پاکستان علما کونسل 14 مئی کو فلسطینیوں کی حمایت و تائید کرے گی، طاہر اشرفی
وزیراعظم کے معاون خصوصی مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان علما کونسل 14 مئی کو ملک بھر میں فلسطینیوں اور کشمیریوں کی حمایت و تائید کرے گی۔
وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ اور پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور سعودی عرب کے مابین قیدیوں کی منتقلی کے معاہدے پر دستخط
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے دورے میں کشمیر اور فلسطین کے مسئلے پر بھی بات کی، سعودی عرب نے مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر پاکستان کے مؤقف کی بھرپور تائید کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حرم شریف میں مظلوم فلسطینی اور کشمیر کے عوام کے لیے خصوصی دعا مانگی گئی، پاکستان مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر حملوں کے حوالے سے اسلامی دنیا کے ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے۔
انہوں نے فلسطینی عوام سے یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسجد اقصیٰ کل بھی ہماری تھی، آج بھی ہماری ہے اور ان شااللہ کل بھی ہماری ہوگی۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان نے عرب اسلامی دنیا کے ساتھ جس انداز سے اپنے تعلقات کو آگے بڑھایا ہے، گزشتہ ادوار میں اس کی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے عوام اور میڈیا نے وزیراعظم عمران خان کے دورے کو ترجیح دی، وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان بھائی چارے کا رشتہ ہے، سعودی عرب ہمارا بھائی ہے، ہمارے ایمان اور عقیدے کے رشتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ مسلسل افواہ سازی میں مصروف ہیں، مرکز محمد بن سلمان پوری دنیا میں رفاہی کام انجام دیتا ہے، اس نے حکومت کے ذریعے اپنی امداد تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا، ان لوگوں نے اس پر بھی پروپیگنڈا شروع کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی، جب کچھ حاصل نہ ہوا تو مرکز سلمان کی امداد پر باتیں کرنا شروع کر دیں حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ اس مرکز نے دنیا بھر میں اربوں روپے کے رفاہی کام کیے، پاکستان میں ہسپتالوں اور صحت کے شعبے میں اس نے بہت کام کیا، کورونا وبا کی صورت حال کے دوران بھی اس مرکز کی گراں قدر خدمات ہیں۔
مزید پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے کردار ادار کرسکتے ہیں، سعودی وزیر خارجہ
معاون خصوصی نے کہا کہ یہ مرکز عمران خان کے دور حکومت سے قبل گزشتہ ادوار میں بھی یہاں کام کر رہا تھا، غریب لوگوں کی امداد کرنے کو غلط نہیں کہا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ امام کعبہ شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے پیغام دیا کہ وہ اسلامو فوبیا اور توہین ناموس رسالتﷺ کے مسئلہ پر وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان علما کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ 14 مئی کو ملک بھر میں خطبات جمعہ میں مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کی حمایت و تائید کی جائے گی۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کو سفارت خانے کے حوالے سے کچھ مشکلات درپیش تھیں، وزیراعظم نے فوری ایکشن لیا جس پر سعودی عرب میں تمام پاکستانی کمیونٹی نے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سوچ تبدیل کی ہے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے دوست ممالک کی داخلہ و خارجہ پالیسی میں مداخلت نہیں کرتا۔
ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت نے پاکستان کو کبھی اسرائیل کو تسلیم کرنے کا نہیں کہا، اس قسم کے پروپیگنڈے کرنے کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو خراب کرنا ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دو قوموں کے تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب مسئلہ کشمیر کے بارے میں پاکستان کے مؤقف کی تائید و حمایت کرتا ہے۔