• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ایران نے بھی سعودی عرب سے مذاکرات کی تصدیق کردی

شائع May 10, 2021
سعید خطیب زادہ نے کہا کہ دو مسلم ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی دونوں ممالک اور پورے خطے کے لیے مفاد میں ہے — فوٹو: رائٹرز
سعید خطیب زادہ نے کہا کہ دو مسلم ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی دونوں ممالک اور پورے خطے کے لیے مفاد میں ہے — فوٹو: رائٹرز

ایران نے عوامی سطح پر پہلی مرتبہ اپنے روایتی حریف سعودی سے بات چیت کی تصدیق کردی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے ہفتہ وار نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ 'خلیج فارس خطے میں دو مسلم ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی، دونوں ممالک اور پورے خطے کے لیے مفاد میں ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'ایران اس بات چیت کے نتائج کا انتظار کر رہا ہے، ہم دونوں ممالک کے درمیان موجود مسائل کے حل کا خیر مقدم کرتے ہیں اور ہم اس سلسلے میں ہر ممکن کوشش کریں گے'۔

گزشتہ ہفتے سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی پالیسی پلاننگ کے سربراہ راید کریملی نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ایران کے ساتھ مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی قسم کے نتیجے کی بات کرنا قبل از وقت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات ہو رہے ہیں، سعودی عہدیدار

انہوں نے کہا تھا کہ مذاکرات کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنا ہے جس کے لیے سعودی عرب کو ضمانت چاہیے۔

اپریل کے آخر میں سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے روایتی حریف ایران سے مفاہمانہ رویہ اپناتے ہوئے کہا تھا کہ تہران سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔

محمد بن سلمان نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ ‘ہم چاہتے ہیں کہ ایران کے حالات ابتر نہ ہوں بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ ایران آگے بڑھے، خطے اور دنیا کو استحکام کی طرف لے جائے’۔

ایران نے سعودی عرب کی جانب سے 'لہجے میں تبدیلی' کا خیر مقدم کیا تھا اور کہا تھا کہ اسے اُمید ہے کہ دونوں ممالک امن کے حصول کے لیے اکٹھے کام کرسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ایران کا سعودی عرب کے 'لہجے میں تبدیلی' کا خیر مقدم

واضح رہے کہ ایران اور سعودی عرب ایک دوسرے کے حریف ہیں جو خطے میں یمن، شام اور عراق سمیت کئی تنازعات میں پراکسی لڑائی لڑتے رہے ہیں، دونوں ممالک نے 2016 میں سفارتی تعلقات منقطع کردیے تھے۔

مشرق وسطیٰ کے عہدیداران اور ذرائع نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کے دو دور ہوچکے ہیں۔

امریکا میں جو بائیڈن کے صدر منتخب ہونے کے بعد مشرق وسطیٰ کے ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں بہتری آئی ہے۔

واشنگٹن، ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کو بحال کرنا چاہتا ہے جس سے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دستبردار ہوگئے تھے اور اس نے سعودی عرب سے یمن میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے ساتھ جنگ ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ایران سے اچھے تعلقات کے خواہش مند

چند ذرائع نے گزشتہ ماہ 'رائٹرز' کو بتایا تھا کہ تہران نے وعدہ کیا تھا کہ وہ سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کو روکنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے گا، اور اس کے بدلے میں ریاض سے جوہری مذاکرات کی حمایت کا مطالبہ کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024