شوبز شخصیات کی فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں کی مذمت
اسرائیلی فوج کی جانب سے یوم القدس کے موقع پر فلسطینی افراد پر حملے اور تشدد کی جہاں امریکا سمیت مختلف ممالک کی حکومتوں نے مذمت کی ہے، وہیں پاکستانی و عالمی شوبز شخصیات نے بھی صہیونی فوج کے تشدد پر اپنے غم و غصّے کا اظہار کیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعتہ الوداع کو یوم القدس کے موقع پر صہیونی فوج اور فلسطینی افراد کے درمیان کشیدگی ہوئی اور اسرائیلی فوج کی کارروائیوں سے کم از کم 205 فلسطینی زخمی ہوگئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بظاہر مذکورہ کشیدگی اس وقت شروع ہوئی جب اسرائیلی فوج نے یروشلم میں اپنی غیر قانونی آبادکاریوں سے فلسطینی افراد کو زبردستی نکالنا شروع کیا۔
اسرائیلی فوج نے یوم القدس کے موقع پر فلسطینی افراد کو زبردستی ان کے گھروں سے نکالنا شروع کیا، جب کہ اس سے قبل ہی ماہ رمضان کے آغاز سے ہی یروشلم میں کشیدگی شروع ہوگئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: دوران عبادت فلسطینیوں پر اسرائیلی فورسز کا وحشیانہ تشدد
اسرائیلی فوج نے 7 مئی کے بعد 8 مئی کو بھی فلسطینی افراد پر ربڑ کی گولیوں، ہینڈ گرینیڈ اور اسٹیل کی گولیوں سے حملے کیے، جن سے اب تک مجموعی طور پر 250 کے قریب افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی متعدد ویڈیوز اور تصاویر میں اسرائیلی فوج کو اسلام کے تیسرے مقدس ترین مقام مسجد الاقصیٰ کے اندر بھی جاکر نمازیوں پر فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
فلسطینی نژاد امریکی سپر ماڈل بیلا حدید نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں صہیونی فوج کے حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ وہ ان کی بہن جی جی حدید سمیت ان کے تمام اہل خانہ اسرائیلی فوج کے حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ وہ اور ان کے اہل خانہ فلسطینیوں پر ہونے والے تشدد پر دکھی اور آبدیدہ ہیں۔
انہوں نے ایک اور اسٹوری میں لکھا کہ بطور انسان وہ اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینوں پر کیے جانے والے حملے کے وقت فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سینیئر برطانوی موسیقار راجر واٹرز نے بھی اسرائیلی حملے کو فلسطینیوں کی نسل کشی قرار دیا، انہوں نے ٹوئٹر پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے صہیونی فوج کے حملے اور تشدد پر کھل کر بات کی اور کہا کہ اسرائیلی ریاست ہزاروں سال سے اپنی زمین پر مقیم لوگوں کو تشدد کے زور پر نکال رہی ہے۔
برطانوی گلوکارہ دعا لیپا نے بھی اسرائیلی فوج کے تشدد کے خلاف سوشل میڈیا پر اسٹوری شیئر کی اور انہوں نے یروشلم کے علاقے شیخ جراح کو بچانے کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
مصری اداکار محمد حنیدی نے بھی اسرائیلی فوج کی جارحیت کی مذمت کی اور انہوں نے انسٹاگرام پر شیخ جراح کی حفاظت کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے بھی فلسطینیوں پر تشدد اور حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کو دہشت گردی قرار دیا اور لکھا کہ کس طرح صہیونی فوج مظلوموں کو گھروں اور عبادت گاہوں میں نشانہ بنا رہی ہے۔
گلوکار و اداکار فرحان سعید نے عرب صحافی کی ایک ویڈیو کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے فلسطینیوں کے حق میں بات کی اور لکھا کہ صہیونی ظلم پر دنیا کی خاموشی مجرمانہ ہے اور ساتھ ہی انہوں نے سوال کیا کہ آخر عالمی برادری یہ سب کچھ پیچھے سے بیٹھ کر کس طرح خاموشی سے دیکھ سکتی ہے؟
فیروز خان نے بھی فلسطینیوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے مختصر ٹوئٹ کی کہ اسرائیل نے الاقصیٰ پر حملہ کردیا۔
اداکار حمزہ علی عباسی کی اہلیہ نیمل خاور نے بھی اسرائیلی جارحیت پر سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ فلسطینیوں کو ہماری مدد کی ضرورت ہے۔
اداکار سمیع خان نے بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کے حملوں کو ناقابل برداشت قرار دیا۔
سابق اداکارہ نور بخاری نے بھی اسرائیلی ظلم کے خلاف انسٹاگرام پوسٹ کی اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا ، ساتھ ہی انہوں نے شکوہ کیا اس ظلم پر زیادہ تر شخصیات خاموش ہیں اور انہوں نے ٹوئٹ تک نہیں کی۔
نور بخاری نے شخصیات سمیت عام افراد کو اسرائیلی ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے کہا۔