• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

مسجد الاقصیٰ میں نمازیوں پر حملہ کرکے اسرائیل نے تمام انسانی اقدار کی دھجیاں بکھیر دیں، چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے امریکا، برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے پارلیمانی سربراہان کو خطوط لکھے ہیں — فائل فوٹو / آن لائن
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے امریکا، برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے پارلیمانی سربراہان کو خطوط لکھے ہیں — فائل فوٹو / آن لائن

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے مسجد الاقصیٰ پر اسرائیلی افواج کے حملے پر عالمی پارلیمانی سربراہان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے امریکا، برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے پارلیمانی سربراہان کو خطوط لکھے ہیں جن میں مسجد الاقصیٰ کے نہتے فلسطینی نمازیوں پر اسرائیل کی حالیہ جارحیت پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائی گئی ہے۔

صادق سنجرانی نے خطوط میں مسجد الاقصیٰ میں فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی فوجیوں کے تشدد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستانی عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے سربراہان سے مخاطب ہوں۔

انہوں نے لکھا کہ 'آپ کی توجہ ماضی قریب میں مسجد الاقصیٰ میں نمازیوں پر حملے کی جانب دلانا چاہتا ہوں، مسجد الاقصیٰ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے مقدس جگہ ہے، اس اقدام سے تمام انسانی اقدار اور بین الاقوامی قانون کی دھجیاں بکھیر دی گئی ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ: اسرائیل کا حماس کے ٹھکانوں پر حملہ، بچوں سمیت 20 افراد جاں بحق

اپنے خطوط میں چیئرمین سینیٹ نے لکھا ہے کہ 'رمضان المبارک میں اسرائیلی افواج کا نمازیوں پر حملہ انسانی حقوق اور عالمی انسانی قوانین کے خلاف ورزی ہے، مسجد الاقصیٰ میں نمازوں پر ظلم و ستم نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ کسی مذہب کے لیے قابل قبول نہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سربراہان پارلیمنٹ اس ظالمانہ اقدام کی مذمت اور فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے اسرائیلی افواج کی جانب سے مسجد الاقصیٰ میں نمازیوں پر مسلسل کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے جس کے نتیجے میں 300 فلسطینی شہری زخمی ہوچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: 'یوم یروشلم' کے موقع پر اسرائیلی فورسز کے تازہ حملے، مزید درجنوں فلسطینی زخمی

مسجد الاقصیٰ میں اسرائیلی فوج کے حملے کے بعد حماس نے اسرائیل میں درجنوں راکٹس فائر کیے تھے جس کے بعد غزہ کی محصور پٹی میں اسرائیل کے حملے میں حماس کے کمانڈر سمیت 20 افراد جاں بحق ہوگئے۔

اسرائیل کے ان حملوں کی نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر مذمت کی جارہی ہے۔

اسرائیلی پولیس اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان کئی روز سے جاری جھڑپوں میں شدت کے بعد تنازع بڑھنے کا خدشہ ہے جبکہ مقبوضہ بیت المقدس میں ہونے والے حملے نے کشیدگی میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

اسرائیلی پولیس اور فلسطینی شہریوں میں تازہ جھڑپوں کی ابتدا اس وقت ہوئی تھی جب مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی آباد کاروں کی جانب سے وہاں بسنے والے چند فلسطینی خاندانوں کو بےدخل کرنے کی کوشش کی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024