• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

فلسطین میں اسرائیلی حملوں پر حکومت اور اپوزیشن رہنماؤں کی شدید مذمت

شائع May 11, 2021
—فائل فوٹو: اے ایف پی
—فائل فوٹو: اے ایف پی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، حکومتی وزرا سمیت اپوزیشن جماعتوں کے قائدین نے فلسطین میں اسرائیلی فورسز کی پرتشدد کارروائیوں اور حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

گزشتہ چند دنوں میں مسجد الاقصیٰ میں اسرائیلی فوج کے حملے کے نتیجے میں کم از کم 300 فلسطینی شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'یوم یروشلم' کے موقع پر اسرائیلی فورسز کے تازہ حملے، مزید درجنوں فلسطینی زخمی

جس کے بعد اسرائیلی فضائیہ کے غزہ میں تازہ حملوں میں بچوں، خواتین اور حماس کے کمانڈر سمیت 24 افراد جاں بحق ہوگئے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کتنی گھناوئنی بات ہے کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی نسلی امتیاز اور مظالم جاری ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان نمازیوں پر حملوں کے مناظر کو مغربی میڈیا پر معمول کی جھڑپیں قرار دیا گیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے فلسطینی نوجوانوں کو مخاطب کرکے کہا کہ میرے بھائی پُر امید رہیں، وہ وقت دور نہیں جب بین الاقوامی سیاست ذاتی مفادات پر نہیں بلکہ اخلاقیات پر مبنی ہوگی۔

وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے از خود کوئی ٹوئٹ نہیں کیا لیکن انہوں نے حنان اشراوی نامی ایک ٹوئٹر صارف کے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا۔

حنان اشراوی نے کہا کہ اقصیٰ میدان جنگ نہیں ہے، یہ ایک عبادت گاہ ہے۔

مزید پڑھیں: اسرائیلی فورسز کا فلسطینیوں پر حملہ، سعودیہ، یو اے ای کا اظہارِ مذمت

انہوں نے کہا کہ یہ عبادت خانہ یا مندر یا گرجا گھر نہیں ہے، یہ ایک مسجد ہے اور اندر موجود فلسطینی پُر امن عبادت گزار ہیں۔

حنان اشراوی نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ اسرائیلی قابض ایک مقدس جنگ لڑنے پر تلے ہوئے ہیں۔

اس ضمن میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف آج فلسطین کے سفارت خانے جائیں گے اور مسجداقصیٰ اور فلسطینی علاقوں پر وحشیانہ اسرائیلی حملوں کی مذمت اور فلسطینیوں سے اظہارِ یک جہتی کریں گے۔

پارٹی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مریم اورنگزیب کے حوالے سے کہا گیا کہ پارٹی صدر شہباز شریف کی اسلام آباد میں مصروفیات کا شیڈول جاری کردیا گیا جس کے تحت وہ پاکستان کے عوام کی جانب سے فلسطینی عوام کی حمایت کا پیغام دیں گے۔

علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ شہباز شریف ممتاز حریت رہنما اشرف صحرائی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اجلاس میں شریک ہوں گے۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ کشمیر ہاؤس میں منعقدہ تعزیتی اجلاس میں سید علی گیلانی کے دست راست اشرف صحرائی کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے آزاد جموں وکشمیر کے لیے پارلیمنٹری بورڈ کا اجلاس شہباز شریف کی زیر صدارت ہوگا جس میں آزاد جموں وکشمیر کے انتخابات کے لیے اُمیدواروں سے متعلق غور ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: مسجد اقصیٰ میں فلسطینیوں، اسرائیلی پولیس کے درمیان جھڑپ میں سیکڑوں افراد زخمی

سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔

پارٹی کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل، فلسطین اور بھارت کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل نے مسلمانوں کے اتحاد کو متاثر کیا اور محترمہ بے نظیر بھٹو فلسطینی عوام کی وکیل تھیں۔

سابق صدر نے کہا کہ انہوں نے اقوام متحدہ میں مسلمانوں کے استحصال کے خلاف آواز اٹھائی۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کے بعد حکومت پاکستان نے خارجہ امور سے متعلق امور پر توجہ نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی نااہلی کا الزام پاکستانی سفارتکاروں پر ڈال رہے ہیں۔

علاوہ ازیں آصف علی زرداری نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ فلسطینیوں اور کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024