• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پاکستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 19 ہزار سے تجاوز کر گئی

شائع May 11, 2021
پاکستان میں اب تک 8 لاکھ 64 ہزار 557 افراد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں—فائل فوٹو: محمد عاصم
پاکستان میں اب تک 8 لاکھ 64 ہزار 557 افراد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں—فائل فوٹو: محمد عاصم

پاکستان میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کے نتیجے میں وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں بہتری دیکھی گئی ہے جبکہ کل سے 40 سال سے معمر رجسٹرڈ افراد کے لیے بھی واک ان ویکسینیشن کی سہولت کا آغاز کیا جارہا ہے۔

سرکاری سطح پر عالمی وبا کے اعداد و شمار مرتب کرنے والی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 3 ہزار 84 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ مزید 113 افراد انتقال کر گئے۔

ملک میں 10 مئی کو مجموعی طور پر کووڈ-19 کے 38 ہزار 883 ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں کورونا کیسز کے مثبت آنے کی شرح 7.93 فیصد رہی اور فعال کیسز کم ہو کر 78 ہزار 959 رہ گئے ہیں۔

پاکستان میں اب تک 8 لاکھ 64 ہزار 557 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 19 ہزار 106 زندگی کی بازی ہار گئے۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس کا شکار مزید 4 ہزار 387 افراد صحتیاب ہوئے یوں کورونا سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 66 ہزار 492 تک جاپہنچی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق 26 فروری 2020 کو ہوئی تھی، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک وائرس کی 3 لہریں دیکھی جاچکی ہیں۔

موجودہ لہر کے دوران کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں اضافے کے پیشِ نظر عیدالفطر کے موقع پر تفریحی مقامات بشمول پبلک پارکس، پکنک پوائنٹس، سیاحتی مقامات، ساحلِ سمندر وغیرہ بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

حکام نے عوام پر زور دیا کہ وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے عید کی تعطیلات کے دوران اپنے گھروں میں رہیں اور محفوظ رہیں۔

ملک میں 11 مئی 2021 کو کورونا وائرس کیسز اور اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب

صوبہ پنجاب کورونا وائرس کی تیسری لہر سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا کے مزید ایک ہزار 486 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 67 اموات رپورٹ ہوئیں۔

پنجاب میں مجموعی طو پر کورونا وائرس سے 3 لاکھ 20 ہزار 851 افراد متاثر جبکہ 9 ہزار 125 انتقال کرچکے ہیں۔

سندھ

صوبہ سندھ میں بھی وبا کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 782 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ مزید 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

مذکورہ اضافے کے بعد سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 93 ہزار 426 جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 753 تک جاپہنچی ہے۔

خیبرپختونخوا

کورونا وائرس کی تیسری لہر نے پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا کو زیادہ متاثر کیا جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ-19 کے مزید 495 کیسز اور 29 اموات رپورٹ ہوئیں۔

اب تک خیبر پختونخوا میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 24 ہزار 979 افراد وبا سے متاثر جبکہ 3 ہزار 644 لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

بلوچستان

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے سب سے وسیع صوبے میں مزید 87 افراد وائرس سے متاثر پائے گئے اور 5 انتقال کر گئے۔

نئے کیسز کے اضافے کے بعد بلوچستان میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 32 ہزار 534 ہوگئی جبکہ اموات کی تعداد 253 تک جا پہنچی ہے۔

اسلام آباد

کورونا کی تیسری لہر نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو بھی متاثر کیا ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 182 کیسز سامنے آئے جبکہ ایک مریض انتقال کر گیا۔

اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 78 ہزار 382 ہے جبکہ 716 افراد وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 39 کیسز کی تصدیق ہوئی اور اموات میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔

مذکورہ اضافے کے بعد آزاد کشمیر میں کورونا وائرس مجموعی طور پر 17 ہزار 984 افراد کو متاثر کرچکا ہے جبکہ 508 افراد کی موت کا سبب بھی بنا ہے۔

گلگت بلتستان

کورونا وائرس سے سب سے کم گلگت بلتستان متاثر ہوا ہے اور وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 13 کیسز سامنے آئے اور مزید کوئی موات رپورٹ نہیں ہوئی۔

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 ہزار 401 جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 107 ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024