• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

شوال کا چاند نظر آ گیا، پاکستان میں کل عیدالفطر ہو گی

شائع May 12, 2021 اپ ڈیٹ May 13, 2021
قوم کو 20 برس بعد ایک دن عید منانے کا تحفہ دے رہے ہیں، عبدالخبیر آزاد۔ فوٹو:ڈان نیوز
قوم کو 20 برس بعد ایک دن عید منانے کا تحفہ دے رہے ہیں، عبدالخبیر آزاد۔ فوٹو:ڈان نیوز

مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا ہے اور جعمرات کو پاکستان بھر میں عیدالفطر منائی جائے گی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں چیئرمین عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت بدھ کو منعقد ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں چاند نظر نہیں آیا، عیدالفطر جمعرات کو ہوگی

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور نیو کوہسار بلاک میں ہوا اور اجلاس میں وزارت سائنس اور محکمہ موسمیات کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

زونل کمیٹیوں کا جلد ختم ہو گیا تھا لیکن مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں پر طویل بحث کی گئی جس کی وجہ سے رات 11 بجے تک اعلان نہیں کیا جا سکا۔

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے رات ساڑھے 11 بجے پریس کانفرنس میں چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کیا۔

انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر سے شہادتیں موصول ہوئیں، بہت سی جگہوں پر مطلع ابرآلود تھا، جن مقامات سے شہادتیں موصول ہوئیں ان میں چمن، قلعہ سیف اللہ، پسنی، پشاور، سندھ کا علاقہ میرپور اور دیگر مختلف مقامات شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اتفاق رائے سے طے پایا ہے کہ یکم شوال المکرم 1442 ہجری 13 مئی 2021 بروز جمعرات کو ہو گی اور کل ان شااللہ عیدالفطر کا دن ہو گا۔

انہوں نے عوام کو عیدالفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ چمن اور پشاور کی زونل کمیٹیوں اور ذمہ داروں نے وہاں آنے والے لوگوں کی شہادتوں کو دیکھا اور پھر اس کے بعد فیصلہ ہمیں پہنچایا جو میں نے آپ کے سامنے رکھا ہے۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ آج اللہ تعالیٰ نے پوری قوم کو اکٹھا کیا ہے اور میں یہ سمجھتا ہوں کہ ہم آئندہ بھی مل کر آگے بڑھنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ہمارے قبلہ اول بیت المقدس پر جارحیت کی ہے اور عبادت کرنے والے نہتے مسلمانوں پر جو گولیاں چلائی ہیں، ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے عوام سے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے گلے ملنے اور مصافحے سے پرہیز کریں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔

اس سے قبل ماہ شوال کے چاند کی شرعی رویت سے متعلق کراچی میں زونل کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات میں ہوا۔

زونل رویت ہلال کمیٹی کی سربراہی حافظ محمد سلفی کررہے تھے جبکہ دیگر شرکا میں قاری نظیر احمد نعیمی، قاری محمد اقبال،مولانا صابر شامل تھے۔

زونل کمیٹی کے مطابق کراچی سے چاند دیکھنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی اور کراچی کی تمام صورت حال سے مرکزی کمیٹی کو آگاہ کردیا گیا تھا۔

اس سے قبل چاند کی رویت کے حوالے سے وفاقی وزرا فواد چوہدری اور نور الحق قادری نے لفظی تبادلہ بھی ہوا۔

جھوٹ بول کر ماہ مقدس کا اختتام کرنا کہاں کی عقل مندی ہو گی، فواد چوہدری

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے سے قبل ہی فواد چوہدری نے چاند کی رویت کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ آج شوال کا چاند نظر آنا ممکن نہیں۔

انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس وقت چاند کی عمر پاکستان میں 13 گھنٹے 42 منٹ ہے لہٰذا چاند کا آج نظر آنا ممکن ہی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جن حضرات نے عید سعودیہ کے ساتھ منانی ہے، یہ ان کا آپشن ہے لیکن جھوٹ بول کر ماہ مقدس کا اختتام کرنا کہاں کی عقل مندی ہو گی، سیدھا کہیں کہ ہمیں عید افغانستان یا سعودی عرب کے مطابق منانی ہے۔

عید یا رمضان کا فیصلہ کرنا کسی وزیر یا حکومتی شخصیت کے لیے مناسب نہیں، نور الحق قادری

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے فواد چوہدری کے بیان پر انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اہم دینی و شرعی حکم کا فیصلہ دینا دینی شعائر کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔

انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے سے پہلے عید یا رمضان کا فیصلہ کرنا کسی وزیر یا حکومتی شخصیت کے لیے مناسب نہیں۔

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے کہا کہ جب حکومت کا ایک متعین ادارہ اور وہاں جیّد علما سمیت تمام متعلقہ اداروں کی نمائندگی پہلے سے موجود ہے تو پھر اہم دینی وشرعی حکم کا فیصلہ دینا دینی شعائر کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ ماہ شوال کے چاند کی پیدائش 12 مئی کی رات 12 بجکر ایک منٹ پر ہوچکی تھی تاہم مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔

چاند کی رویت کی شہادتیں ملنے یا نہ ملنے کے بعد عیدالفطر کے حوالے سے اعلان کیا جائے گا۔

میڈیا ایسی خبریں نشر نہ کرے جس سے بے چینی پھیلے، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی عبدالخبیر آزاد نے میڈیا پر چلنے والی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے کمیٹی کے اجلاس سے قبل کہا تھا کہ تمام زونل اور ضلعی کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے مقامات پر جاری ہیں اور اگر اللہ تعالی نے 30 روزے عطا کیے تو ضرور مکمل کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان میں کہیں سے شہادت موصول ہوئیں تو اسے ضرور پرکھا جائے گا۔

انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ کمیٹی کے فیصلے کا انتظار کریں اور ایسی خبر نشر نہ کریں جس سے غلط فہمی اور بے چینی پھیلے۔

خیال رہے کہ ماہرین فلکیات کہہ چکے ہیں کہ آج چاند نظر آنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔

مفتی پوپلزئی کا چاند نظر آنے اور کل عید منانے کا اعلان

دوسری جانب پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے بھی پہلے ہی اپنی ٹوئٹ میں چاند نظر آنے اور کل عید منانے کا اعلان کردیا تھا۔

چاند دیکھنے کے لیے مسجد قاسم علی خان میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا.

مفتی پوپلزئی نے اپنی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ مسجد قاسم علی خان میں رویت ہلال کمیٹی کو 23 شہادتیں موصول ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام شہادتوں کو شرعی پیمانے پر پرکھنے کے بعد کمیٹی نے کل بروز جمعرات 13 مئی 2021 کو یکم شوال المکرم عید الفطر کا اعلان کردیا۔

بھارت میں چاند نظر نہیں آیا

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارت میں شوال کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا گیا تھا اور بھارت میں عیدالفطر 14مئی 2021 بروز بدھ کو ہو گی۔

امارت شرعیہ ہند اور مرکزی دفتر رویت ہلال کمیٹی دارالعلوم دیوبند، انڈیا نے چاند نظر نہ آنے کے حوالے سے باضابطہ اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب سمیت کسی خلیجی ملک میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا تھا جس کے باعث وہاں آج 30 واں روزہ ہے اور 13 مئی (بروز جمعرات) کو عیدالفطر منائی جائے گی۔

اسی طرح بیشتر مغربی ممالک میں بھی جمعرات کو عیدالفطر ہوگی۔

یاد رہے کہ رویت ہلال کمیٹی اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش میں مصروف ہے کہ رواں سال عیدالفطر پورے ملک میں ایک ساتھ منائی جا سکے اور اس مقصد کے لیے اراکین کمیٹی نے ان علما سے رجوع کرنا شروع کردیا ہے جنہوں نے ماضی میں شوال کے چاند دیکھنے سے متعلق اعلان کی عوامی مخالفت کی تھی۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں ایک ہی دن عید الفطر منانے کیلئے کوششیں تیز

کمیٹی کے کچھ اراکین نے عید کی متوقع تاریخ کے بارے میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے قبل از وقت اعلان پر بھی تشویش کا اظہار کیا تھا۔

رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد کے سامنے متعدد اراکین نے خدشات کا اظہار کیا تھا کہ وزیر اطلاعات کے اس طرح کے بیانات سے پشاور کی قاسم خان مسجد کے مفتی پوپلزئی جیسے علما کی حوصلہ افزائی ہوگی کہ وہ رواں سال بھی کمیٹی کے اختیار کو خاطر میں نہیں لائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024