• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

مقامی سطح پر تیار کی گئی کین سینو ویکسین رواں ماہ کے آخر تک دستیاب ہوگی، اسد عمر

شائع May 8, 2021
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ پلانٹ گزشتہ ماہ اس مقصد کے لیے قائم کیا گیا تھا — فائل فوٹو / اے پی پی
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ پلانٹ گزشتہ ماہ اس مقصد کے لیے قائم کیا گیا تھا — فائل فوٹو / اے پی پی

وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ)میں تیار کی گئی کین سینو ویکسین کی پہلی کھیپ مئی کے آخر تک دستیاب ہوگی۔

اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ رمضان کے آخری ایام اور عید سادگی اور احتیاط سے گزاریں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا کہ 'کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے پلانٹ میں بڑی مقدار میں کین سینو ویکسین کی پہلی کھیپ تیار کی جارہی ہے، یہ پلانٹ گزشتہ ماہ اس مقصد کے لیے قائم کیا گیا تھا اور خصوصی تربیت یافتہ ٹیم اس وقت منصوبے پر کام کر رہی ہے'۔

انہوں نے کہا کہ سخت کوالٹی کنٹرول چیک کے بعد نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ پلانٹ میں تیار کی گئی کین سینو ویکسین رواں ماہ کے آخر تک استعمال کے لیے دستیاب ہوگی۔

اپنے ایک اور ٹوئٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ بروقت فیصلوں کی وجہ سے ملک میں وہ حالات پیدا نہیں ہوئے جو پڑوسی ملک میں ہیں۔

تاہم انہوں نے کہا کہ قوم کو یہ اہم وقت احتیاط سے گزارنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 2 ہفتوں سے کم عرصے میں فعال کیسز کی تعداد 7 فیصد کم ہوگئی

حکام صحت خبردار کر چکے ہیں اگلے چند روز اہم ہیں اور وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے عوام کو معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) پر عملدرآمد کی ضرورت ہے۔

قبل ازیں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے عیدالفطر قریب آتے ہی عوام کو تنبیہ کی تھی کہ آگے بہت خطرناک وقت آرہا ہے۔

انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ وائرس کے پھیلاؤ میں کچھ استحکام آیا ہے لیکن انہوں نے کہا تھا کہ عوام احتیاط کریں اور بیماری کو سنجیدہ لیں۔

ویبنار سے خطاب میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے مائیکروبائیولوجٹس اور سائنسدانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کو کورونا وائرس کے خطرات سے خبردار کریں اور انہیں ایس او پیز پر عملدرآمد کی ترغیب دیں۔


یہ خبر 8 مئی 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024