• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پاک-افغان سرحد پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک فوجی زخمی

شائع May 8, 2021
پاکستانی فوج نے سرحد پار سے دہشت گردوں کی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا— فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستانی فوج نے سرحد پار سے دہشت گردوں کی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا— فائل فوٹو: اے ایف پی

خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی جانب سے سرحد کے اس پار سے فائرنگ کے نتیجے میں ایک پاکستانی فوجی زخمی ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق بین الاقوامی سرحد پر دہشت گردوں نے افغانستان کی طرف سے پاکستان میں ایک فوجی چوکی پر فائرنگ کی۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: افغانستان سے دہشت گردوں کے حملے میں 4 ایف سی اہلکار شہید، 6 زخمی

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستانی فوجیوں نے حملے کا فوری جواب دیا اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی زخمی ہوا۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان مستقل طور پر افغانستان سے بارڈر مینجمنٹ کا انتظام مؤثر بنانے کی درخواست کرتا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

یہ رواں ہفتے پیش آنے والا دوسرا واقعہ ہے، اس سے قبل بدھ کے روز بلوچستان کے علاقے ژوب کے سیکٹر منزاکئی میں گھات لگا کر بیٹھے ہوئے دہشت گردوں نے پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے میں مصروف فرنٹیئر کور پر حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں چار جوان شہید اور 6 زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: باجوڑ: افغان سرحد پار سے داغے گئے راکٹوں سے 5 سالہ بچی جاں بحق

اس حملے کے بعد افغان سفارتخانے سے کہا گیا تھا کہ وہ متعلقہ حکام کو پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے افغان سرزمین سے سرگرم دہشت گردوں کے منظم گروہوں کے خلاف موثر اقدامات اٹھائے اور ان پروٹوکولز پر عملدرآمد کرے جن پر دونوں فریقین نے اتفاق کیا تھا اور مستقبل میں ایسے واقعات سے گریز کریں۔

گزشتہ سال اکتوبر میں سرحد پار سے دہشت گردوں نے باجوڑ میں پاک آرمی کی چوکی پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک فوجی شہید اور ایک زخمی ہوگیا تھا جبکہ اس سے ایک ماہ قبل بھی اس طرح کا ایک حملہ کیا گیا تھا جس میں ایک فوجی کی شہادت ہوئی تھی۔

امریکا نے افغانستان سے اپنی فوجیں واپس بلانا شروع کردی ہیں لہٰذا خدشہ ہے کہ اب تشدد میں اضافہ ہوگا اور تشدد کا یہ سلسلہ پاکستان سمیت پڑوسی ریاستوں میں بھی پھیل پڑ سکتا ہے، حالیہ ہفتوں میں افغان سیکیورٹی فورس کے سو سے زیادہ اہلکار ہلاک ہونے کے بعد افغانوں کے خلاف تشدد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان، امریکا، چین، روس کا افغانستان سے سرحد پار حملوں کے خاتمے پر زور

اس ماہ کے اوائل میں پاکستان نے امریکا، چین اور روس کے ساتھ مل کر افغان حکومت اور طالبان پر زور دیا تھا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ افغان سرزمین کسی اور ملک کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے لیے استعمال نہ ہو۔

فریقین نے واشنگٹن سے جاری مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ ہم اسلامی جمہوریہ کی حکومت اور طالبان سمیت تمام افغانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ دہشت گرد گروہ اور افراد کسی دوسرے ملک کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے لیے افغان سرزمین استعمال نہ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024