• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

روس میں مسلح شخص کی اسکول میں فائرنگ، بچوں سمیت 9 افراد ہلاک

شائع May 11, 2021
اسکول میں فائرنگ کے واقعے کے بعد بچوں کے والدین
اسکول میں فائرنگ کے واقعے کے بعد بچوں کے والدین

روس کے شہر کازان میں مسلح شخص نے اسکول میں فائرنگ کر کے 9 افراد کو قتل کردیا جس میں اکثریت بچوں کی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق صدر ولادمیر پیوٹن نے فائرنگ کے واقعے کے بعد اسلحے کی روک تھام کے لیے قوانین پر نظرثانی کا حکم دیا ہے۔

مزید پڑھیں: امریکا: اسکول میں فائرنگ سے 17 طالب علم ہلاک

یہ روس کی حالیہ تاریخ کا بدترین واقعہ ہے اور ایک ایسے موقع پر پیش آیا ہے سالانہ چھٹیوں کے بعد اسکول میں طلبہ کا پہلا دن تھا۔

واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے پیش آیا جس سے مسلم اکثریتی روسی صوبے تاتارستان کے دارالحکومت کازان کے اسکول نمبر 175 میں طلبہ اور اساتذہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

قریبی عمارت سے فلمبند کی گئی ایک فوٹیج سوشل میڈیا پر ڈالی گئی جس میں اسکول کے صحن میں گولیوں کی آوازوں کے ساتھ لوگوں کو دوسری اور تیسری منزل کی کھڑکیوں سے چھلانگ لگا کر اسکول سے بھگتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ انہوں نے فائرنگ کی اطلاعات موصول ہونے کے ایک گھنٹے بعد بندوق بردار شخص کو حراست میں لیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا:ہائی اسکول میں فائرنگ سے 3 افراد شدید زخمی

تاتارستان کے علاقائی رہنما رستم منی خانوف نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں 7 بچے آٹھویں جماعت کے طالبعلم ہیں، انہوں نے بتایا کہ ایک استاد سمیت مزید دو افراد کی بھی فائرنگ سے موت واقع ہوئی۔

مقامی حکام کے ترجمان لزت ھیداروو نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 18 بچوں سمیت مزید 20 افراد ہسپتال میں داخل ہیں جن میں سے چھ کی حالت نازک ہے۔

زخمی لوگوں کی عمریں سات اور 62 سال کے درمیان ہیں۔

ان ہلاکتوں کے بعد حکام نے بدھ کے روز یوم سوگ منانے کا اعلان کیا جبکہ پیوٹن نے متاثرہ خاندانوں سے گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بندوق کے نئے قوانین بنانے کا مطالبہ کیا۔

ان کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ صدر نے ہتھیاروں کی اقسام کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر نئی قانون سازی کا حکم دیا ہے۔

مزید پڑھیں: کیلیفورنیا: ہائی اسکول میں فائرنگ سے 2 طلبہ ہلاک، 3 زخمی

اس سے قبل واقعے میں ہلاکتوں کے حوالے سے متضاد اطلاعات سامنے آ رہی تھیں کیونکہ شہر کے میئر کا کہنا تھا کہ آٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں لیکن مقامی خبر رساں ادارے 11 ہلاکتوں کا دعویٰ کر رہے تھے۔

ابتدائی طور پر دو حملہ آوروں کی اطلاعات تھیں جن میں سے ایک کی عمارت کی چوتھی منزل پر موجودگی کا دعویٰ کیا گیا تھا لیکن بعد میں حکام نے بتایا کہ ایک حملہ آور اس قتل عام کا ذمے دار ہے۔

عام طور پر سخت سیکیورٹی اور قانونی طور پر آتشیں اسلحہ خریدنے کی راہ میں حائل دشواریوں کی وجہ سے روس میں اسکولوں میں فائرنگ کے کم واقعات رپورٹ ہوتے ہیں۔

نومبر 2019 میں مشرقی قصبے بلوگوشینسک میں ایک 19 سالہ طالبعلم نے اپنے کالج میں فائرنگ کردی تھی جس سے ایک ہم جماعت جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے، بعد میں مذکورہ حملہ آور نے خود کو بھی گولی مار لی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: فلوریڈا کے اسکول میں فائرنگ کا واقعہ، ملزم نے اعتراف جرم کرلیا

اکتوبر 2018 میں کریمیا کے کیچ ٹیکنیکل کالج میں ایک نو عمر بندوق بردار نے 20 افراد کو ہلاک کردیا، 18 سالہ حملہ آور خود کو بھی گولی مار کر ہلاک کر لیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024