وزیراعظم عمران خان نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی
وزیراعظم عمران خان نے اہلیہ بشریٰ عمران اور پاکستانی وفد کے ساتھ عمرہ کی سعادت حاصل کرلی۔
طوافِ کعبہ سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان کے لیے بیت اللہ کے دروازے کھولے گئے اور انہوں نے خانہ کعبہ کی زیارتِ خاص کی سعادت حاصل کی۔
وزیراعظم عمران خان اور ان کے وفد کے لیے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا، جہاں وزیراعظم، خاتون اوّل اور وفد نے خانہ کعبہ کے اندر نوافل ادا کیے۔
خیال رہے کہ 7 مئی کو وزیر اعظم خان، پاکستانی وفد کے ہمراہ 3 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے، 2018 کے بعد سے وزیر اعظم عمران خان کا سعودی عرب کا یہ تیسرا سرکاری دورہ ہے۔
وزیراعظم کے وفد میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد، گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، سینیٹر فیصل جاوید خان اور صوبائی وزیر علیم خان و دیگر شامل ہیں۔
7 مئی کو جدہ آمد پر سعودی ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان پرتپاک استقبال کیا تھا۔
اس سے قبل چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے۔
گزشتہ روز وزیرِاعظم عمران خان مدینہ منورہ گئے تھے اور روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی تھی۔
جدہ سے مدینہ منورہ پہنچنے پر مدینہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے وزیراعظم کا استقبال کیا تھا۔
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان اور ان کے وفد نے مسجد نبوی میں روزہ افطار کیا اور نمازِ مغرب ادا کی۔