارہ نے خود پر کی جانے والی تنقید پر بھی خوب جواب دیا اور ایک شخص کو جواب دیا کہ ان پر الزامات لگانے سے قبل مستند تحقیق کی جائے، کیوں کہ انہوں نے اویغور مسلمانوں پر چین کی جانب سے تشدد پر بھی کھل کر بات کی ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیل کے حالیہ حملوں کے باعث 8 سے 12 مئی تک 13 بچوں سمیت 43 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ تقریباً 300 زخمی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024